Updated: April 11, 2026, 7:06 PM IST
| Mumbai
نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر افتتاح کے بعد سامنے آنے والے موبائل نیٹ ورک مسائل اب حل ہو گئے ہیں۔ مسافروں کے مطابق اب ایئرٹیل، ووڈافون آئیڈیا اور بی ایس این ایل کی سروسیز بغیر کسی رکاوٹ کے کام کر رہی ہیں۔ ابتدائی دنوں میں سگنل نہ ہونے کی شکایات کے بعد حکام اور ٹیلی کام کمپنیوں کی مداخلت سے صورتحال بہتر ہوئی ہے، جبکہ جیو کے ساتھ معاہدہ بھی جلد متوقع ہے۔
نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ۔ تصویر: آئی این این
نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موبائل نیٹ ورک کنیکٹیویٹی سے متعلق ابتدائی مسائل بظاہر حل ہو گئے ہیں، اور مسافروں نے تازہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ یہ ایئرپورٹ ۲۵؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو آپریشنل ہوا تھا، جس کے فوراً بعد متعدد مسافروں نے شکایت کی تھی کہ انہیں ایئرپورٹ کے اندر موبائل سگنل دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے کال کرنا، پیغام بھیجنا یا ٹیکسی سروسیز استعمال کرنا ممکن نہیں تھا۔ بعد ازاں سیلولر آپریٹرس اسوسی ایشن آف انڈیا نے اس مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے وزارتِ ٹیلی کمیونیکیشن کو خط لکھا، جس میں ایئرپورٹ انتظامیہ اور ٹیلی کام کمپنیوں کے درمیان انفراسٹرکچر کے استعمال سے متعلق معاملات کی نشاندہی کی گئی۔
غریب طالبات کی ٹیوشن فیس معاف کرنے میں کالسیکر کالج کا ٹال مٹول کا رویہ
حالیہ جائزے کے دوران دیکھا گیا کہ اب ایئرٹیل، بی ایس این ایل، ووڈافون آئیڈیا کی سروسیز ایئرپورٹ کے مختلف حصوں میں مکمل طور پر فعال ہیں، اور صارفین کو مکمل سگنل دستیاب ہے۔ ایئرپورٹ کے داخلی مقامات پر نصب ڈیجیٹل بورڈز پر بھی بغیر رکاوٹ کنیکٹیویٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ایئرپورٹ کے ایک اہلکار نے اس حوالے سے کہا کہ ’’اب مسافر پورے ٹرمینل میں بغیر کسی رکاوٹ کے موبائل نیٹ ورک استعمال کر سکتے ہیں۔ ہم جیو کے ساتھ بھی معاہدہ حتمی مراحل میں ہیں، جس کے بعد کنیکٹیویٹی مزید مضبوط ہو جائے گی۔‘‘
مسافروں نے بھی اس بہتری پر مثبت ردعمل دیا ہے۔ ایک خاتون مسافر نے کہا کہ ’’مجھے خدشہ تھا کہ ایئرپورٹ سے باہر نکلنے کے بعد فون سگنل نہیں ملے گا اور میں اپنے گھر والوں سے رابطہ نہیں کر سکوں گی، لیکن خوشی کی بات ہے کہ نیٹ ورک بالکل ٹھیک کام کر رہا تھا۔‘‘ ایک اور مسافر نمت راجن نے کہا کہ ’’یہ میرا یہاں پہلا تجربہ ہے اور نیٹ ورک میں کوئی مسئلہ نہیں آیا۔ اگر پہلے مسائل تھے تو اب ان کا حل ہونا ایک اہم پیش رفت ہے۔‘‘
ایئرٹیل صارف گلین شیٹی نے کہا کہ ’’میں نے یہاں ایک گھنٹے میں کئی کالز کیں اور کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آئی۔ اب مسافروں کو نیٹ ورک کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ اکثر سفر کرنے والی سنیتا کرشنامورتی نے بتایا کہ ’’پہلے لینڈنگ کے بعد سب سے بڑا مسئلہ نیٹ ورک ہوتا تھا، لیکن اب میں فوراً اپنی کیب بک کر سکی، جس سے سفر آسان ہو گیا ہے۔‘‘ کاروباری مسافر سنیل فلوادیا نے کہا کہ ’’میں نے چند منٹوں میں اوبر بک کر لی اور ڈرائیور سے رابطہ بھی ہو گیا، جو کہ ایک بڑی بہتری ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: وڈالا اور ممبئی سینٹرل آر ٹی او کی ۱۰۰؍ سے زائد اسکول بسوں پر کارروائی
واضح رہے کہ نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو سالانہ تقریباً دو کروڑ مسافروں کو سنبھالنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، اور حکام کے مطابق جدید سہولیات کے ساتھ قابل اعتماد نیٹ ورک کنیکٹیویٹی اس کی اہم خصوصیات میں شامل ہے۔ موجودہ صورتحال سے ظاہر ہوتا ہے کہ ابتدائی تکنیکی مسائل کے بعد اب ایئرپورٹ پر موبائل نیٹ ورک کی سہولت مستحکم ہو چکی ہے، جس سے مسافروں کے سفر کے تجربے میں بہتری آئی ہے۔