ناگپور پولیس کمشنر سے پولیس بھون میں ملاقات کے دوران اپنے منصب کی ذمہ داریاں آئین کے مطابق ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔
EPAPER
Updated: July 02, 2026, 12:19 PM IST | Ali Imran | Nagpur
ناگپور پولیس کمشنر سے پولیس بھون میں ملاقات کے دوران اپنے منصب کی ذمہ داریاں آئین کے مطابق ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔
آر ایس ایس کے پروگرام میں شرکت کرنے والے ناگپور کے پولیس کمشنر وشواس نانگرے پاٹل پر تنقیدوں کے بعد کانگریس اور کچھ دیگر تنظیموں نے انہیں آئین کی ایک کاپی تحفے میں دی ہے۔ اس موقع پر انہیں ناگپور میں پولیس کمشنر کی حیثیت سے آئین کے مطابق کام کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا۔
اطلاع کے مطابق ناگپور کانگریس شہر صدر پرفل گڈھے پاٹل کی قیادت میں کانگریس، سی پی آئی ، سی پی آئی ایم ، عام آدمی پارٹی اور جے ودربھ پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے عہدیداروں نے ایک وفد کی شکل میں پولیس بھون میں وشواس نانگرے پاٹل سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کانگریس لیڈروں نے نانگرے پاٹل کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ’’ہم ناگپور کے رہنے والے ہیں، اسلئے ہم آر ایس ایس کو آپ سے بہتر اور قریب سے جانتے ہیں۔ اگر آپ کو آر ایس ایس کو سمجھنا ہے، تو ہماری مدد لینی چاہئے۔ کانگریس لیڈروں نے آر ایس ایس پر الزام لگایا کہ وشواس نانگرے پاٹل ایک معروف شخص ہیں، نوجوانوں میں ان کیلئے خاص کشش ہے، اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ان کی شہرت کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹی ایم سی کا باغی خیمہ انتخابی نشان کا دعویدار
یاد رہے کہ، آئی پی ایس افسر وشواس نانگرے پاٹل کو حال ہی میںآر ایس ایس کے ایک پروگرام میں شرکت اور آر ایس ایس کی تعریف کے بعد تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ وشواس نانگرے پاٹل کا حال ہی میں ناگپور پولیس کمشنر کے طور پر تبادلہ ہوا ہے اور انہوں نے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی پریس کانفرنس منعقد کرکے اس تعلق سے صفائی پیش کی تھی۔ انہوں نے آری ایس ایس کی تقریب میں شرکت کے باعث ان پر ہونے والی تنقید وں کا بھی جواب دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ’’ میں نے آر ایس ایس کے پروگرام میں جاکر ملازمت کی شرائط کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔‘‘ اس کے بعد ناگپور کانگریس کے شہر صدر پرفل گڈھے پاٹل کی قیادت میں ایک وفد نے وشواس نانگرے پاٹل سے پولیس بھون میں ملاقات کی اور انہیں آئین کی ایک کاپی تحفے کے طور پر پیش کی تاکہ وہ منصب کی ذمہ داری آئین کے مطابق نبھائیں۔