• Mon, 28 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اونچے جھوپڑوں پر کارروائی کے فیصلےکی مخالفت

Updated: September 28, 2026, 3:51 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

۱۴؍ فٹ سے اونچے جھوپڑوں کے معاملے میں آج کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے وفد کی میونسپل کمشنر سے ملاقات متوقع۔

There is concern regarding the order to demolish shanties taller than 14 feet. Photo: INN
۱۴؍ فٹ سے اونچے جھوپڑوں کو منہدم کرنے کے حکم سے تشویش پائی جارہی ہے۔ تصویر: آئی این این

ممبئی کی میونسپل کمشنر کی جانب سے ممبئی میں ۱۴؍ فٹ سے اونچے جھوپڑوں کو منہدم کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے جس کے سبب جھوپڑا واسیوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔اس فیصلے  کی شدیدمخالفت کی جارہی ہے۔ اسی سلسلے میں پیر کوممبئی کانگریس کے اراکین اسمبلی اور بی ایم سی کے کارپوریٹروں پر مشتمل ایک وفد ممبئی کی میونسپل کمشنر اشوینی بھیڈے سے ملاقات کر نے والا ہے ۔ اس کے بعد مہاراشٹراور ممبئی کے سماجوادی پارٹی کے صدر ابو عاصم اعظمی نے بھی ممبئی میونسپل کمشنر سے ملاقات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اپوزیشن کےدونوں ہی گروپوں نے کہا ہے کہ ۱۴؍ فٹ سے اونچے جھوپڑوں کو منہدم کرنے کے بجائے بی جے پی کی سلم فری ممبئی پالیسی کے تحت بازآبادکاری کی جانی چاہئے۔ اسی تعلق سے بی جے پی کے لیڈروں نے بھی میونسپل کمشنر کو انہدامی کارروائی نہ کرنے کی درخواست کی ہےاور اس سلسلے میں بی ایم سی کے ہاؤس لیڈر اور بی جے پی کارپوریٹر گنیش کھنکر نے میونسپل کمشنر اشوینی بھیڈے کو مکتوب لکھ کر ۱۴؍ فٹ سے اونچے جھوپڑوں کو منہدم کرنے کی مہم کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بی ایم سی کمشنر کے حکم کےتعلق سے نمائندۂ انقلاب نے مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں سے رابطہ قائم کیا اور ان سے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی کہ وہ اس بارے میں کیا کہہ اور کر رہے ہیں؟

یہ بھی پڑھئے: یو پی آئی پر ایم ڈی آر کے خلاف درخواست، سپریم کورٹ کا فوری روک سے انکار

اس سلسلے میں بی ایم سی میں کانگریس کے گروپ لیڈر اشرف اعظمی سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے بتایا کہ’’  ۱۴؍فٹ اور اس سے اونچے جھوپڑو ں کو منہدم کرنے  کےحکم کے ضمن میں پیر کی دوپہر تقریباً ایک بجے ممبئی کانگریس کی صدر رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ کی قیادت میں ممبئی کے اراکین اسمبلی اور بی ایم سی میں سبھی ۲۵؍  کارپوریٹروں کا وفد میونسپل کمشنر سے ملاقات کرے گا اور جھوپڑوں کو منہدم کرنے کیلئے بجائے حکومت کی پالیسی کے مطابق ان کی بازآبادکاری کرنے کا مطالبہ کرے گا۔‘‘دھاراوی کی رکن اسمبلی جیوتی گائیکواڑ سے رابطہ قائم کرنے پر انہوںنے بھی میونسپل کمشنر سے ملاقات کرنے کی تصدیق کی۔

اس ضمن میں مانخورد شیواجی نگر کے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی سے رابطہ کرنے پر انہوںنے بتایاکہ ’’پیر کو شام ۴؍ بجے ہم میونسپل کمشنر سے ملاقات کریں گے اور ان سے مطالبہ کریں گے کہ ۲۰۱۱ء تک تعمیر کردہ سبھی جھوپڑوں کی باز آبادکاری کی جائے۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے:کلیان: پیدائش و اموات کے ریکارڈ کی عدم دستیابی سے شہری پریشان!

اس سلسلے میں انوشکتی نگر کی رکن اسمبلی ثناء ملک ( این سی پی -اجیت) سے بھی رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی گئی توان کے پی اے نے بتایاکہ برسر اقتدار اور اپوزیشن سبھی اس فیصلہ کی مخالفت کر رہے ہیں۔ جب یہ پوچھا گیا کہ ثناء ملک اس بارے میں کیا کر رہی ہیں ؟ تو انہوں نے کہاکہ اس پر غور کرنے کے بعدبتایا جائے گا۔

بی جے پی رکن اسمبلی نے کیاکہا؟  

چارکوپ کے رکن اسمبلی اور بی جے پی لیڈر یوگیش ساگر سے رابطہ کرنے پر انہوں نے پہلے کہاکہ ’’۱۴؍ فٹ سے اونچے جھوپڑوں کو منہدم کرنے کا سلسلہ ابھی شروع نہیں کیا گیا ہے۔‘‘ پھر یہ بھی کہاکہ’’ لیکن اگر کوئی ۳۔۳؍ منزلہ بنا لے اور بالائی منزلوں کو کرایہ پر دے تو یہ کہاں تک درست ہے؟‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK