ممدانی کی ٹیم نے کسی بھی غیرقانونی سرگرمی میں شمولیت سے انکار کیا۔ ترجمان ڈورا پیکیک نے کہا کہ کسی بھی ناقابل اجازت عطیہ کو واپس کر دیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: October 29, 2025, 5:03 PM IST | New York
ممدانی کی ٹیم نے کسی بھی غیرقانونی سرگرمی میں شمولیت سے انکار کیا۔ ترجمان ڈورا پیکیک نے کہا کہ کسی بھی ناقابل اجازت عطیہ کو واپس کر دیا جائے گا۔
نیویارک کے میئر عہدے کیلئے انتخابی دوڑ میں شامل ڈیموکریٹک میئر کے امیدوار ظہران ممدانی پر ایک کنزرویٹو واچ ڈاگ کی طرف سے غیر ملکی عطیات قبول کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی قانون کے تحت انتخابی مہم میں غیر ملکی عطیات وصول کرنا غیر قانونی ہیں۔ کولج ریگن فاؤنڈیشن نے وفاقی الیکشن کمپین ایکٹ اور نیویارک الیکشن قانون کی خلاف ورزی کا دعویٰ کرتے ہوئے امریکی محکمہ انصاف اور مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں مجرمانہ ریفرل دائر کئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: نیویارک شہر: ظہران ممدانی ڈیموکریٹک پارٹی کا مستقبل ہیں: ایلون مسک
فاؤنڈیشن کے مطابق، انتخابی مہم کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ ممدانی کی ٹیم نے غیر ملکی پتوں والے ۱۷۰ عطیہ دہندگان سے تقریباً ۱۳ ہزار ڈالر (تقریباً ۱۱ لاکھ روپے) حاصل کئے، جن میں ان کی دبئی میں رہائش پذیر ساس بھی شامل ہے۔ اگرچہ ان میں سے کچھ عطیات واپس کر دیئے گئے تھے، لیکن مبینہ طور پر ۸۸ عطیہ دہندگان سے حاصل کئے گئے تقریباً ۷۱۹۰ ڈالر ابھی تک واپس نہیں کئے گئے ہیں۔
کولج ریگن فاؤنڈیشن کے صدر ڈین بیکر کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ ”نیویارک شہر کے میئر کی دوڑ میں غیر ملکی رقم کے مستقل بہاؤ“ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممدانی کی مہم نے کئی انتباہات کے باوجود ”اسے روکنے کیلئے کوئی معنی خیز اقدام نہیں اٹھایا۔“ فاؤنڈیشن نے آسٹریلیا، ترکی، فرانس، کنیڈا اور جرمنی جیسے ممالک سے منسلک عطیات کا حوالہ دیتے ہوئے پراسیکیوٹرز پر زور دیا کہ وہ اس مقدمہ کو آگے بڑھائیں۔
یہ بھی پڑھئے: نیویارک میئر الیکشن: ارب پتیوں کی مخالفت کے باوجود ظہران ممدانی مضبوط امیدوار
ممدانی کی ٹیم نے اپنا دفاع کیا
تاہم، ممدانی کی ٹیم نے کسی بھی غیرقانونی سرگرمی میں شمولیت سے انکار کیا ہے۔ ترجمان ڈورا پیکیک نے فاکس نیوز ڈجیٹل کو بتایا کہ تمام امریکی شہری اور مستقل رہائشی سمیت بیرون ملک رہنے والے امریکی شہری بھی انتخابی مہم کیلئے عطیہ دینے کی اجازت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناقابل اجازت عطیہ کو واپس کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ممدانی کی انتخابی مہم نے اب تک نجی فنڈز میں تقریباً ۴ ملین ڈالر اور نیویارک شہر کے میئر کیلئے ان کی مہم کے حصے کے طور پر اضافی ۷ء۱۲ ملین ڈالر عوامی میچنگ فنڈز میں اکٹھے کئے ہیں۔