• Sun, 11 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگاؤں میونسپل الیکشن میں اقربا پروری، ایک ہی خاندان کے متعدد افراد کو ٹکٹ

Updated: January 11, 2026, 11:34 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

مالیگائوں کی ۸۴؍نشستوں پر مشتمل میونسپل کارپوریشن کیلئے ہونے جا رہے الیکشن میں اقربا پروری کی سیاست نکتہ عروج پر ہے۔

Nine close associates of Abdul Malik (right) have been given tickets. Photo: INN
عبدالمالک( دائیں ) کے ۹؍ قریبی افراد کو ٹکٹ ملا ہے۔ تصویر:آئی این این

مالیگائوں کی ۸۴؍نشستوں پر مشتمل میونسپل کارپوریشن کیلئے ہونے جا رہے الیکشن میں اقربا پروری کی سیاست نکتہ عروج پر ہے۔ سیاسی جماعتوں نے اپنے بیٹوں ، بیٹیوں ، بہووں اور قرابت داروں کو الیکشن میں نامزد کروایا اور ان کے حق میں ووٹ مانگ رہے ہیں۔ انتخابی منظرنامے سے واضح ہوتا ہے کہ میونسپل الیکشن مالیگاؤں کے تین بڑے سیاسی گھرانوں شیخ یونس عیسیٰ ، مفتی محمد اسماعیل ، آصف شیخ رشید کے مابین ہے۔ان کے درمیان سماج وادی پارٹی کی صدر شانِ ہند اور ان کے شوہر مستقیم ڈگنیٹی اپنے وجود کے تحفظ کیلئے ہاتھ پَیرماررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: بدلاپور جنسی زیادتی کے ملزم کوبی جے پی نےکونسلر بنا دیا

مجلس اتحاد المسلمین نے کل ۶۰؍امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ان میں سے ۹؍ کا تعلق ایک خانوادے سے ہے۔ ان کے نام ڈاکٹر خالد پرویز، عبدالمالک ، عبدالماجد ، شیخ محمد حنیف، قادری فضا جاوید، بشریٰ عبدالماجد، سعدیہ کوثر ہیں۔ان میں سے دو امیدوار دو وارڈ سے کھڑے ہیں۔ ڈاکٹر خالد، عبد المالک اور عبدالماجد سگے بھائی ہیں۔ان کے والد شیخ یونس عیسیٰ بلدیاتی سیاست کے استاد مانے جاتے ہیں۔حالیہ الیکشن میں یونس عیسیٰ نے امیدواری نہیں کی بلکہ اپنے تینوں بیٹوں کو میدان میں اُتار دیا ہے۔ بیٹوں کے علاوہ سب سے چھوٹی بہو بشریٰ اور منجھلی بیٹی سعدیہ کوثر بھی قسمت آزمارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: زمین کے بدلے نوکری معاملے میں لالوپرساد یادو سمیت ۴۱؍پرفرد جرم

سابق رُکن اسمبلی شیخ رشید مرحوم کے خاندان سے ۵؍امیدوار ہیں۔ ان کے نام طاہرہ شیخ رشید، خالد شیخ رشید، جلیل شیخ شفیع، عمران شیخ اور نسرین خالد شیخ ہیں۔طاہرہ شیخ میئر رہ چکی ہیں۔خالد شیخ ۵؍ سال رکن بلدیہ رہے۔شیخ جلیل، عمران شیخ اور نسرین خالد پہلی مرتبہ الیکشن میں مقابلہ کیلئے آئے ہیں۔ان امیدواروں نے انڈین سیکولر لارجسیٹ اسمبلی آف مہاراشٹر سے ٹکٹ حاصل کیا ہے۔ اس پورے الیکشن کی سربراہی سابق رکن اسمبلی شیخ آصف کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ظہران ممدانی کو اپنی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے: عمر خالد پر تبصرے پر ہندوستان کا ردعمل

کانگریس پارٹی کے موجودہ صدر و سابق صدر بلدیہ اعجاز عزیز بیگ چار مرتبہ بلدیہ کا الیکشن جیٖت چکے ہیں۔ ۵؍ ویں مرتبہ امیدواری کررہے ہیں۔ان کی اہلیہ یاسمین اعجاز بیگ اور چھوٹے بھائی ریاض بیگ بھی کانگریس سےپنجہ کےنشان پر رائے دہندگان کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔بیگ خانوادہ کی سیاسی سرگرمیوں کی قیادت اعجاز بیگ خود ہی کررہے ہیں۔علاوہ ازیں ۲۰؍ امیدوار جو کانگریس کے نامزد کردہ ہیں ان کیلئے بھی اعجاز بیگ اپنی سیاسی صلاحیتیں بروئے کار لارہے ہیں۔سماج وادی پارٹی سے شانِ ہند وارڈ نمبر ۳؍ سے اور ان کے خاوند مستقیم ڈگنیٹی وارڈ نمبر ۷؍سے سائیکل نشان پر الیکشن لڑرہے ہیں۔شانِ ہند نے نیاپورہ وارڈ اور مستقیم نے اسلام پورہ وارڈ سے سابقہ۵؍ سال شہری بلدیہ کی رکنیت کی میعاد مکمل کی۔حالیہ الیکشن میں انڈین سیکولر پارٹی سے معاہدہ کرنے کے بعد میاں بیوی اپنے روایتی حلقوں سے نکل کر نئے علاقے میں نہال احمد(مرحوم) کے نام و خدمات کے سہارے اپنی سیاسی ساکھ بچانے میں لگے ہوئے ہیں۔مالیگاؤں شہری بلدیہ کے اس الیکشن میں مشرقی مالیگاؤں میں اس منظرنامے پر رائے دہندگان سے زیادہ سیاسی ماہرین کی نگاہیں مرکوز ہیں۔ہار اور جیت کے نکات پر طوطے کوّے اُڑائے جارہے ہیں۔بعض حلقوں نے ایسی سیاسی بساط تیار کرنے کا ذمے دار سیاسی پارٹیوں کے پارلیمنٹری بورڈوں کو بھی ٹھہرایا ہے جو قرابت داری کے معاملات کو کسوٹی پر نہیں مفادات پر تولنے میں کامیاب ہوئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK