Updated: January 01, 2026, 4:04 PM IST
| New York
یکم جنوری کو ۳۴؍ سالہ ظہران ممدانی نے نیویارک کے پہلے مسلمان میئر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔حلف برداری سٹی ہال کے نیچے ایک متروک سب وے اسٹیشن پر ہوئی، جو علامتی انتخاب تھا۔ یاد رہے کہ قرآن مجید پر حلف لینا شہر کی تاریخ میں پہلی بار ہوا۔آج شام رسمی افتتاحی تقریب میں برنی سینڈرز اور الیگزینڈریا کورٹیز خطاب کریں گے۔
ظہران ممدانی۔ تصویر: آئی این این
امریکہ کے ڈیموکریٹک سوشلسٹ ظہران ممدانی نے چار سالہ مدت کیلئے نیویارک کے میئر کے عہدے کا حلف لیا۔ ۳۴؍ سالہ ڈیموکریٹ نے امریکہ کے سب سے بڑے شہر نیویارک سٹی کی قیادت سنبھالنے کیلئے نصف شب کے بعد سٹی ہال کے نیچے ایک متروک سب وے اسٹیشن پر حلف برداری،جو شہر کی تاریخ میں ایک غیر معمولی مقام ہے۔ یاد رہے کہ وہ وہ نیویارک کے پہلے مسلمان میئر ہیں۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق، ممدانی نے قرآنِ مجید پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھایا، اور یوں وہ شہر کی تاریخ میں ایسا کرنے والے پہلے میئر بن گئے۔ حلف برداری نیویارک کی اٹارنی جنرل لیشیا جیمس نے کرائی۔ اس کے بعد دن کے اختتام پر سٹی ہال میں ایک بڑی، رسمی افتتاحی تقریب منعقد ہوگی، جس میں بائیں بازو کے اتحادی سینیٹر برنی سینڈرز اور کانگریس وومن الیکسنڈریہ کورٹیز خطاب کریں گی۔ عوامی تقریب میں ۴؍ ہزارٹکٹ یافتہ مہمان شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھئے:نیا سال کیا چاہتا ہے؟ نیا جوش، نئے عزائم، نئی دھن، نئی تدابیر
حلف برداری کیلئے غیر معمولی مقام کے انتخاب کے بارے میں ممدانی کے دفتر کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کام کرنے والے طبقے کے ساتھ ان کی وابستگی کی علامت ہے۔ ان کی انتخابی مہم کا مرکزی نکتہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور زندگی کے اخراجات جیسے مسائل کا حل پیش کرنا تھا۔ ممدانی جو ایک سال قبل تک نسبتاً غیر معروف تھےنومبر کے میئر انتخابات میں ٹرمپ کے حمایت یافتہ اینڈریو کومو کو شکست دی۔ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے خود کو صدر ٹرمپ کے سخت ناقد کے طور پر پیش کیا، تاہم کامیابی کے بعد اختلافات کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے وہائٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات بھی کی۔
یہ بھی پڑھئے:چین: نئے سال کی تقریر میں شی جن پنگ کا تائیوان کے الحاق کا عہد، ترقی پر زور
دی گارڈین کے مطابق، ممدانی نے اس مقام کو ’’ایک نئے دور کے آغاز‘‘ کی علامت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جگہ اس شہر کیلئے ایک یادگار ہے جو خوبصورتی کے ساتھ ساتھ کام کرنے والے لوگوں کی زندگیاں بدلنے والی عظیم تعمیرات کرنے کی جرات رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ’’لاکھوں نیویارکرز کو مواقع کے ایک نئے دور کی طرف لے جانے پر عاجز اور شہر کی عظمت کی میراث کو آگے بڑھانے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔‘‘