Inquilab Logo Happiest Places to Work

باندرہ: نیویل ڈیسوزا گرائونڈ پر کنونشن سینٹر بنانے کی پُرزور مخالفت

Updated: August 07, 2026, 1:27 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

کانگریس کی جانب سے کارپوریٹر اشرف اعظمی نے قانونی خامیاں بتائیں تو شیوسینا (یوبی ٹی )کی جانب سے رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ممبئی کے کھلے میدانوں کو چوری کررہی ہے۔

Corporator Ashraf Azmi. Photo: INN
کارپوریٹر اشرف اعظمی۔ تصویر: آئی این این

باندرہ میں واقع فٹ بال کے وسیع و عریض ’نیویل ڈیسوزا گرائونڈ‘ پر کنونشن سینٹر بنانے کے فیصلے کو غیرقانونی بتاتے ہوئے کانگریس کارپوریٹر اشرف اعظمی نے جمعرات کو اپنی پارٹی کی جانب سے بی ایم سی کمشنر کو خط لکھ کر اس میدان کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسی روز  یووا سینا کے سربراہ آدتیہ ٹھاکرے نے بھی پریس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بی جے پی ممبئی کے میدانوں کو چوری کررہی ہے اور اس گرائونڈ پر تعمیر کا ٹھیکہ بی جے پی کے چہیتے ٹھیکیدار کو دیا جارہا ہے نیز ہزاروں اور مستقبل میں   لاکھوں نوجوانوں کو کھیل کے میدان سے محروم کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ اس گراؤنڈ پر کنونشن سینٹر بنانے کے خلاف فٹ بال کی تنظیموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے تھے جن میں بڑی تعداد میں مدنپورہ اور مومن پورہ کے نوجوان، کھلاڑی اور کوچ بھی شامل رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’۱۵؍اگست کوہر اس جگہ ترنگایاترا نکالی جائےجہاں دھاراوی واسیوں کوبھیجا جائے گا‘‘

اشرف اعظمی نے جمعرات کو کارپوریٹر تُلیپ مرانڈا کے ہمراہ بی ایم سی کمشنر اشوینی بھیڈے کو ۵؍ صفحات پر مشتمل ایک خط دیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ نیویل ڈیسوزا گرائونڈ سے ۲؍ کلومیٹر سے بھی کم فاصلہ پر بی کے سی میں ایک ایگزیبیشن سینٹر پہلے سے موجود ہے اس لئے اس میدان پر ایگزیبیشن سینٹر یا کنونشن سینٹر بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس طرح کے کسی بھی میدان کو بند کرنے کیلئے حکومت نے جو قواعد بنائے ہیں، یہاں ان بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ سب سے اہم بات یہ کہ اس کے متبادل کے طور پر کسی بھی دیگر میدان کا انتخاب نہیں کیا گیا ہے جبکہ اصول کے مطابق اسی میدان کے مساوی رقبہ کا دیگر میدان آس پاس میں ہی مہیا کیا جانا چاہئے۔ ڈی سی پی آر میں کنونشن سینٹر کیلئے کم از کم ۵؍ ایکڑ زمین لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ جو میدان ہے ،وہ محض ۸؍ ہزار ۴۵۰؍ مربع فٹ کا ہے اور ایک ایکڑ رقبہ بھی نہیں ہے اس لئے یہ شرط بھی یہاں پوری نہیں  ہوتی ،اس کے باوجود اس میدان کو منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جس جگہ یہ میدان واقع ہے، وہ سڑک انتہائی تنگ ہے اور کنونشن سینٹر بننے پر یہاں گاڑیوں کی آمدورفت بڑھ جائے گی اور تنگ راستہ ہونے کی وجہ سے یہاں ٹریفک جام اور فضائی اور صوتی آلودگی کا مسئلہ پیدا ہوجائے گا۔ دیگر کئی نکات کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بی ایم سی اس گرائونڈ پر کنونشن سینٹر تعمیر کرنے کی اپنی تجویز   واپس لے اور یہاں فٹ بال کی تربیت اور میچ جس طرح سے ۲۰۱۱ء سے جاری ہیں، اسی طرح جاری رہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ریاست میں اب تک ایک لاکھ سے زائد ڈرائیوروں نے مراٹھی بولنا سیکھ لیا

دوسری طرف آدتیہ ٹھاکرے نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی ممبئی میں واقع تمام کھلے میدانوں کو چوری کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاڈا کے ۱۶؍ ایکڑ پر محیط ۳؍ پلاٹ پہلے ہی ’شری ولے پارلے کیلاوانی منڈل‘ کو دیئے جاچکے ہیں جو ٹرسٹ بی جے پی کے ایم ایل سی سے وابستہ ہے۔نیویل ڈیسوزا گرائونڈ پر یہاں ایگزبیشن سینٹر بنانے کا ٹھیکہ ان کے چہیتے ٹھیکیدار کو دیا جائے گا اور یہ ساری کارروائی   پیسہ کمانے کیلئے کی جارہی ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK