ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے نیتن یاہو کی ایران کو پانی فراہم کرنے کی مشروط پیشکش پر طنز کرتے ہوئےکہا کہ پہلے غزہ کی ناکہ بندی پر توجہ دیں۔ جو شخص غزہ کا کھانا پانی بند کرسکتا ہے، اس سے کون توقع رکھے گا؟
EPAPER
Updated: August 14, 2025, 10:02 PM IST | Tehran
ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے نیتن یاہو کی ایران کو پانی فراہم کرنے کی مشروط پیشکش پر طنز کرتے ہوئےکہا کہ پہلے غزہ کی ناکہ بندی پر توجہ دیں۔ جو شخص غزہ کا کھانا پانی بند کرسکتا ہے، اس سے کون توقع رکھے گا؟
ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے بدھ کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ایران کے پانی کے بحران میں مدد کی پیشکش کا مذاق اڑایا۔ پیزشکیان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم `ایکس پر لکھا’’اسرائیل نے فلسطینیوں کو پانی اور خوراک سے محروم رکھا ہے، لہٰذا اس پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔‘‘انہوں نے مزید کہا: ’’وہ حکومت جو غزہ کے لوگوں کو پانی اور روٹی سے محروم کر رہی ہے، کہتی ہے کہ وہ ایران کو پانی پہنچائے گی؟ محض سراب کے سوا کچھ نہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: یوئیفا سپر کپ: غزہ کے بچوں اور شہریوں کے قتل کے خلاف یوئیفا کا واضح پیغام
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے منگل کو ویڈیو پیغام میں براہِ راست ایرانی عوام سے خطاب کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ جب ایران موجودہ حکومت سے ’’آزاد‘‘ہو جائے گا تو اسرائیل ملک کے شدید پانی کے بحران کو حل کرنے میں مدد کرے گا۔ تہران میں کابینہ اجلاس کے دوران پیزشکیان نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’دھوکے باز چہرے والےحکمران ایرانی عوام کے لیے جھوٹی ہمدردی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ پہلے غزہ کی تباہ حالی اور بے بس عوام کو دیکھیں، خاص طور پر وہ بچے جو بھوک، پینے کے پانی اور ادویات کی قلت، اور وحشیانہ حکومت کی ناکہ بندی کی وجہ سے جدوجہد کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ کے حالات پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے اسرائیل کولتاڑا
جون میں اسرائیل نے ایران پر ہوائی حملے کئے تھے، جس میں تقریباً ۱۱۰۰؍ افراد ہلاک ہوئے جن میں کئی فوجی کمانڈر شامل تھے۔ ایران کی جوابی کارروائی میں اسرائیل کے۲۸؍ شہری مارے گئے۔ اتوار کو پیزشکیان نے افسران سے کہاکہ ’’ہمارے پاس پانی نہیں ہے، نہ زمین کے نیچے پانی ہے نہ ڈیموں میں۔ اب آپ ہی بتائیں ہم کیا کریں؟ کیا کوئی آ کر مجھے راستہ دکھائے گا؟‘‘ انہوں نے تسلیم کیا کہ ’’ہم ایک سنگین اور ناقابلِ تصور بحران میں ہیں، اور ماہرین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔‘‘ جبکہ ماہرینِ ماحولیات کے مطابق ایران میں برسوں کی خشک سالی اورپانی کا ناقص انتظام اس بحران کی بنیادی وجوہات ہیں۔