ممبئی میں نشہ آور ادویات کی غیرقانونی فروخت روکنے کیلئے تمام دواخانوں پر سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے،خلاف ورزی کرنے والوں پر حفاظتی قانون کی دفعہ ۱۵۲؍ کے تحت قانونی کارروائی کا انتباہ۔
EPAPER
Updated: August 02, 2025, 10:12 PM IST | Mumbai
ممبئی میں نشہ آور ادویات کی غیرقانونی فروخت روکنے کیلئے تمام دواخانوں پر سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے،خلاف ورزی کرنے والوں پر حفاظتی قانون کی دفعہ ۱۵۲؍ کے تحت قانونی کارروائی کا انتباہ۔
ممبئی پولیس کی اینٹی-نارکوٹکس سیل نے ایک فیصلہ کن اقدام کے تحت شہر بھر میں تمام میڈیکل اسٹورز، فارمیسی اور دواخانوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے داخلی/خارجی دروازوں اور سیلز کاؤنٹرز پر سی سی ٹی وی کیمرے لازمی نصب کریں۔ ڈی سی پی نوناتھ ڈھوالے( نارکوٹکس سیل )کے ذریعے جاری ہدایت کے مطابق دکان مالکان کو تعمیل کرنے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔ نافذ کرنے میں ناکامی پر بھارتیہ ناگریک سورکشا سنہتا،۲۰۲۳ء کی دفعہ ۱۵۲؍ کے تحت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔یہ احکامات نئی دہلی کے ’’نارکوٹکس کنٹرول بیورو‘‘(NCB) اور ’’قومی کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفال‘‘ (NCPCR) کے مشترکہ ایکشن پلان کا حصہ ہیں۔ اس کا مقصد شیڈول ایچ ۱؍ ایکس اورایچ زمرے کی ادویات کی فروخت پر نظر رکھنا ہے، جو ڈرگز اینڈ کوسمیٹکس ایکٹ کے تحت کنٹرول ہونے کے باوجود اکثر بغیر درست نسخے کے فروخت کر دی جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی میں آپلا دواخانہ سروس کا دوبارہ آغاز
ایک عہدیدار نے وضاحت کی کہ شیڈول ایچ میں صرف نسخے پر ملنے والی عام ادویات جیسے سیپروفلوکساسین (اینٹی بایوٹک)، ہیلوپیریڈول (اینٹی سائیکاٹک) اور سیلبٹامول (دمہ کا انہیلر) شامل ہیں۔ شیڈول ایچ ۱؍ میں زیادہ نشہ آور صلاحیت رکھنے والی ادویات جیسے کوڈین والی کھانسی کا سیرپ، ٹرامادول (درد کش دوا) اور ایلپرازولم (بے چینی کی دوا) شامل ہیں۔شیڈولایکس میں انتہائی کنٹرول شدہ منشیات اور سائیکوٹروپک مادے جیسے میتھاڈون، ایمفیٹامائن اور سیکوباربیٹل (عام طور پر بے ہوشی یا نفسیاتی علاج میں استعمال ہونے والی ادویات) شامل ہیں۔ انہیں خصوصی لائسنس اور محفوظ اسٹوریج کی ضرورت ہوتی ہے۔نارکوٹکس سیل کے سربراہ ڈی سی پی ڈھوالے کا کہنا تھاکہ ’’یہ ادویات قانونی طور پر نسخے کی محتاج ہیں، لیکن اکثر بغیر تصدیق کے فروخت کر دی جاتی ہیں۔ یہ حکم صرف احتیاطی نہیں بلکہ ذمہ داری کا متقاضی ہے۔ لازمی سی سی ٹی وی نگرانی غیرقانونی فروخت کو روکنے اور مقدمہ چلانے کیلئے کلیدی ثبوت مہیا کرے گی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: دھاراوی کے ۳؍ لاکھ کرایہ داروں کو ملنڈ منتقل کرنے پر بھوک ہڑتال
ایک اور عہدیدار نے نشاندہی کی کہ ان مادوں کی بڑی مقدار خاص طور پر دھاراوی، شیواجی نگر (گوونڈی)، ماہم، باندرا اور مالوانی جیسے علاقوں میں پائی گئی ہے۔ہدایات کے مطابق کیمرے اسٹریٹجک پوزیشن پر نصب ہوں جن سے چہرے واضح نظر آئیں، جبکہ کم از کم ریزولوشن۲؍ میگا پکسل ہونا ضروری ہے۔ فوٹیج کم از کم۳۰؍ دن* تک محفوظ رکھی جائے۔نارکوٹکس سیل کی نگرانی میں تمام مقامی تھانوں کو نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ،ضلعی ڈرگ کنٹرولر اتھارٹی، اور چائلڈ ویلفئیر پولیس افسران بھی بلا اطلاعجانچ کر سکیں گے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے سکیں گے۔
واضح رہے کہ یہ قدم حالیہ کارروائیوں کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے، جس میں گزشتہ مہینے نارکو ٹکس سیل نے اندھیری میں ٹراماڈول اسمگلنگ کا گروہ پکڑا،۳؍ افراد گرفتار ہوئے اور۱۱۱۴۴۰؍ گولیاں (قیمت: تقریباً۲؍ کروڑ روپے) برآمد ہوئیں۔میفیڈرون اسمگلنگ کے خلاف کارروائی میں میسور سے۱۸۷؍ کلو (قیمت: ۳۸۲؍ کروڑ روپے) اور پوائی سے مزید۲۲؍ کلو (قیمت۴۴؍ کروڑ روپے) برآمد کیا، جس کی کل مالیت۴۳۶؍ کروڑ روپے بنتی ہے۔ علیحدہ معاملے میں رائے گڑھ سے کیٹا مائن (قیمت۸۹؍ کروڑ روپے) برآمد ہوئی ۔ گزشتہ ۶؍ ماہ میں پولیس نے ۴۹؍ مقدمات درج کیے۔ اور ۷۰۰؍ لیٹر کوڈین والی کھانسی سیرپ اور۳۴۵؍ا سٹرپس نسخے کی گولیاں برآمد ہوئیں۔ بین الاقوامی بازار میں ان کی مالیت ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد ہے۔سرکاری رجسٹر کے مطابق ممبئی میں ۷۰۰۰؍ (سات ہزار) سے زیادہ رجسٹرڈ کیمسٹ دکانیں موجود ہیں۔