سیب لے کر ناگپور جا رہے نوجوانوںکو یہ کہہ کر پیٹا گیا کہ ان کی گاڑی میں بڑے کا گوشت ہے، معاملہ درج۔
EPAPER
Updated: April 26, 2026, 10:57 AM IST | Z. A. Khan | Mumbai
سیب لے کر ناگپور جا رہے نوجوانوںکو یہ کہہ کر پیٹا گیا کہ ان کی گاڑی میں بڑے کا گوشت ہے، معاملہ درج۔
ناندیڑ ضلع کے حدگاؤں علاقے میں ممبرا سے تعلق رکھنے والے نداف قریشی نامی ایک مسلم نوجوان پر مبینہ طور گئوکشکوں نے قاتلانہ حملہ کیا جسکے بعد علاقے میں تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے۔ اطلاع کے مطابق محمد نداف نیاز قریشی اپنے ساتھی ایلون پائس کے ساتھ کیرالہ کے پٹامبی علاقےسے سیب لے کر ناگپور کی طرف جا رہے تھے۔حدگاؤں کے قریب ایک پٹرول پمپ کے سامنے اچانک موٹر سائیکلوں پر سوار تقریباً ۸؍ گئوکشکوں نے ان کی گاڑی کو روک لیا اوران کی گاڑی میں بیف ہونے کا الزام لگا کر دھار دار ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔ اس حملے میں نداف قریشی شدیدزخمی ہو گئے۔متاثرہ کنڈکٹر کے مطابق ایک داڑھی والے شخص نے پنچ فائٹر سے ان کے چہرے پر حملہ کیا جس سے ان کی ناک شدید زخمی ہو گئی۔ واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے زخمیوں کو فوری طور پر سرکاری اسپتال عمرکھیڑ منتقل کیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد انہیں ناندیڑ کے یشوشائی اسپتال میں داخل کروایا گیا، جہاں وہ اس وقت آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: دھولیہ کے مولوی گنج سے لاپتہ ۶؍ سالہ محمد عمر کی ۳؍ ماہ بعد بھی کوئی خبر نہیں
اس واقعے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی گئی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایم آئی ایم لیڈر سید معین نے ناندیڑ کے یشوشائی اسپتال پہنچ کر زخمی نوجوان کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمی کے علاج اور آپریشن کیلئے مالی مدد بھی فراہم کی ۔ انہوں نے ناندیڑ کے ضلع ایس پی ابیناش کمار سے ملزمین کے خلاف سخت اور سنگین دفعات کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ اس واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کروائی جائے گی اور انصاف فراہم کیا جائے گا۔سید معین نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد گئو رکشکوں کا ظلم دن بہ دن بڑھتا جارہاہے ۔ناندیڑ میںیہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے پہلے بھی اس طرح کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں ۔پولیس کی جانب سے ان کے خلاف جن سخت دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے کارروائی کی جانی چاہئے وہ نہیں ہوتی جسکی وجہ سے ان کے حوصلے اب اس قدر بڑھ گئے ہیں کہ کہیں بھی کسی بھی مقام پر یہ لوگ غنڈہ گردی پر اتر آئے ہیں اور گاڑیاں روک کر ڈرائیوروں کے نام پر پوچھ کر ان پر حملہ کررہے ہیں۔