مختلف ریاستوں کے متعدد امتحانی مراکز پر امتحان شروع ہونے میں ڈھائی گھنٹے تاخیر، این ٹی اے نے معافی مانگی مگر طلبہ اور والدین شدید برہم۔
EPAPER
Updated: May 31, 2026, 10:37 AM IST | New Delhi
مختلف ریاستوں کے متعدد امتحانی مراکز پر امتحان شروع ہونے میں ڈھائی گھنٹے تاخیر، این ٹی اے نے معافی مانگی مگر طلبہ اور والدین شدید برہم۔
نیٹ پیپر لیک اور امتحان کی منسوخی نیز سی بی ایس ای میںآن اسکرین جانچ میںبدنظمی اورلاپروائی کے بعدایک اور داخلہ امتحان میںتکنیکی خرابی کا معاملہ سامنے آیا ہے اور اس خرابی کے سبب اس اہم امتحان کے شروع ہونے میں ڈھائی گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ اس معاملے پر بھی اب اپوزیشن نے حکومت اوراین ٹی اے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق’سی یو ای ٹی-یو جی‘ امتحان میں در آئی تکنیکی خامی نے اس وقت طلبہ کو پریشانی میں مبتلا کر دیا جب ۳۰؍ مئی یعنی سنیچر کو منعقد ہونے والے ’کامن یونیورسٹی انٹرنس ٹیسٹ ۲۰۲۶ء‘ کے دوران بعض امتحانی مراکز پر امتحان تاخیر سے شروع ہوا ۔ (واضح رہے کہ یہ امتحان مرکزی ، ریاستی اور پرائیو یٹ یونیورسٹیوں میں انڈر گریجویٹ ، پوسٹ گریجویٹ اور دیگر انٹیگریٹڈ پروگراموں میں داخلے کیلئے لیاجاتا ہے)۔
یہ بھی پڑھئے: ٹی ای ٹی پاس کرنے کی مہلت میں توسیع
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے اس تعلق سے بتایا کہ اس کے امتحان شراکت دار ٹی سی ایس نے اس تکنیکی مسئلے کی اطلاع دی تھی۔ ایجنسی کے مطابق اب اس خرابی کو دور کر لیا گیا ہے اور امیدواروں کو مکمل اضافی وقت دیا جائے گا تاکہ کسی بھی طالب علم کا نقصان نہ ہو۔
این ٹی اے کے مطابق دوپہر کے سیشن میں امتحان دینے والے امیدواروں کو دوپہرڈھائی بجے سے داخلے کی اجازت دی گئی جبکہ امتحان پہلے سے مقررہ وقت۳؍بجے کے بجائے شام۴؍ بجے شروع ہوا۔ این ٹی اے نے مزید کہا کہ صبح کے سیشن میں امتحان دینے والے طلبا کو بھی امتحان کے لیے پورا وقت دیا جا رہا ہے اور انہیں مکمل پرچہ حل کرنے کے بعد ہی امتحان مرکز سے باہر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ این ٹی اے نے تکنیکی خامی کے سبب طلبا اور ان کے سرپرستوں کو ہوئی پریشانی کیلئے معافی بھی مانگی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کیرالا وندے ماترم تنازع پر وزیراعلیٰ کی وضاحت: مکمل قومی گیت پیش کرنا لازمی نہیں
قابل ذکر ہے کہ سی یو ای ٹی-یو جی کی پہلی شفٹ کے دوران مختلف ریاستوں کے بعض امتحانی مراکز میں تکنیکی خرابی کے باعث مبینہ طور پر۲؍گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر ہوئی۔ امتحان صبح۹؍بجے شروع ہونا تھا، لیکن یہ مقررہ وقت کے بعد شروع ہوا۔ اس دوران امتحان مراکز کے باہر انتظار کرنے والے طلبہ کے والدین اور سرپرستوں نے سوشل میڈیا پر اپنی شکایات بھی پوسٹ کیں اور شدیدبرہمی کا بھی اظہار کیا۔اس سال ’سی یو ای ٹی-یو جی‘ امتحان۱۱؍مئی ۲۰۲۶ء سے شروع ہوا تھا اور۳۱؍ مئی تک جاری رہنا تھا لیکن۲۸؍ مئی کو عیدلاضحی کے باعث امتحان کا شیڈول آگے بڑھا دیا گیا۔ اب امتحانات۳۱؍ مئی،۶؍ جون اور۷؍ جون کو بھی منعقد ہوں گے۔ این ٹی اے کے مطابق اس سال سی یو ای ٹی-یو جی امتحان کے لئے مجموعی طور پر۱۵؍ لاکھ ۶۸؍ ہزار۸۶۶؍امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا ہے۔