• Fri, 09 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نانا پاٹیکرکا آبائی وطن مروڈجنجیرہ میں ذاتی مکان بنوانے کا خواب ادھورا رہ گیا

Updated: October 09, 2026, 12:22 PM IST | Siraj Sheikh | Murud-Janjira

نامور اداکار نانا پاٹیکر ۸؍اکتوبر ۲۰۲۶ءکو ۷۵ برس کی عمر میں گوا میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔  ان کی  موت کی خبر ملنے کے بعد ان کے آبائی علاقے مروڈ جنجیرہ میں بھی سوگ اور اداسی کا ماحول ہے اور مداح ان کی گہری خدمات کو یاد کر رہے ہیں۔

Right: The rented house in Murud-Janjira where Nana Patekar used to live. Photo: INN
دائیں :مروڑ جنجیرہ میں واقع وہ کرایہ کا مکان جہاں نانا پاٹیکر رہا کرتے تھے۔ تصویر: آئی این این

نامور اداکار نانا پاٹیکر ۸؍اکتوبر ۲۰۲۶ءکو ۷۵ برس کی عمر میں گوا میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔  ان کی  موت کی خبر ملنے کے بعد ان کے آبائی علاقے مروڈ جنجیرہ میں بھی سوگ اور اداسی کا ماحول ہے اور مداح ان کی گہری خدمات کو یاد کر رہے ہیں۔

نانا نے کبھی آبائی قصبے سے ناطہ نہیں توڑا

اس ضمن میں مروڈ جنجیرہ میں رہائش پزیر ان کے پھوپی زاد بھائی بابو سروے نے نمائندہ انقلاب سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ہمیں اچانک ان کے انتقال کی خبر سے بہت بڑا صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نانا پاٹیکر ہندوستانی سنیما کے ایک نہایت باصلاحیت اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی سماجی خدمات اور منفرد شخصیت کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں۔وہ ایک ملنسار مخلص اور مددگار انسان تھے۔ خاص طور پر غریب کسانوں کی مدد کے لیے قائم کردہ ان کی’’نام فاؤنڈیشن‘‘کو عوامی سطح پر بہت سراہا گیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اعلیٰ تعلیم اور فلموں میں نام کمانے کے لیے ممبئی منتقل ہونے کے باوجود نانا نے اپنے آبائی قصبہ سے ناطہ کبھی نہیں توڑا۔ وہ اکثر یہاں آیا کرتے تھے اور اپنے پرانے دوستوں اور مقامی لوگوں سے بڑی محبت سے ملتے تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے:کارنجہ: ثاقب شیخ اورشیام ساوئی کی حاضردماغی اور مستعدی سے بڑا حادثہ ٹل گیا

مروڈ کے مقامی فنکاروں اور آرٹ سے محبت کرنے والوں کے لیے انہوں نے یہاں’’کلا ساگر‘‘ نامی ایک ڈراما اسٹیج تنظیم قائم کی تھی اور اس کی افتتاحی تقریب میں خود شریک ہوئے تھے۔ نانا پاٹیکر ،جن کا اصل نام وشوناتھ پاٹیکر ہے، یکمجنوری۱۹۵۱ء کو مروڈ جنجیرہ میں پیدا ہوئے تھےاور ان کے بچپن کا ایک بڑا حصہ اسی ساحلی قصبے میں گزرا۔انہوں نے اپنی چوتھی سے ساتویں جماعت تک کی پڑھائی مروڈ نگر پالیکا کی اسکول سے حاصل کی تھی۔ اسکول کے ثقافتی پروگراموں اور ڈراموں میں وہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے، جہاں سے ان کے اندر اداکاری کا شوق پیدا ہوا۔

نانا پاٹیکر کا مروڈ جنجیرہ کا وہ خواب ادھورا رہ گیا

انہوں نے ایک بار مروڈ میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام منعقدہ سیاحتی میلے میں بھی شرکت کی تھی۔ مروڈ سے اپنی قربت کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ یہاں ایک چھوٹا سا مکان بنانا چاہتے تھے۔ اس کے لیے انہوں نے کوششیں بھی شروع کر دی تھیں۔ ساحل سمندر کے قریب ایک پلاٹ بھی خریدا تھا۔ تاہم بعض وجوہات کی بنا پر مروڈ میں گھر بنانے کی ان کی خواہش ادھوری رہ گئی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK