ہنگولی کے نوجوان کے ساتھ سائبر فراڈ، ایپ خود ہی ڈائون لوڈ ہوا، خود ہی بینک سے پیسے ٹرانسفر ہوگئے۔
EPAPER
Updated: August 28, 2026, 2:21 PM IST | ZA Khan | Hingoli
ہنگولی کے نوجوان کے ساتھ سائبر فراڈ، ایپ خود ہی ڈائون لوڈ ہوا، خود ہی بینک سے پیسے ٹرانسفر ہوگئے۔
ضلع ہنگولی کے اونڈھا ناگناتھ تعلقہ کے لاکھ گاؤں میں ایک شخص کو اس کے موبائل پر اے پی کےفائل ڈاؤن لوڈ ہونے کے بعد سائبر فراڈ کا سامنا کرنا پڑا۔ نامعلوم سائبر ٹھگوں نے مبینہ طور پر محض دو گھنٹوں کے دوران اس شخص کے بینک کھاتے سے تقریباً ۲؍ لاکھ ۷۵؍ ہزار روپے منتقل کر لئے۔ اس معاملے میں اونڈھا ناگناتھ پولیس تھانے میں بدھ کی رات نامعلوم سائبر ملزم کے خلاف انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسمبلی لائبریری کی کتابیں نہ لوٹانے پر ممتا بنرجی کو وزیر گوری گھوش کی وارننگ
پولیس کے مطابق لاکھ گاؤں کے رہنے والے مادھو کینڈر کنجارہ علاقے میں واقع ایک نجی ادارے میں ملازم ہیں۔ گزشتہ دنوںان کے موبائل پر ایک اے پی کے فائل ڈاؤن لوڈ ہوئی۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد ان کے موبائل پر تقریباً ۱۰۰؍ تا ۲۰۰؍ پیغامات موصول ہوئے، تاہم پیغامات کی زبان سمجھ میں نہ آنے کی وجہ سے انہوں نے انہیں نظر انداز کر دیا۔بعد ازاں اسی روز رات تقریباً پونے ۸؍ بجے سے ساڑھے ۹؍ بجے کے درمیان ان کے بینک کھاتے سے چار مرتبہ رقم آن لائن نکالے جانے کے پیغامات موصول ہوئے۔ پہلی مرتبہ ۲۵؍ ہزار روپے، دوسری مرتبہ ایک لاکھ روپے، تیسری مرتبہ پھر ایک لاکھ روپے اور چوتھی مرتبہ ۵۰؍ہزار روپے نکالے گئے۔ چونکہ متاثرہ شخص نے خود کوئی رقم نہیں نکالی تھی، اس لئے انہوں نے اس معاملے کی جانچ کیلئے پیر کو انڈین اوورسیز بینک سے رابطہ کیا۔ بینک حکام کو واقعے کی تفصیلات بتانے کے بعد جب ان کے کھاتے کا اسٹیٹمنٹ چیک کیا گیا تو معلوم ہوا کہ مذکورہ رقم واقعی آن لائن منتقل کی جا چکی ہے۔اپنے ساتھ دھوکہ دہی ہونے کا یقین ہونے پر مادھو کینڈر نے فوری طور پر بینک میں شکایت درج کرائی۔ بعد ازاں بدھ کی رات انہوں نے اوندھا ناگناتھ پولیس تھانے پہنچ کر باقاعدہ شکایت درج کرائی، جس پر پولیس نے نامعلوم سائبر فراڈیے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔اس معاملے کی مزید تحقیقات پولیس انسپکٹر شام کمار ڈونگرے، جمعدار رویکانت ہرکال اور سندیپ چندرشیکھر کر رہے ہیں