منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر پولیس نے اینٹی نارکوٹکس ہیلپ لائن شروع کی۔
EPAPER
Updated: June 27, 2026, 1:30 PM IST | Navi Mumbai
منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر پولیس نے اینٹی نارکوٹکس ہیلپ لائن شروع کی۔
یہاں پولیس نے جمعہ کو ۵۶ء۶۹؍ کروڑ روپے مالیت کی منشیات کے ایک بڑے ذخیرہ کو تباہ کر دیا۔یہ اقدام منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف منائے جانے والے عالمی دن کے موقع پر کیا گیا۔میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے نوی ممبئی کے پولیس کمشنر ملند بھارمبے نے اپنی اہم پہل ’’نشا مکت نوی ممبئی ابھیان‘‘ (منشیات سے پاک نوی ممبئی مہم) کے ذریعے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے محکمے کے غیرمتزلزل عزم پر زور دیا۔پولیس نے بتایا کہ تباہ شدہ منشیات میں ممنوعہ اشیاء شامل ہیں جو کہ۲۶؍ مختلف مقدمات میں ضبط کی گئی تھیں۔
یہ بھی پڑھئے: میراروڈ: لوکل ٹرین قتل کیس کے ملزم کے اہل خانہ کو سوسائٹی سے نکالنے کا مطالبہ
تلوجہ میں حکومت سے تسلیم شدہ ممبئی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جگہ پر منشیات کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا۔اس موقع پر نوی ممبئی پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔پولیس کمشنر بھارمبے نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ قانون کا نفاذ سکہ کا صرف ایک رخ ہے کیونکہ تعلیم کے ذریعے روک تھام منشیات کی لعنت سے لڑنے میں اتنی ہی ضروری ہے۔گزشتہ دو دنوں کے دوران نوی ممبئی پولیس نے اسکولوں، کالجوں، رہائشی سوسائٹیوں اور چوراہوں پر منشیات سے متعلق آگاہی مہم کا آغاز کیا۔تقریباً ۲۵؍تعلیمی اداروں میں تعلیمی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا جس میں ۵؍ہزار سے زائد طلبہ تک پہنچ کر انہیں منشیات کے استعمال کے تباہ کن جسمانی، نفسیاتی اور سماجی اثرات سے آگاہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: آن لائن دھوکہ بازوں سے مریض بھی محفوظ نہیں
اس لڑائی میں شہریوں کی فعال شراکت داری کیلئے نوی ممبئی پولیس نے چوبیس گھنٹے انسداد منشیات ہیلپ لائن ۱۱۲-۱۱۲-۸۸۲۸؍شروع کی ہے۔ پولیس کمشنر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمیوں، منشیات کی اسمگلنگ یا پیڈلنگ کی اطلاع دینے کیلئے اس نمبر کا استعمال کریں۔ ہم ضمانت دیتے ہیں کہ اطلاع دینے والے کی شناخت کو سختی سے خفیہ رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آئندہ دنوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید جارحانہ، منظم اور سخت ہو جائے گا۔