بھیونڈی میں معروف شاعر کے دوسرے شعری مجموعے ’جبر و قہر کا موسم‘ کی رسمِ اجراء، ادبی شخصیات نے کلام اور فکر کو سراہا، ا ن کی ادبی خدمات کا اعتراف کیا۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 10:44 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
بھیونڈی میں معروف شاعر کے دوسرے شعری مجموعے ’جبر و قہر کا موسم‘ کی رسمِ اجراء، ادبی شخصیات نے کلام اور فکر کو سراہا، ا ن کی ادبی خدمات کا اعتراف کیا۔
’’شعر محض لفظوں کی خوبصورت ترتیب کا نام نہیں بلکہ اس کا رشتہ زندگی کے محسوسات، مشاہدات اور ذاتی تجربات سے ہونا چاہئے۔ شعر تاریخ اور معمولاتِ زندگی کے خلاف نہیں ہونا چاہئے اور نہ ہی اس میں خرافات کی کوئی گنجائش ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار معروف شاعر، نقاد، محقق اور کالم نویس شمیم طارق نے اپنے دوسرے شعری مجموعے ’جبر و قہر کا موسم‘ کی رسمِ اجراء کے موقع پر کیا۔ یہ ادبی تقریب یومِ اطفال کے موقع پر سنیچر کی شام صنوبر ہال میں بزمِ انصارِ ادب کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی۔
صاحبِ کتاب نے اپنے شعری رویے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آج ایسے اشعار کی کثرت ہے جن کا کوئی واضح مفہوم نہیں ہوتا، جبکہ ان کے نزدیک شعر کی بنیاد محسوسات، مشاہدات اور ذاتی تجربات و واردات پر ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اشعار میں زندگی کے مختلف تجربات کی ترجمانی ملتی ہے اور وہ شعر میں بھی بغیر موزوں دلیل کے کوئی دعویٰ نہیں کرتے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنا کلام بھی سنایا۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: میونسپل اسکولوں میں سی بی ایس ای انگریزی میڈیم شروع کرنے کی تجویز
تقریب کی صدارت کرتے ہوئے رئیس ہائی اسکول و جونیئر کالج کے سربراہ ضیاء الرحمٰن انصاری نے شمیم طارق کی نثر، شاعری اور صحافتی کالموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ان کی تحریروں، تقریروں اور نجی گفتگو میں فکر کی وحدت نمایاں طور پر نظر آتی ہے۔ انہوں نے دونوں شعری مجموعوں کے درمیان طویل وقفے کو بیسویں صدی کے آخری ربع اور اکیسویں صدی کے پہلے ربع کے تجربات اور مشاہدات کا حاصل قرار دیا۔
معروف انشائیہ نگار، شاعر اور ادیب محمد رفیع انصاری نے تقریب کا افتتاح کیا۔ انہوں نے مجموعے کے مشمولات پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے شمیم طارق کی شخصیت اور ادبی خدمات کے اعتراف میں اپنے کہے ہوئے اشعار بھی پیش کئے۔
مہاراشٹر اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے چیئرمین سید حسین اختر کے ہاتھوں مجموعے کی رسمِ اجراء عمل میں آئی۔ انہوں نے اپنے علاقے میں اساتذہ اور طلبہ کے درمیان شمیم طارق کی مقبولیت سے متعلق دلچسپ واقعات بیان کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔