• Fri, 09 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نانا پاٹیکر کی موت پر مہاراشٹر کے سیاسی، سماجی، فلمی حلقے رنجیدہ ، مغموم و جذباتی خراج پیش

Updated: October 09, 2026, 12:30 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

سینئر اداکار نانا پاٹیکر کے انتقال کی خبر عام ہوتے ہی مہاراشٹر بھر میں رنج و غم کی لہردوڑ گئی ہے۔ ریاست  کے سیاسی، سماجی اور فلموں حلقے بھی رنجیدہ ہیں۔ میڈیا اور سوشل میڈیاکے ذریعے تعزیتی پیغامات اور خراج عقیدت کا سلسلہ دراز ہے۔ آئیے جانتے ہیں کس نے کیا کہا؟

Nana Patekar, Mohan Agashe, Jabbar Patel, and Sharad Pawar can be seen on the stage at a program. Photo: INN
ایک پروگرام کے اسٹیج پر نانا پاٹیکر، موہن اگاشے، جبار پٹیل اور شرد پواردیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

سینئر اداکار نانا پاٹیکر کے انتقال کی خبر عام ہوتے ہی مہاراشٹر بھر میں رنج و غم کی لہردوڑ گئی ہے۔ ریاست  کے سیاسی، سماجی اور فلموں حلقے بھی رنجیدہ ہیں۔ میڈیا اور سوشل میڈیاکے ذریعے تعزیتی پیغامات اور خراج عقیدت کا سلسلہ دراز ہے۔ آئیے جانتے ہیں کس نے کیا کہا؟

~ نانا پاٹیکر اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے۔ وہ ایسے شہری تھے جو مختلف شعبوں میں اپنا تعاون پیش کرتے رہے۔ جہاں کہیں بھی کوئی بحران ہوتا، وہ لوگوں کی مدد کے لیے پہنچ جاتے تھے۔ مجھے یاد ہے کہ تقریباً پانچ سال پہلے مہاراشٹر میں خشک سالی پڑی تھی۔ اس وقت نانا پاٹیکر اور مکرند انسپورے نے کسانوں کی مدد کے لیے ’نام فاؤنڈیشن‘ کے نام سے ادارہ قائم کیا تھا۔ انہوں نے ان لوگوں کی مدد کی جو مشکل حالات سے گزر رہے تھے۔ہم ایک دوسرے کو کئی برسوں سے جانتے ہیں۔‘‘-این سی پی کے بانی شردپوار

~ نانا پاٹیکر ہمارے درمیان نہیں رہے، اس بات پر یقین نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے مراٹھی تھیٹر، مراٹھی سنیما اور ہندی فلموں کے پردے پر اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔ ہندی فلمی دنیا میں نانا مراٹھی شناخت اور خودداری کی علامت تھے۔ مراٹھی ہونے کے ناتے نانا نے فلمی دنیا میں اپنی ایک الگ دھاک اور پہچان بنائی تھی۔انکا دنیا سے رخصت ہونامہاراشٹرکیلئےانتہائی افسوسناک اور صدمہ پہنچانے والا ہے۔ ٹھاکرے خاندان نے ایک عزیز اور پیار کرنے والے شخص کو کھو دیا ہے۔‘‘ -ادھو ٹھاکرے 

یہ بھی پڑھئے: نانا پاٹیکرکا آبائی وطن مروڈجنجیرہ میں ذاتی مکان بنوانے کا خواب ادھورا رہ گیا

~ نانا پاٹیکر عجیب و غریب شخصیت کے مالک تھے۔ وہ اوپر سے چاہے کتنے ہی سخت اور کھردرے نظر آتے ہوں، لیکن ان کے اندر ایک حساس اور نرم دل انسان ہمیشہ موجود تھا، جو ہر موقع پر سماج کے سامنے اپنی انسانیت کا احساس دلاتا تھا۔وہ ایک اداکار کی حیثیت سے تو بڑے تھے ہی، لیکن بحیثیت انسان بھی بہت بلند مقام رکھتے تھے۔ تھیٹر، ادب اور شاعری ہر شعبے میں ان کی دلچسپی اور موجودگی نمایاں تھی۔ -سنجے راؤت

~نانا پاٹیکر جیسا انسان دوبارہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے بہت بڑا کام کیا ہے۔ سماج اور ملک کیلئے  نانا پاٹیکر ایک مینارۂ نور کی طرح  تھے۔ انہوں نے ہر شعبے میں بہت بڑا کام کیا۔ ریاست میں خشک سالی اور پانی کے ایک بنیادی مسئلے کو بھی بھرپور طریقے سے اٹھایا اور کسانوں کے حق میں کام کیا۔ ‘‘-معروف سماجی کارکن اناہزارے 

~ نانا پاٹیکر اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔ میں نے صرف ایک غیر معمولی فنکار ہی نہیں، بلکہ ایک بے مثال انسان اور اپنا ایک عزیز دوست کھو دیا ہے، ایسا شخص جس کی محبت، گرمجوشی اور شفقت نے اپنے آس پاس موجود ہر شخص کے دل کو چھوا۔ہماری آٹھ دن پہلے ہی بات ہوئی تھی۔ میں کبھی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ وہ ہماری آخری گفتگو ہوگی۔ ان کے آخری الفاظ میرے لئے تھے: ’’بیٹا !تم سے محبت ہے‘‘ یہ الفاظ زندگی بھر میرے ساتھ رہیں گے۔ کچھ لوگ اپنے پیچھے صرف یادیں چھوڑ جاتے ہیں، لیکن کچھ لوگ ہماری زندگیوں میں اپنا ایک حصہ چھوڑ جاتے ہیں۔ نانا بھی انہی لوگوں میں سے ایک تھے۔‘‘- ایف ڈی اے کمشنر اور آئی اےایس افسر تکاررام منڈے

~آپ اداکاری کا وہ آسمان تھے، جس کی کوئی حد اور کوئی مثال نہیں تھی۔ کبھی پردۂ سیمیں کے درخشاں ہیرو، کبھی رونگٹے کھڑے کر دینے والے ویلن، تو کبھی سنجیدہ چہرے کے پیچھے چھپی شرارتی مسکراہٹ اور مزاح،آپ کی اداکاری میں ہر رنگ نکھر کر سامنے آیا۔ پردے پر آپ ہیرو تھے، لیکن پردے کے پیچھے اس سے بھی کہیں بڑے انسان تھے۔ آپ کے ادارے سے انسانیت کی ایک مسلسل اور بے لوث دھارا بہتی رہی۔ فلم ’بلَف ماسٹر‘ اور’ہاؤس فل۵‘ میں آپ کے ساتھ کام کرنا میری خوش نصیبی تھی۔ آپ کی باتیں، آپ کے ساتھ ہونے والی گفتگو، پیٹھ پر شاباشی کی وہ تھپکی،اور آپ کے ساتھ لگایا ہوا وہ قہقہہ یہی میری زندگی کی سب سے قیمتی کمائی ہے۔ آپ کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور لاکھوں مداحوں سےمیری دلی تعزیت اور ہمدردی۔ واقعی، آج ایک عہد کا اختتام ہو گیا ہے۔‘‘ -اداکاررتیش دیشمکھ

یہ بھی پڑھئے: عام آدمی کی بے چینی کو نانا نے پردے اور اسٹیج پر پیش کیا: راج

~یہ سب سے بری خبر ہے۔ میں یقین نہیں کر پا رہا ہوں۔ وہ میرے انتہائی قریبی دوست تھے۔ میری اور ان کی شروعات ایک ساتھ ہوئی تھی۔ ہم نے ایک ساتھ ایک ڈراما بھی کیا تھا۔ اس ڈرامے کے بعد انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ کافی عرصے سے ان سے ملاقات بھی نہیں ہوئی تھی۔ لیکن ہم بہت اچھے دوست تھے۔ ان کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے۔ مجھے اب بھی یقین نہیں ہو رہا۔انہوں نے کبھی اپنی حیثیت یا مرتبے کا اظہار نہیں کیا۔میں نے بھائی سے بڑھ کر دوست کھویا ہے۔ بظاہر غصہ ور نانا اندر سے انتہائی نرم دل اور حساس انسان تھے۔‘‘-سینئر مراٹھی اداکار اشوک صراف 

~ تین دن پہلے میں نے نانا کو فون کیا تھا۔ ایک دوست کے ذریعے ان سے درخواست کی تھی کہ آپ کو طلبہ کی تحریک کی حمایت کے لیے آنا ہوگا۔ اس پر نانا نے کہا تھا، ’’روہت !تمہیں یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ تمام طلبہ اپنے ہی ہیں۔‘‘-این سی پی شردپوار کے لیڈراور رکن اسمبلی روہت پوار

فاروق عبداللہ نے نانا پاٹیکر کو ’بہت اچھا دوست ‘ قراردیا 

نیشنل کانفرنس کے صدر اور جموںکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے جمعرات کو معروف اداکار نانا پاٹیکر کو اپنا ’بہت اچھا دوست ‘ اور ’بہت اچھا انسان ‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کیلئے وقف کردی تھی۔۷۵؍سالہ نانا پاٹیکر جمعرات کی صبح گوا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔فاروق عبداللہ نے صحافیوں سے کہاکہ وہ میرے بہت اچھے دوست تھے اور سب سے بڑھ کر ایک بہت اچھے انسان تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کی ۔ انہوں نے کہاکہ وہ قبائلی دیہات میں پسماندہ لوگوں کے درمیان رہتے تھے اور ضرورت مند افراد کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کرتے تھے۔اداکار کے ساتھ اپنی وابستگی کو یاد کرتے ہوئےفاروق عبداللہ نے کہا کہ نانا پاٹیکر کئی مرتبہ جموں کشمیر آئے تھے۔انہوں نے کہاکہ وہ بار بار یہاں آتے تھے اور مجھ سے ملاقات کرتے تھے۔ ایک مرتبہ وہ میری ایک شادی میں بھی آئے تھے، جہاں مجھے ان کے ساتھ رقص کرنے کا موقع ملا۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اداکار میں نرم دلی کی ایک نایاب خوبی تھی اور انہوں نے کبھی مذہبی معاملات کو لوگوں کی مدد کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK