Updated: November 10, 2026, 5:03 PM IST
| Tel Aviv
اسرائیل اور امریکہ کے درمیان فوجی امداد کے نئے معاہدے پر مذاکرات جاری ہیں۔ اسرائیلی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کے مطابق تل ابیب جنوری میں نئی امریکی کانگریس کے حلف اٹھانے سے پہلے معاہدہ طے کرنا چاہتا ہے۔ موجودہ ۱۰؍ سالہ معاہدے کی جگہ ۵؍ سالہ عبوری انتظام زیرِ غور ہے، جس کے بعد براہِ راست فوجی امداد مکمل طور پر ختم ہوسکتی ہے، تاہم میزائل دفاعی نظاموں کی مشترکہ تیاری کے لیے امریکی مالی تعاون بڑھانے کی تجویز ہے۔
ٹرمپ اور نیتن یاہو۔ تصویر: آئی این این
اسرائیل کو امریکہ کی جانب سے دی جانے والی فوجی امداد کے مستقبل پر دونوں ملکوں کے درمیان نئی بات چیت شروع ہوگئی ہے۔ اسرائیلی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت چاہتی ہے کہ جنوری میں نئی امریکی کانگریس کے حلف اٹھانے سے پہلے فوجی امداد کا نیا معاہدہ طے کرلیا جائے، کیونکہ کانگریس میں سیاسی تبدیلیوں کے بعد اسرائیل کے لیے امریکی امداد جاری رکھنے میں مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ مجوزہ معاہدے کے تحت اسرائیل کو براہِ راست فوجی امداد فوری طور پر بند نہیں ہوگی، بلکہ موجودہ معاہدہ ۲۰۲۸ء میں ختم ہونے کے بعد مزید ۵؍ برس تک امداد جاری رکھنے اور پھر اسے مکمل طور پر ختم کرنے کا منصوبہ زیرِ غور ہے۔ رپورٹ کے مطابق نئے انتظام میں امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو سالانہ براہِ راست فوجی امداد تقریباً موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کی تجویز ہے، لیکن اس کی مدت ۱۰؍ برس کے بجائے ۵؍ برس ہوگی۔ اس طرح اسرائیل کو مجموعی طور پر تقریباً ۵ء۱۶؍ ارب ڈالر کی براہِ راست فوجی امداد ملے گی، جس کے بعد یہ سلسلہ ختم ہوجائے گا۔ موجودہ معاہدے کے تحت اسرائیل کو ۲۰۲۸ء تک ہر سال ۳ء۳؍ ارب ڈالر دیے جارہے ہیں، جس کی ۱۰؍ سالہ مجموعی مالیت ۳۳؍ ارب ڈالر ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ترکی نے کاپ ۳۱؍کے آغازسے قبل بجلی کے استعمال کوموسمیاتی ایجنڈہ میں سرفہرست رکھا
اسرائیل اور امریکہ کے درمیان فوجی امداد کا موجودہ معاہدہ ۲۰۱۸ء میں طے پایا تھا۔ اس کے تحت امریکی حکومت اسرائیل کو فوجی سازوسامان خریدنے کے لیے مالی مدد فراہم کرتی ہے۔ اس رقم سے امریکی ساختہ ہتھیار، جنگی طیارے، ہیلی کاپٹر، گولہ بارود اور دیگر فوجی آلات خریدے جاتے ہیں۔ مجوزہ نئے معاہدے میں براہِ راست فوجی امداد کی مدت کم کرنے کے باوجود میزائل اور فضائی دفاعی نظاموں کی مشترکہ تیاری کے لیے تعاون بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے۔ اخبار کے مطابق اس وقت امریکہ اسرائیل کے ساتھ میزائل دفاعی نظاموں کی تحقیق، تیاری اور پیداوار کے لیے سالانہ تقریباً ۵۰؍کروڑ ڈالر فراہم کرتا ہے۔ نئے معاہدے میں اس رقم میں اضافے کی توقع ہے، تاہم اس کی نئی مالیت ابھی طے نہیں ہوئی۔ اس تعاون میں ’آئرن ڈوم‘، ’ڈیوڈز سلنگ‘ اور ’ایرو‘ جیسے دفاعی نظام شامل ہیں۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون اور میزائل حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ان نظاموں کی تیاری اور تحقیق میں مشترکہ سرمایہ کاری دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق مذاکرات میں امریکہ کی جانب سے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے نمائندے اور اسرائیل کی جانب سے وزارتِ دفاع اور واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے کے عہدیدار شریک ہیں۔ اسرائیلی مذاکراتی ٹیم اس وقت حیران رہ گئی تھی جب ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ اسرائیل کو امریکی فوجی امداد ۲۰۲۶ء کے اختتام تک بند کردی جائے گی۔ ابتدا میں اسرائیلی حکام کو یہ سمجھنے میں دشواری ہوئی کہ امریکی صدر کے بیان کا اصل مطلب کیا ہے۔ ٹرمپ نے امریکی انتخابات کے دن فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا، ’’ہم انہیں ۴؍ ارب ڈالر دے رہے تھے۔ ہم دے رہے ہیں، لیکن یہ سال کے آخر میں بند ہوجائے گا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے خود امریکی امداد ختم کرنے کا خیال پیش کیا ہے، کیونکہ اسرائیل ایک کامیاب ملک بن چکا ہے اور اب اسے اس مالی مدد کی ضرورت نہیں رہی۔ تاہم یدیعوت احرونوت نے ایک نامعلوم اعلیٰ اسرائیلی عہدیدار کے حوالے سے لکھا کہ ٹرمپ کا یہ بیان بڑی حد تک امریکی داخلی سیاست سے متعلق تھا۔ عہدیدار کے مطابق امریکی صدر نے مشی گن میں ری پبلکن سینیٹ امیدوار مائیک راجرز کی انتخابی مہم میں مدد کے لیے یہ موقف اختیار کیا تھا۔ راجرز کے مقابلے میں ڈیموکریٹ امیدوار عبدالالسید تھے، جو اسرائیل کے سخت ناقد سمجھے جاتے ہیں۔ تاہم اس سیاسی کوشش کے باوجود عبدالالسید نے کامیابی حاصل کی اور وہ امریکی سینیٹ کے لیے منتخب ہونے والے پہلے مسلمان بن گئے۔
یہ بھی پڑھئے: مصر میں ٹرینوں کے درمیان تصادم،۷؍ افرادجاں بحق،۱۰۰؍ سے زائد زخمی
اسرائیل کو امریکی امداد میں کمی کی مخالفت صرف سیاسی بنیادوں پر نہیں ہورہی، بلکہ اس کے پیچھے امریکہ کے اپنے معاشی مفادات بھی ہیں۔ اسرائیلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی امداد کا بڑا حصہ بالآخر امریکہ ہی کی دفاعی صنعتوں اور وہاں کے روزگار میں واپس جاتا ہے۔ اسرائیل امریکی مالی مدد سے امریکی کمپنیوں سے ہتھیار اور فوجی سازوسامان خریدتا ہے، جس سے کئی ریاستوں میں دفاعی صنعتوں کو کاروبار اور ملازمتیں ملتی ہیں۔ اخبار نے مذاکرات سے واقف ایک اسرائیلی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ امریکی کانگریس کے بعض ارکان فوجی امداد میں کمی کے مخالف ہیں، کیونکہ اس سے ان کی نمائندگی والے علاقوں میں دفاعی کمپنیوں اور ملازمتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ نیتن یاہو کی جانب سے امداد ختم کرنے کا خیال پیش کیے جانے کے بعد امریکی سینیٹ کے بعض ارکان نے اسرائیلی عہدیداروں سے رابطہ کرکے اس فیصلے کے ممکنہ نتائج کے بارے میں بھی پوچھا تھا۔ اسرائیلی عہدیدار نے کہا، ’’ہم امداد کے ماڈل سے شراکت داری کے ماڈل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔‘‘ ان کے مطابق سیکوریٹی امداد کا بڑا حصہ امریکہ ہی میں خرچ ہوتا ہے اور اس سے امریکی معیشت کو فائدہ پہنچتا ہے۔ اس امداد میں کٹوتی سے امریکی دفاعی صنعتوں کو بھی اپنے کاروبار اور منصوبوں میں تبدیلیاں کرنا پڑیں گی۔
اس معاملے کا ایک اہم پس منظر غزہ پر اسرائیلی جنگ اور اس کے نتیجے میں امریکی عوام کی رائے میں آنے والی تبدیلی بھی ہے۔ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران فلسطینی حکام کے مطابق غزہ میں ۷۴؍ ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک اور ایک لاکھ ۷۵؍ ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ علاقے کے تقریباً ۹۰؍ فیصد بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے یا وہ تباہ ہوچکا ہے۔ ان اعداد و شمار کے ساتھ امریکی عوام میں اسرائیل کے بارے میں رائے بھی تبدیل ہوئی ہے۔ مختلف عوامی جائزوں میں اسرائیل کے لیے حمایت میں کمی اور فلسطینیوں کے حق میں ہمدردی میں اضافے کا رجحان سامنے آیا ہے۔ ٹرمپ نے بھی کانگریس کے انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست کے بعد اعتراف کیا تھا کہ اسرائیل کے بارے میں امریکی عوام میں بڑھتی ہوئی ناپسندیدگی ان عوامل میں شامل تھی جنہوں نے ری پبلکن پارٹی کے انتخابی نتائج کو متاثر کیا۔ اس صورت حال میں اسرائیل کے لیے فوجی امداد کا معاملہ محض دونوں حکومتوں کے درمیان دفاعی معاہدے تک محدود نہیں رہا، بلکہ امریکی داخلی سیاست اور عوامی رائے سے بھی جڑ گیا ہے۔ اسرائیل اور امریکہ کے درمیان مجوزہ معاہدے کی تفصیلات ابھی حتمی نہیں ہیں۔ تاہم موجودہ مذاکرات سے یہ اشارہ ضرور ملتا ہے کہ واشنگٹن براہِ راست مالی امداد کو بتدریج ختم کرنے کے ساتھ دفاعی ٹیکنالوجی اور مشترکہ فوجی منصوبوں میں تعاون جاری رکھنے کا راستہ تلاش کررہا ہے۔ اسرائیل کے لیے یہ تبدیلی ایک ایسے ملک پر مالی انحصار کم کرنے کی کوشش بھی ہوگی جو کئی دہائیوں سے اس کی فوجی قوت کا سب سے بڑا بیرونی مددگار رہا ہے۔ دوسری جانب امریکی دفاعی صنعتوں کے لیے بھی یہ سوال اہم ہوگا کہ اسرائیل کو دی جانے والی امداد ختم ہونے کے بعد ان کے کاروبار اور مشترکہ منصوبوں کا مستقبل کیا ہوگا۔