این سی پی (شرد ) کے بعدڈی ایم کے نے بھی بل کی حمایت کا اعلان کیا ، اسٹالن کی پارٹی کے لیڈروں کی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات، جگن موہن ریڈی کی پارٹی بھی مشروط حمایت کیلئے تیار، سپریہ سلے اپوزیشن کے ساتھ نہیں بیٹھیں گی، سیٹ تبدیل کی گئی۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 10:34 AM IST | New Delhi
این سی پی (شرد ) کے بعدڈی ایم کے نے بھی بل کی حمایت کا اعلان کیا ، اسٹالن کی پارٹی کے لیڈروں کی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات، جگن موہن ریڈی کی پارٹی بھی مشروط حمایت کیلئے تیار، سپریہ سلے اپوزیشن کے ساتھ نہیں بیٹھیں گی، سیٹ تبدیل کی گئی۔
پارلیمنٹ میںحد بندی بل کی منظوری کا راستہ صاف ہوتا جارہا ہے کیوں کہ شرد پوار کی پارٹی این سی پی اور ایم کے اسٹالن کی پارٹی ڈی ایم کے نے پارلیمنٹ میں اس بل کی مشروط حمایت کا اعلان کردیا ہے جبکہ جگن موہن ریڈی کی پارٹی نے بھی مشروط حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کی وجہ سے مودی حکومت کیلئے دو تہائی اکثریت حاصل کرنا آسان ہو گیا ہے۔ پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے قبل ڈی ایم کےنے واضح کیا کہ وہ ’حد بندی بل کی حمایت کرے گی ۔ سنیچر کی صبح پارٹی ممبران پارلیمنٹ کے ایک اجلاس میں، ڈی ایم کے نے اس بل کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا۔پارٹی سربراہ ایم کے اسٹالن نےایک پوسٹ میں کہا کہ وہ اس بل کی حمایت کرتے ہیں جس میں ’منصفانہ حد بندی‘ کے مطالبات کو شامل کیا گیا۔انہوں نے کہا’وہ دو مطالبات جن کی بنیاد پر ہم نے گزشتہ اپریل میںحدبندی بل کی مخالفت کی تھی، انہیں نئے بل میں تحریری طور پر شامل کر لیا گیا۔ یہ ڈی ایم کے کی جانب سے کی جانے والی مسلسل جدوجہد کی جیت ہے۔ یہ تمل ناڈو سمیت تمام جنوبی ریاستوں کی جیت ہے۔اپوزیشن پر زور دیتے ہوئے کہ وہ حد بندی کے اس اقدام پر’ٹھنڈے دماغ سے غور‘ کرے، اسٹالن نے کہا’ہمیں جذبات میں آئے بغیر، ٹھنڈے دماغ سے سوچنا چاہیے کہ اگر ہم اس حد بندی بل کو ہاتھ سے جانے دیتے ہیں تو کیا ہوگا؟ واضح رہے کہ ڈی ایم کے کی جانب سے یہ حمایت اس وقت سامنے آئی جب مرکزی حکومت نے بل میں ’تمام ریاستوں میں نشستوں کی تعداد میں۵۰؍ فیصد اضافے‘ کی شق شامل کی۔ مرکزی حکومت اس بات پر بھی راضی ہو گئی ہے کہ نشستوں میں اضافے کے بعد اگلے ۲۵؍برس تک ان کی تعداد میں مزید کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: اُترا کھنڈ میں ۱۴؍ مدرسوں کو نوٹس، معیار پر کھرا نہ اُترنے کا الزام
دوسری طرف ذرائع نے دعویٰ کیا کہ شرد پوار کی قیادت والی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے پارلیمنٹ میںحد بندی ترمیمی بل کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا۔ پارٹی کی کاگزار صدر سپریہ سلے نے حال ہی میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران پارٹی لیڈروںکو اس فیصلے سے آگاہ کیا۔
دوسری جانب این سی پی شرد پوارکے ایک لیڈرنے دعویٰ کیا کہ اگرچہ۳۰؍ نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لئے پارٹی اراکین پارلیمنٹ کو وہپ جاری کیاگیا، لیکن حلقہ بندیوں کے معاملے پر پارٹی کا سرکاری موقف انہیں ابھی تک نہیں بتایا گیا ۔ جگن مومن ریڈی نے بھی اس بل کی مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ وہ کچھ شرائط کے ساتھ اس بل کو منظور کروانے میں مدد کرے گی۔ اس دوران ڈی ایم کے کے اراکین پارلیمنٹ نے کنی موزی کی قیادت میں سنیچر کی شام وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات بھی کی ۔ اس میں کیاباتیں ہوئیں فی الحال یہ سامنے نہیں آسکا ہے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ حدبندی بل کو منظور کروانے کے سلسلے میںہی گفتگو ہوئی ہے۔ اسی درمیان یہ اطلاعات بھی سامنے آئیںکہ سپریہ سلے اور ان کی پارٹی کے دیگر اراکین اجلاس شروع ہونے کے بعد اپوزیشن کے درمیان نہیں بیٹھیں گے۔ اسی لئے ان کی سیٹیں تبدیل کی گئی ہیںلیکن اس کی تصدیق سرکاری طور پر فی الحال نہیں ہوئی ہے۔یاد رہے کہ لوک سبھا میں ڈی ایم کے کے ۲۲؍ اراکین ہیں۔ اسی طرح جگن موہن ریڈی کی پارٹی کے دونوں ایوانوں میں ۴؍ ۴؍ اراکین ہیں۔ این سی پی شرد کے لوک سبھا میں ۸؍ ایم پی ہیں جبکہ راجیہ سبھا میں اس کا ایک ایم پی ہے۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کی بھارت راشٹر سمیتی نے بھی کہا ہے کہ اگر جنوبی ریاستوں کی نمائندگی میں کمی نہیں ہوتی ہے تو اسے اس بل کی حمایت کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہے۔ پارٹی کی لوک سبھا میں کوئی نمائندگی نہیں ہےلیکن راجیہ سبھا میں اس کے تین اراکین ہیں۔ اس طرح سے چھوٹی چھوٹی پارٹیوں سے حمایت حاصل کرکے حکمراں اتحاد این ڈی اے ۲؍ تہائی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔ لوک سبھا میں فی الحال ۵۴۰؍ اراکین ہیں اور تین نشستیں خالی ہیں۔ ان میں سے تقریباً ۳۰۰؍ اراکین این ڈی اے اور ۱۸۰؍ انڈیا اتحاد سے تعلق رکھتے ہیں۔ سات آزاد اراکین سمیت تقریباً ۶۰؍ اراکین ایسی جماعتوں سے ہیں جو دونوں اتحادوں سے باہر ہیں۔ لوک سبھا میں ڈی ایم کے کے ۲۲؍، این سی پی (ایس پی) کے آٹھ، وائی ایس آر سی پی کے چار ارکان اور بعض دیگر کی حمایت کے ساتھ حکومت کو ۳۵۱؍ کی حمایت حاصل ہے۔گر لوک سبھا کے تمام ۵۴۰؍اراکین ایوان میں موجود رہتے ہیں اور ووٹنگ میں حصہ لیتے ہیں تو حد بندی بل منظور کرانے کے لیے حکومت کو ۳۶۰؍ ووٹوں کی ضرورت ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: مدورئی: درگاہ کے قریب مندر کا دیا روشن
تمام پارٹیاں تیار، وہپ جاری
*لوک سبھا کا اجلاس پیر سے شروع ہونے کے ساتھ ہی خواتین کے ریزرویشن سے متعلق حدبندی بل پر حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی رسہ کشی عروج پر پہنچنے کا امکان ہے۔ ایک طرف حکمراں جماعت اس بل کو منظور کرانے کیلئے پُراعتماد ہے تو وہیں انڈیا اتحاد کی قیادت میں اپوزیشن جماعتیں اپنی سابقہ یکجہتی برقرار رکھنے کیلئے جدوجہد کرتی نظر آ رہی ہیں۔ لوک سبھا میں حدبندی بل پر پیر اور منگل کو جبکہ راجیہ سبھا میں بدھ اور جمعرات کو بحث ہوگی۔ تمام جماعتوں نے اپنے اپنے اراکین کو ایوان میں لازمی طور پر موجود رہنے کے لئے وہپ جاری کر دیے ہیں۔
*کانگریس کی جانب سے ۳؍ سطروں پر مشتمل وہپ جاری کیا گیا ہے جبکہ این سی پی شرد کی جانب سےبھی وہپ جاری کیا گیا ہے۔ ٹی ایم سی ، ڈی ایم کے، وائی ایس آر کانگریس اور دیگر اہم پارٹیوں نے اپنے اپنے اراکین کی موجودگی یقینی بنانے کے لئے اپنے چیف وہپ کے ذریعے باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔ حکمراں جماعت بی جے پی نے بھی اپنے اراکین کیلئے وہپ جاری کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: صدارتی الیکشن میں جموں کشمیر کے اراکین اسمبلی کا ووٹنگ کا حق بحال کرنے کی تجویز
پارلیمانی حد بندی بل پر جے ایم ایم کا موقف بھی غیر واضح
پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں حد بندی سے متعلق بلوں پر بحث سے چند روز قبل جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) نےسنیچر کوکہا کہ وہ آئندہ ایک یا دو دن میں مجوزہ بلوں پر اپنا موقف واضح کرے گی۔ ساتھ ہی پارٹی نے حکومت کے سامنے یہ شرط رکھی کہ کہ مجوزہ تبدیلیوں کے تحت ریاست میں درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کے لیے مختص نشستوں کی تعداد میں بھی اسی تناسب سے اضافہ ہونا چاہیے۔
یہ بیان جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی جانب سے رانچی میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر پارٹی کے ۶؍اراکین پارلیمان کے ساتھ بلائے گئے اجلاس کے بعد سامنے آیا۔ اجلاس میں مجوزہ بلوں اور ریاست پر ان کے ممکنہ اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ سنیچر کو ہی انڈیا اتحاد کی سابق رکن ڈی ایم کے نے مرکز کے ترمیم شدہ حد بندی بلوں کی حمایت میں ایک قرارداد منظور کی۔جے ایم ایم کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لوک سبھا کے رکن نلن سورین نے کہا کہ جے ایم ایم مجوزہ تبدیلیوں کی اسی صورت میں حمایت کرے گی جب انہیں مناسب طریقے سے نافذ کیا جائے اور قبائلی برادریوں کے لیے مخصوص نشستوں میں بھی متناسب اضافہ کیا جائے۔راجیہ سبھا کی رکن مہوا ماجی نے کہا کہ پارٹی حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے بلوں کا مطالعہ کرنا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق مجوزہ قانون سازی کی نقول جمعہ کی رات ہی دستیاب کرائی گئی تھیں۔ بہرحال شرط پوری ہونے کی صورت میں اگر جے ایم ایم بھی بل کی حمایت کرتی ہے تویہ اپوزیشن کیلئے انتہائی شرمناک ہوگا۔
سماجوادی پارٹی حد بندی بل کے خلاف ووٹ د ے گی
مجوزہ حد بندی بل اگر پاس ہوجاتا ہے تو اترپردیش میں لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد۸۰؍ سے بڑھ کر ۱۲۰؍ ہونے کا امکان ہے، اس کے باوجود سماجوادی پارٹی نے مرکز کے مجوزہ حد بندی بل کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی کوشش کی حمایت نہیں کرے گی جس کا مقصد انتخابی حلقوں کی ازسرنو تشکیل کے ذریعے سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہو یا جس سے جنوبی ریاستوں اور چھوٹی ریاستوں کو نقصان پہنچے۔
ذرائع کے مطابق سماجوادی پارٹی نے واضح کیا ہے کہ حد بندی کے نام پر انتخابی حلقوں کی ایسی تشکیل قابل قبول نہیں ہوگی جس سے ملک میں نمائندگی کا توازن متاثر ہو۔ واضح رہے کہ میڈیا کا ایک طبقہ یہ قیاس آرائی کررہا تھا کہ اکھلیش یادو ووٹنگ میں حصہ لینے کے بجائے واک آؤٹ کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔ سماجوادی پارٹی نے سنیچر کو اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس کو خدشہ ہے کہ مجوزہ اقدامات سے جنوبی اور کم آبادی والی ریاستوں کی سیاسی اہمیت کم ہوسکتی ہے۔ اکھلیش یادو نے بی جےپی بھی متنبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’بی جے پی ملک کو ڈکٹیٹر شپ کی طرف دھکیل رہی ہے‘‘
حدبندی بل :پاک مقبوضہ کشمیر میں بھی حلقہ بندی کا التزام
مرکز کے مجوزہ حد بندی بل۲۶ء میں پاک مقبوضہ کشمیر میں بھی اسمبلی حلقوں کی ازسرنو حد بندی کی تجویز شامل کی گئی ہے۔ بل کے مطابق یہ عمل اسی وقت شروع ہوگا جب یہ علاقہ پاکستان کے قبضے سے آزاد ہوجائے گا۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن آف انڈیا وہاں حد بندی کمیشن کے طور پر کام کرے گا۔بل کی دفعہ۳(۴) میں اس کا التزام کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بل میں ’’پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر‘‘ کی اصطلاح استعمال کرنے کے بجائے اسے ’’پاکستان کے قبضے میں آنے والا علاقہ‘‘ کہا گیا ہے۔فی الحال جموں کشمیر اسمبلی میں۹۰؍منتخب نشستیں ہیں، جبکہ پاکستان کے زیر قبضہ علاقے کے لیے مخصوص۲۴؍ نشستیں خالی رکھی گئی ہیں۔ تاہم مجوزہ بل میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان نشستوں کی حیثیت کیا ہوگی۔
سی جے پی نے حد بندی بل کی مخالفت کی اپیل کی
کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے تمام سیاسی جماعتوں اور ارکان پارلیمنٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں مجوزہ حد بندی بل کی مخالفت کریں۔ نوجوانوں کی تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اس بل کی منظوری میں مدد کرنے والی کسی بھی سیاسی جماعت یا لیڈرکا یہ عمل عوامی مینڈیٹ سے سنگین غداری ہوگا۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ مجوزہ حلقہ بندی کے ذریعے پارلیمانی اور اسمبلی حلقوں کی ازسرنو تشکیل حکمراں جماعت کو فائدہ پہنچانے کیلئے کی جا سکتی ہے۔
سی جے پی نے سنیچرکو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ووٹروں کو بعض حلقوں میں جمع کرنے اور دوسرے حلقوں میں تقسیم کرنے کے ذریعے ڈالے گئے ووٹوں کی مجموعی تعداد میں کوئی تبدیلی کئے بغیر بھی انتخابی نتائج پر اثر انداز ہوا جا سکتا ہے۔ تنظیم کے مطابق حلقہ بندی کے ذریعہ انتخابی نقشے میں جانبدارانہ تبدیلی سے بی جے پی کو طویل مدت تک سیاسی فائدہ پہنچانے کا خدشہ ہے۔ اسلئے اس عمل میں مناسب حفاظتی انتظام اور آزادانہ نگرانی ضروری ہے۔پارٹی نے کہا کہ پارلیمانی اور اسمبلی حلقوں کی حدود کئی دہائیوں تک سیاسی نمائندگی پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ اگر ان کی تشکیل کسی حکمراں جماعت کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے کی گئی تو عوامی رائے میں تبدیلی بھی پارلیمنٹ کی نمائندگی میں منصفانہ طور پر ظاہر نہیں ہو سکے گی۔ اس نے تمام پارٹیوںسے اپیل کی کہ وہ جانبدارانہ تبدیلی کے خلاف متحد ہوں۔
اروندھتی رائے نے بھی حد بندی بل کی مخالفت کی
معروف مصنفہ اروندھتی رائے نے مرکز کے مجوزہ حد بندی بل پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ اس کا خواتین کے ریزرویشن سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ اس کے ذریعے انتخابی حلقوں کی ازسرنو تشکیل کرکے ذات، مذہب اور برادری کی بنیاد پر سیاسی تقسیم کو مستحکم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے اسے محض انتخابی حلقوں کی تعداد بڑھانے کے بجائے سیاسی مفادات کے مطابق حلقوں کی نقشہ بندی (جیری مینڈرنگ) کا منصوبہ قرار دیا۔