نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے نے کہا کہ انہوں ۱۹؍ دنوں کے اندر ایک لاکھ مسافروں کی تعداد کو عبور کر لیا۔ ایئر پورٹ انتظامیہ اسے ایک کامیابی کے طور پر دیکھتی ہے کہ انہوں نے منظم طریقے تمام مسافروں کے سفر کو آسان بنایا۔
EPAPER
Updated: January 17, 2026, 8:02 PM IST | Navi Mumbai
نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے نے کہا کہ انہوں ۱۹؍ دنوں کے اندر ایک لاکھ مسافروں کی تعداد کو عبور کر لیا۔ ایئر پورٹ انتظامیہ اسے ایک کامیابی کے طور پر دیکھتی ہے کہ انہوں نے منظم طریقے تمام مسافروں کے سفر کو آسان بنایا۔
اڈانی گروپ کے زیر انتظام نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے نے جمعرات کو کہا کہ اس نے ایئر پورٹ سے کمرشیل فلائٹ آپریشن شروع ہونے کے ۱۹؍ دنوں کے اندر ایک لاکھ مسافروں کی تعداد کو عبور کر لیا ہے۔ نوی ممبئی انٹر نیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (این ایم آئی اے) نے کہا کہ ۲۵؍ دسمبر ۲۰۲۵ء سے لے کر ۱۲؍ جنوری ۲۰۲۶ء تک، ہوائی اڈے نے کل ایک لاکھ ۹۹۱۷؍ مسافروں کو سنبھالا، جن میں ۵۵؍ ہزار ۹۳۴؍ آنے والے اور ۵۳؍ ہزار ۹۸۳؍ روانہ ہونے والے مسافر شامل تھے۔ ۱۰؍ جنوری بطور مصروف ترین دن درج کیا گیا۔ اس دن ایئرپورٹ پر ۷؍ ہزار ۳۴۵؍ مسافروں کی آمدورفت ہوئی۔ مزید کہا کہ یہ کامیابی ثابت کرتی ہے کہ اس علاقے میں کس قدر مسافروں کی آمد و رفت ہے اور مستحکم سفری نظام کی ضرورت ہے۔ ۲۰؍ لاکھ مسافروں کی گنجائش رکھنے والے نوی ممبئی انٹر نیشنل ایئر پورٹ نے گزشتہ سال ۲۵؍ دسمبر سے کمرشیل مسافر پرواز خدمات کا آغاز کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ممبرا میں ۵؍ سیٹوں پر ایم آئی ایم کی فتح
ایئر پورٹ کے ناظم نے کہا کہ ۱۹؍ دنوں میں ایئر پورٹ نے ۷۴۳؍ ہوائی جہازوں کی آمد اور روانگی کا انتظام کیا، بشمول ۳۲؍ عام پروازیں۔ اس نے مزید کہا کہ اس مدت کے دوران کل ۴۰؍ ہزار ۲۶۰؍ پہنچنے والے بیگ اور ۳۸؍ ہزار ۷۷۴؍ لگیج کی دیکھ بھال اور ترسیل کا بھی نظم و ضبط رکھا گیا۔ این ایم اے آئی ایل نے کہا کہ ایئر پورٹ نے ۲۱ء۲۲؍ ٹن سامان کو باقاعدگی سے پہنچایا اور اتارا، جو شروع ہی سے مسافروں اور سامان کے ایئر پورٹ سے اچھے روابط کی نشاندہی کرتا ہے۔ مزید کہا کہ دہلی، گوا اور بنگلور سے زیادہ پروازیں آئی گئی ہیں۔ ایئر پورٹ کے ناظم نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ تمام چیزیں منظم طور پر جاری ہیں اور مزید بہتری لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی میونسپل کارپوریشن الیکشن میں کسی بھی پارٹی کو اکثریت نہیں ملی
یاد رہے کہ دو دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے نے جمعرات ۲۵؍ دسمبر کو باقاعدہ کمرشیل آپریشنز کا آغاز کیا تھا۔ افتتاحی دن ہوائی اڈے پر پہنچنے والی پہلی پرواز کو روایتی واٹر کینن سلیوٹ دے کر خوش آمدید کہا گیا تھا، جس نے اس لمحے کو یادگار بنا دیا تھا۔ نئے ہوائی اڈے پر پہلی لینڈنگ انڈیگو ایئرلائن کی بنگلورو سے آنے والی پرواز 6E460 نے صبح ۸؍بجے کی، جبکہ پہلی روانگی انڈیگو کی ہی حیدرآباد جانے والی پرواز 6E882 کے ذریعے صبح ۸؍بجکر۴۰؍ منٹ پر ہوئی تھی۔ اس طرح نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اپنے پہلے ہی دن آمد اور روانگی دونوں کے ساتھ مکمل آپریشنل سائیکل کامیابی سے مکمل کیا تھا۔