سوشل میڈیا پر ملی دھمکی کے بعد اورنگ آباد میں واقع مکان کے باہر پولیس وین اور اہلکار تعینات کئے گئے۔
EPAPER
Updated: May 24, 2026, 9:42 AM IST | Z. A. Khan | Aurangabad
سوشل میڈیا پر ملی دھمکی کے بعد اورنگ آباد میں واقع مکان کے باہر پولیس وین اور اہلکار تعینات کئے گئے۔
سوشل میڈیا پر اپنی منفرد مہم ‘کاکروچ جنتا پارٹی’کے ذریعے ملک کے نظام اور بے روزگاری کے مسئلے پر سخت تنقید کرنے والے ابھیجیت دیپکے کو جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ابھیجیت نے خود اس دھمکی کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس کے بعد ملک بھر میں ہلچل مچ گئی ۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اورنگ آباد پولیس نے احتیاطی اقدام کے طور پر اورنگ آباد کے والوج علاقے میں واقع ان کے گھر کے باہر سیکوریٹی بڑھا دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے ہینڈل کو ہیک کرنے میں آئی بی کا ہاتھ ہے؟
یاد رہے کہ چند روز قبل چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت نے بے روزگار نوجوانوں کو ’کاکروچ‘ سے تشبیہ دی تھی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔اسی تناظر میں بوسٹن میں پڑھنے والے اورنگ آباد کے ایک نوجوان ابھیجیت دیپکے نے احتجاجاً ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ قائم کی۔ اس پارٹی کو سوشل میڈیا پر غیرمعمولی مقبولیت حاصل ہوئی ۔ اسی دوران ایک سیاسی کارکن کی جانب سے ابھیجیت دیپکے کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔اس پس منظر میں اورنگ آباد پولیس نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ابھیجیت کے والوج میں واقع گھر کے باہر پولیس بندوبست تعینات کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: حکومت عوام کو قسطوں میں لوٹ رہی ہے: ملکارجن کھرگے
وہاں ایک پولیس وین بھی کھڑی کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ابھیجیت کے والدین سے فی الحال کوئی رابطہ نہیں ہو پارہا، جس کے باعث قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ انہیں کسی محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ابھیجیت دیپکے اور ان کی ’کاکروچ جنتا پارٹی‘کے بارے میں عوام میں کافی تجسس ہے، اسلئے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئےسیکوریٹی فراہم کی گئی ہے۔ اورنگ آباد کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس پنکج اتولکر نے بتایا کہ یہ حفاظتی انتظامات آئندہ چند دن تک برقرار رہیں گے۔جمعہ کو ابھیجیت نے ایکس پر جو اسکرین شاٹ شیئر کیا تھا اس میں کہا گیا تھاکہ ’’تمہیں جتنے پیسے چاہئیں مل جائیں گے، فوراً اپنا ‘کاکروچ جنتا پارٹی’ اکاؤنٹ بند کرو، یا سیدھا بی جے پی میں شامل ہوجاؤ۔‘‘