شام کے وقت دفتروں سے تھکے ہارے گھروں کو لوٹنے والے مسافروں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آٹو ڈرائیوروں کی جانب سے من مانا کرایہ مانگنے اور ان کی منزل تک پہنچانے سے انکار کا سلسلہ دراز ہو گیا ہے۔
EPAPER
Updated: August 07, 2026, 2:47 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Dombivli
شام کے وقت دفتروں سے تھکے ہارے گھروں کو لوٹنے والے مسافروں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آٹو ڈرائیوروں کی جانب سے من مانا کرایہ مانگنے اور ان کی منزل تک پہنچانے سے انکار کا سلسلہ دراز ہو گیا ہے۔
شام کے وقت دفتروں سے تھکے ہارے گھروں کو لوٹنے والے مسافروں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آٹو ڈرائیوروں کی جانب سے من مانا کرایہ مانگنے اور ان کی منزل تک پہنچانے سے انکار کا سلسلہ دراز ہو گیا ہے۔ اس کے سبب شہریوں اور مسافروں کے صبر کا پیمانہ بالآخر لبریز ہو گیا ۔بدھ کی شب میں ڈومبیولی مشرق میں ریلوے اسٹیشن کے قریب آٹو اسٹینڈ پر درجنوں مسافروں نے سڑک پر بیٹھ کر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا۔یہ مسافر پچھلے کچھ دنوں سے ڈرائیوروں کی جانب سے مسلسل انکار اور مبینہ ہراساں کئے جانے سے شدید برہم تھے۔مظاہرین نے نہ صرف آٹو ڈرائیوروں کی من مانی کے خلاف نعرے لگائے بلکہ موقع پر موجود آٹو رکشوں کی آمدورفت کو روک کر تقریباً ڈھائی گھنٹے تک احتجاج جاری رکھا جس سے پورے علاقے کا ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
یہ بھی پڑھئے: باندرہ: نیویل ڈیسوزا گرائونڈ پر کنونشن سینٹر بنانے کی پُرزور مخالفت
ڈومبیولی ریلوے اسٹیشن سے نزدیک کیلکر روڈ آٹو اسٹینڈ پر شام ۷ ؍بجے کے بعد حالات انتہائی ابتر ہو جاتے ہیں۔دن بھر تو آٹو ڈرائیور معمول کے مطابق سواریاں لے جاتے ہیں لیکن جیسے ہی شام کو ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا ہجوم بڑھتا ہے،وہ رکشا اسٹینڈ پر گاڑیاں لگانا بند کر دیتے ہیں۔ حتی کہ شدید بارش کے دوران بھی آٹو ڈرائیور اسٹینڈ کا رخ نہیں کرتے۔اس کی بنیادی وجہ ڈرائیوروں کا لالچ بتایا جاتا ہے۔معمول کے مطابق اسٹینڈ سے شیئرنگ کرایے پر جانا پڑتا ہے مگر شام کو جب اسٹینڈ پر گاڑیاں نہیں ہوتیں تو شدید پریشان مسافر مجبوری میں پبلک اسٹینڈ چھوڑ کر باہر کھڑے ڈرائیوروں سے بات کرتے ہیں اور زیادہ کرایہ دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ایک ہی چکر میں زیادہ کمانے کی ہوس میں ڈرائیور باقاعدہ مسافروں کو نظر انداز کرکے چوراہوں پر کھڑے ہو کر مہنگے کرایوں کا انتظار کرتے ہیں۔ بدھ کی شام بھی جب رکشا ڈرائیوروں نے طے شدہ مقام پر جانے سے انکار کیا تو اسٹینڈ پر موجود مسافروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور انہوں نے سڑک کے بیچ بیٹھ کر احتجاج شروع کردیا۔مظاہرین نے واضح کیا کہ جب تک ان کے مسائل کا مستقل حل نہیں نکالا جاتا، وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر آٹو ڈرائیور اسٹینڈ پر سروس دینے سے قاصر ہیں تو کے ڈی ایم ٹی انتظامیہ فوری طور پر اس روٹ پر اضافی بسیں چلائے۔کیلکر روڈ آٹو اسٹینڈ پر صبح سے رات ۱۰ ؍بجے تک ٹریفک پولیس اہلکاروں کو پابند کیا جائے۔آٹو ڈرائیور اسٹینڈ پر قطاربند ہوکر مسافروں کو ان کی طے شدہ منزل تک لے جانے کی تحریری یا عملی یقین دہانی کرائیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’۱۵؍اگست کوہر اس جگہ ترنگایاترا نکالی جائےجہاں دھاراوی واسیوں کوبھیجا جائے گا‘‘
دریں اثناء مسافروں کے احتجاج کے بعد مقامی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس حرکت میں آ گئی ہے۔اس دوران ٹریفک کےسینئر پولیس انسپکٹر وجے اہیرے نے بتایا کہ کیلکر روڈ آٹو اسٹینڈ پر اب باقاعدگی سے ٹریفک پولیس کے اہلکار تعینات رہیں گے۔جو بھی آٹو ڈرائیور مسافروں کو لے جانے سے انکار کرے گا، اس کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔