روہت پوار کی جانب سے حکومت کو انتباہ، راہل گاندھی نے امتحان منسوخ کرنےکے فیصلے کو طلبہ کی جیت قرار دیا۔
EPAPER
Updated: August 27, 2026, 1:53 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai /Pune
روہت پوار کی جانب سے حکومت کو انتباہ، راہل گاندھی نے امتحان منسوخ کرنےکے فیصلے کو طلبہ کی جیت قرار دیا۔
ایم پی ایس سی پیپر لیک معاملے میں پولیس نے ۶؍ افراد کو گرفتار کیا ہے اور ڈرگ انسپکٹر بھرتی امتحان کو منسوخ کر دیا ہے۔ اس پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ٹویٹ کرکے اسے طلبہ کی جیت قرار دیا ہے جبکہ اس معاملے میں شکایت درج کروانے والے رکن اسمبلی روہت پوار نے ایم پی ایس سی چیئرمین کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ساتھ ہی ایسا نہ ہونے پر احتجاج کا انتباہ دیا ہے۔
راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا ’’ ایم پی ایس سی کے تحت ڈرگ انسپکٹر امتحان کے نتائج اور بھرتی کا عمل منسوخ ہو گیا۔ یہ حکومت کا احسان نہیں بلکہ طلبہ کی جیت ہے جو ڈرگ انسپکٹر امتحان کا پرچہ لیک ہونے کے بعد سے ڈٹے رہے۔‘‘ راہل نے کہا ’’ انہوں نے دبائو جھیلا، طعنے سنے، مہینوں انتظار کیا مگر آواز اٹھانا نہیں چھوڑا۔ آپ سب پر فخر ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے آگے لکھا’’ لیکن یاد رکھیں کہ امتحان منسوخ ہونا صرف جیت ہے انصاف نہیں ۔ یہ لڑائی اس وقت تک ادھوری ہے جب تک کہ پیپر لیک کرنے والوں کو سزا نہیں ہو جاتی۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: ۳۰؍دن کی پرول پر باہر آنیوالا قیدی ۴۰؍سال تک جیل واپس نہیں لوٹا!
راہل گاندھی نے کہا ’’ آگے اور لڑائیاں ہیں اور میں ہر ایک میں آپ کے ساتھ ہوں۔‘‘ دوسری طرف اس معاملے میں پولیس میں شکایت درج کروانے والے این سی پی ( شرد) کے رکن اسمبلی روہت پوار نے ایم پی ایس سی کے چیئرمیں اور سیکریٹری کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کا مطالبہ کیاہے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو یکم ستمبر سے احتجاج کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ روہت نے الزام لگایا کہ ایم پی ایس سی کے چیئرمین کے تعلقات بی جے پی لیڈروں سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ ایم پی ایس سی کے ۳؍ افسران پیپر لیک معاملے میںملوث تھے مگر یہ کیسے ممکن ہے کہ پرچہ لیک ہونے کے بعد چیئرمین اور سیکریٹری بے خبر رہے؟ وہ پونے میں ان طلبہ سے خطاب کر رہے تھے جو اس امتحان میں شریک ہوئے تھے۔