• Fri, 06 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپور: متنازع بیان پر دھریندرشاستری کیخلا ف فوجداری کا معاملہ درج

Updated: November 06, 2026, 4:20 PM IST | Ali Imran | Nagpur

شکایت گزار کا کہنا ہے کہ خودساختہ باگیشور بابا کے متنازع بیان سے ہندوسماج کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔

The complainant and others can be seen at the police station. Photo: INN
شکایت گزار اور دیگر پولیس اسٹیشن میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

متنازع بیان کے معاملے میں باگیشوردھام کے دھریندر شاستری کے خلاف ناگپور کے سیتا برڈی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ شکایت گزار کا کہنا ہے کہ ہندوؤںکے بھگوان شری کرشن سے متعلق باگیشور دھام کے سربراہ پنڈت دھیریندر کرشن شاستری قابل اعتراض اور دل آزار تبصرہ کیا ہے۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ دھریندر شاستری کے بیان سے شری کرشن کے کروڑوں عقیدتمندوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ شکایت کنندہ نے پولیس سے متعلقہ بیان کی مکمل ویڈیو حاصل کرکے اس کی جانچ کرنے اور قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: رائے گڑھ کے مانڈوا میں ایل ای ڈی کے ذریعے ماہی گیری پرسخت کارروائی

شکایت کے مطابق، مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپوری کے کیرا  میں ۲۹؍اکتوبر ۲۰۲۶ءکو منعقدہ ایک مذہبی تقریب کے دوران دِھریندر کرشن شاستری نے شری کرشن کے بارے میں مبینہ طور پر قابلِ اعتراض تبصرے کیے تھے۔ الزام ہے کہ شاستری نے رام اور کرشن کا تقابل کیا اور کہا کہ ’’ہمارے رام سیدھے ہیں اور تمہارے کرشن ٹیڑھے ہیں۔‘‘ اس کے علاوہ کرشن کی جسمانی وضع قطع، انداز، بانسری بجانے اور ان کی دیویوںکے حوالے سے بھی دل آزار تبصرے کیے گئے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ ان بیانات کی ویڈیوز مختلف نیوز چینلز پر نشر ہونے کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی ہیں۔حاصل کردہ اطلاعات کے مطابق یہ شکایت ایڈوکیٹ اکشے سُبھاش سمرتھ نے درج کرائی ہے، جو راجیو گاندھی پنچایتی راج سنگٹھن کے قومی جنرل سیکریٹری اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے عہدیدار ہیں۔ انہوں نے شکایت میں کہا ہے کہ مذکورہ بیانات سے نہ صرف ان کے بلکہ شری کرشن پر عقیدت رکھنے والے کروڑوں لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ ان کے مطابق، مذہبی عقیدے اور آستھا کی علامت شری کرشن کے بارے میں اس طرح کے تبصرے قابلِ اعتراض ہیں۔ انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اس کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔ شکایت میں بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس)، ۲۰۲۳ کی دفعات ۲۹۹ اور ۳۰۲ کے تحت ضروری قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس سے کیرا میں منعقدہ تقریب کی مکمل ویڈیو ریکارڈنگ حاصل کرکے اس کی باریک بینی سے جانچ کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ ایڈوکیٹ سمرتھ نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK