• Fri, 09 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

عام آدمی کی بے چینی کو نانا نے پردے اور اسٹیج پر پیش کیا: راج

Updated: October 09, 2026, 12:43 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

 ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے نے ایکس پر طویل اور جذباتی تحریر کے ذریعے نانا پاٹیکر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ’’سینئر اداکار نانا پاٹیکر کا انتقال ہو گیا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

 ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے نے ایکس پر طویل اور جذباتی تحریر کے ذریعے نانا پاٹیکر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ’’سینئر اداکار نانا پاٹیکر کا انتقال ہو گیا۔ ہندی فلمی دنیا اور ممبئی یہ دونوں ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھنے والے نام ہیں۔ ممبئی کا ذکر ہو تو یہاں کی اسٹیج کی دنیا، یہاں کی فلمی صنعت، یہاں کی جھونپڑپٹیوں اور چالوں سے نکل کر روز اس شہر میں اپنے وجود کی تلاش کرنے والا متوسط اور نچلا طبقہ، پھر اسی شہر اور آہستہ آہستہ پورے ملک میں بکھرتا اور تباہ ہوتا مزدور طبقہ، اس سے پیدا ہونے والی سماجی مایوسی کے نتیجے میں ابھرنے والی انڈرورلڈ کی دنیا، سماجی ہم آہنگی کے بتدریج بکھرنے کا دور، اور پھر لبرلائزیشن کے بعد اسی متوسط طبقے کی بڑھتی ہوئی خواہشات،یہ سب سامنے آتا ہے۔ اور ان سب کے گرد گھومتی ہوئی سیاست بھی۔ ان میں سے ہر دور میں نانا پاٹیکر کبھی تھیٹر کے ذریعے اور کبھی فلموں کے ذریعے ہمارے سامنے آتے رہے۔’حمیدہ بائی کی کوٹھی‘ سے لے کر ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘، ’اب تک چھپن‘ اور پھر ’نٹ سمراٹ‘ تک، ہر جگہ نانا پاٹیکر نظر آتے رہے۔ ان ادوار میں پیدا بے چینی کو اپنے سینے میں لیے زندگی گزارنے والے عام آدمی کو نانا پاٹیکر کبھی پردۂ سیمیں پر اور کبھی رنگ منچ پر پیش کرتے رہے۔نانا کی اداکاری دیکھتے ہوئے مجھے ہمیشہ ہالی ووڈ کے مورگن فری مین کی یاد آتی تھی۔ شکل و صورت ہو یا شخصیت، دونوں اپنے اپنے دور کے بالی ووڈ یا ہالی ووڈ کے روایتی اداکاروں کے سانچے میں فٹ نہیں بیٹھتے۔ مورگن فری مین کو دیکھ کر کئی مرتبہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس شخص نے وقت کے ساتھ ساتھ دانائی، صبر اور حالات کو ’جیسا ہے ویسا ہی ہے‘ قبول کرنے کا ہنر اپنے اندر جذب کر لیا ہے۔ جبکہ نانا کی اداکاری میں مجھے غصہ، بے قراری اور بہت گہری سطح پر جمع مایوسی محسوس ہوتی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:نانا پاٹیکر کی موت پر مہاراشٹر کے سیاسی، سماجی، فلمی حلقے رنجیدہ ، مغموم و جذباتی خراج پیش

ایک طرف مورگن فری مین، جسے دیکھ کر لگتا ہے کہ اس شخص نے بہت کچھ دیکھا ہے، اور دوسری طرف نانا، جنہیں دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ اس شخص نے بہت کچھ جھیلا ہے اور اب بس بہت ہو گیا۔ انسان کی شخصیت کے دو انتہائی مختلف سرے ہو سکتے ہیں۔ نانا ان میں سے دوسرے سرے کو پوری شدت اور جذبے کے ساتھ پردے پر پیش کر سکتے تھے، اور یہی وجہ تھی کہ وہ ایک عظیم اداکار تھے۔
۲۰۰۰ء کی دہائی میں اس دور کا آغاز ہوا جب گورے، خوب صورت، تراشیدہ اور ہموار چہروں والے روایتی ہیروز کے بجائے کہانی فلم کا مرکزی عنصر بننے لگی۔ ایسی کہانی سنانے والے اداکار اور ناظرین کو اپنی طرف کھینچ لینے والے فنکاروں کا دور شروع ہوا۔ اور اس عہد کے پہلے ہیروز میں نانا پاٹیکر سو فیصد شامل تھے۔آج کیریکٹر آرٹسٹوں کی جو مقبولیت نظر آتی ہے، اس کی راہ نانا نے ہموار کی تھی۔ لیکن اتنا سب کچھ ہونے کے باوجود نانا کا مزاج بے حد من موجی تھا۔ جو دل میں آتا، کہہ دیتے تھے۔ وہ صاف گو اور بے باک تھے۔ اسی وجہ سے اگرچہ پروڈیوسر اور ہدایت کار نانا کو اپنی فلم میں لینا چاہتے بھی تھے، لیکن کئی مرتبہ ان سے گریز بھی کرتے تھے۔ اس سے نانا کا نقصان ہوا یا نہیں؟ معلوم نہیں۔ وہ بے فکر انسان تھے۔ لیکن سو فیصد یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ اس سے ہندی فلمی صنعت اور ناظرین کا نقصان ہوا۔ نوازالدین صدیقی یا عرفان خان( جو آج ہمارے درمیان نہیں ہیں)، دونوں بہترین اداکار ۔ لیکن کبھی کبھی ذہن میں یہ سوال ضرور اٹھتا ہے کہ اگر نانا نے کچھ چیزوں کے ساتھ سمجھوتہ کیا ہوتا تو کیا شاید ان جیسے اور کئی اداکاروں کو بھی وہ مواقع مل سکتے تھے جو انہیں بعد میں ملے؟ نانا نے صرف جارحانہ یا سنجیدہ اداکاری ہی نہیں کی، بلکہ ’ویلکم‘ جیسی فلم میں مزاحیہ کردار کو بھی اتنی ہی قوت کے ساتھ نبھا کر دنیا کو دکھا دیا کہ وہ کامیڈی بھی اتنی ہی مہارت سے کر سکتے ہیں۔ نانا چلے گئے، لیکن نانا نے پردے پر جس عام انسان کو زندہ کیا تھا، وہ آج بھی ہمارے آس پاس موجود ہے۔ اس کا غصہ ہے، اس کی بے چینی ہے، اس کی توہین کا احساس ہے، اس کی جدوجہد ہے اور حالات سے دو دو ہاتھ کرنے کی کبھی کبھار بھڑک اٹھنے والی طاقت بھی ہے۔ شاید اسی لیے نانا کو الوداع کہتے ہوئے ہم صرف ایک عظیم اداکار کو رخصت نہیں کر رہے، بلکہ آج ہمارے درمیان سے معاشرے کے عام انسان کے دل میں برسوں سے جمع ہوتی چلی آنے والی بے شمار جذبات کا ایک چہرہ بھی رخصت ہو گیا ہے۔ ایم این ایس کی جانب سے نانا پاٹیکر کو پُرنم خراجِ عقیدت۔راج ٹھاکرے‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK