پرینکا گاندھی نےایمرجنسی کے بعد اسکول میں ’’میںتیرا چچا چور ہے‘‘کا طعنہ یاد کرکے تھپڑ والا قصہ سنایا ، یہ واقعہ انہوں نے اپنی والدہ سونیا گاندھی اور بھائی راہل گاندھی کے ساتھ ایک بے تکلف گفتگو میں سنایا۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 10:04 PM IST | New Delhi
پرینکا گاندھی نےایمرجنسی کے بعد اسکول میں ’’میںتیرا چچا چور ہے‘‘کا طعنہ یاد کرکے تھپڑ والا قصہ سنایا ، یہ واقعہ انہوں نے اپنی والدہ سونیا گاندھی اور بھائی راہل گاندھی کے ساتھ ایک بے تکلف گفتگو میں سنایا۔
کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے اپنی والدہ سونیا گاندھی اور بھائی راہل گاندھی کے ساتھ ایک بے تکلف گفتگو میں اسکول کے دنوں کا ایک دلچسپ واقعہ سنایا، جب ایمرجنسی کے بعد ان کی دادی اندرا گاندھی کی انتخابی شکست کے بعد انہیں اسکول میں طعنے سننے پڑے۔پرینکا نے بتایا کہ ایک ہم جماعت نے ان کے چچا سنجے گاندھی کو جیل میں ہونے پر ’’چور‘‘ کہا تو غصے میں انہوں نے اسے تھپڑ مار دیا تھا۔یہ تینوں سونیا گاندھی کی یادداشت ’’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘‘ سے آگے کی اپنی زندگی کی کہانیاں یاد کر رہے تھے۔ پرینکا نے کہا، ’’ایمرجنسی کے بعد جب دادی الیکشن ہار گئیں تو ہم ایک دوسرے گھر میں منتقل ہو گئے۔ مجھے یاد ہے کہ ماحول میں بہت تناؤ تھا۔‘‘راہل نے انہیں یاد دلایا، ’’کیا تمہیں یاد ہے الیکشن ہارنے کے بعد اسکول جانے والا پہلا دن؟‘‘پرینکا نے جواب دیا، ’’مجھے یاد ہے ایک چھوٹا لڑکا آیا اور مجھ سے کہا، تیرا چچا جیل میں ہے، چور ہے تیرا چچا۔ تو میں نے اسے تھپڑ مار دیا اور وہ رونے لگا۔ پھر ہم ٹیچر کے پاس گئے اور مجھے ڈانٹ پڑی۔‘‘مزید برآں راہل نے اس موقع پر کہا کہ اسکول میں وہ دونوں ایک دوسرے سے مختلف تھے۔ اس پر بہن بھائی ہنس پڑے۔ پرینکا پریفیکت تھیں اور راہل ’’سپر پریفیکت‘‘ تھے۔ راہل نے کہا، ’’وہ باغی نہیں تھیں، وہ ہمیشہ اصولوں پر عمل کرتی تھیں۔ اور میں باغی تھا، ہمیشہ سوالات پوچھتا رہتا تھا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: سورَو داس کو آکسفورڈ جانے سے روکا گیا، مودی حکومت کو ’بزدل‘ قرار دیا
واضح رہے کہ ۱۹۷۷ء کا الیکشن واحد الیکشن تھا جو اندرا گاندھی اور ان کے چھوٹے بیٹے سنجے نے ہارا تھا۔ یہ شکست ایمرجنسی کے نفاذ پر عوامی غصے کے بعد ہوئی تھی۔بعد ازاں سنجے گاندھی کو ’’قصہ کرسی کا‘‘ کیس میں جیل بھیجا گیا تھا، جس میں۱۹۷۵ء-۱۹۷۷ء کی ایمرجنسی کے دوران ایک طنزیہ فلم کو تباہ کرنے کا الزام تھا۔ دہلی کی ایک عدالت نے۲۷؍ فروری۱۹۷۹ء کو سنجے گاندھی اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات وی سی شکلا کو مجرمانہ سازش اور فلم کے پرنٹ تباہ کرنے کے الزام میں مجرم قرار دے کر۲؍ سال قید کی سزا سنائی تھی۔ بعد میں اپیل پر یہ سزا ختم کر دی گئی۔
واضح رہے کہ طنزیہ فلم ’’قصہ کرسی کا‘‘ میں اندرا گاندھی کی حکومت، سنجے گاندھی کے ’’عوامی کار‘‘ یعنی ماروتی پروجیکٹ اور سیاسی چاپلوسی کا مذاق اڑایا گیا تھا۔ اسے راجستھان سے تین بار رکن پارلیمنٹ رہنے والے امرت نہاٹا نے ہدایت کاری اور پروڈکشن میں بنایا تھا، جو۱۹۷۷ء تک کانگریس میں تھے۔نہاٹا نے۱۹۷۵ء میں فلم بنائی تھی جب وہ ابھی کانگریس میں تھے۔ بعد میں وہ اندرا گاندھی کی کانگریس سے الگ ہو گئے،۱۹۷۷ء میں فلم ریلیز کی اور جنتا پارٹی میں شامل ہو گئے۔ تمام اصل پرنٹ تباہ ہو گئے تھے، تاہم انہوں نے فلم دوبارہ بنا کر۱۹۷۸ء میں ریلیز کی۔ یہ نہاٹا کی آخری فلم تھی۔
یہ بھی پڑھئے: ووٹ چوری کیخلاف ۱۲؍ دسمبر کو بھوپال سے ملک گیر مہم کا آغاز
ذہن نشین رہے کہ ۱۹۷۷ء میں ہارنے کے بعد اندرا گاندھی اور سنجے گاندھی نے۱۹۸۰ء کے انتخابات جیتے۔ سنجے نے امیٹھی سیٹ جیتی اور۱۹۸۱ء میں فضائی حادثے میں موت تک اس پر قائم رہے۔ ان کی موت کے بعد راہل اور پرینکا کے والد راجیو گاندھی نے۱۹۸۱ میں امیٹھی سے الیکشن لڑا اور۲۱؍ مئی۱۹۹۱ء کو انتخابی مہم کے دوران قتل تک اس سیٹ پر قائم رہے۔