Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ میں صرف ۳؍ سال قبل بنائے گئے فلائی اوور کا حصہ گر پڑا

Updated: July 10, 2026, 11:25 AM IST | Z A Khan | Nanded

اسکوٹی پر جا رہیں ۲؍ طالبات حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچیں، مقامی باشندوں میں سخت ناراضگی ۔

Question Mark Over Construction Work.Photo:INN
تعمیراتی کام پر سوالیہ نشان-تصویر:آئی این این
ناندیڑ۔لاتور قومی شاہراہ پر واقع فلائی اوور کا ایک حصہ جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے نو بجے اچانک منہدم ہوگیا،  اسکوٹر پر سوار  دو طالبات جس کے نیچے آتے آتے رہ گئیں۔فلائی اوور کی حفاظتی دیوار گرنے کا پورا منظر وہاں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ واقعے کے بعد احتیاطی تدابیر کے تحت شاہراہ پر ٹریفک فوری طور پر بند کر دی گئی۔یہ حادثہ شہر کے مضافاتی علاقے میں واقع ایس جی جی ایس انجینئرنگ کالج کے سامنے پیش آیا۔
 
 
معلوم ہوا ہے کہ ناندیڑ اور لاتور اضلاع کو ملانے والے اس فلائی اوور کی تعمیر چند برس قبل کے ٹی آئی ایل کمپنی نے کروائی تھی، جس پر کروڑوں روپے خرچ کئے گئے تھے۔ اس شاہراہ سے روزانہ ہزاروں چھوٹی اور بڑی گاڑیاں گزرتی ہیں، جبکہ قریب ہی معروف انجینئرنگ کالج ہونے کی وجہ سے طلبہ کی بھی بڑی تعداد یہاں سے آمد و رفت کرتی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق صبح اچانک فلائی اوور کا ایک حصہ دھنس گیا اور اس کی حفاظتی دیوار بھی نیچے آ گری۔ اسی دوران وہاں سے اسکوٹی پر دو طالبات گزر رہی تھیں۔ دیوار کا ملبہ ان کے انتہائی قریب گرا، جسکے باعث دونوں طالبات اسکوٹی سمیت سڑک پر گر پڑیں ،  تاہم خوش قسمتی سے وہ کسی بڑے حادثے کا شکار ہونے سے محفوظ رہیں۔
 
 
حادثے کے فوراً بعد ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ حفاظتی اقدامات کے طور پر شاہراہ پر ٹریفک معطل کر دی گئی، جبکہ جے سی بی مشینوں کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور راستہ صاف کرنے کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا۔فلائی اوور کی تعمیر کو صرف تین برس ہوئے ہیںلہٰذا شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ مقامی افراد نے تعمیراتی کمپنی کے کام کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب کے ٹی آئی ایل کمپنی کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ رات آنے والے زلزلے کے باعث فلائی اوور کی دیوار میں دراڑیں پڑ گئی تھیں، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ تاہم اس دعوے کی سرکاری سطح پر ابھی تک کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیوار کے اچانک منہدم ہونے اور دو طالبات کے معجزانہ طور پر محفوظ بچ جانے کا منظر واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK