• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈیٹا سینٹرز اور صنعتوں کو پانی کی فراہمی کیلئے علاحدہ ادارہ قائم کرنے کی تجویز

Updated: November 22, 2026, 11:34 AM IST | Iqbal Ansari And Agency | Mumbai

وزیراعلیٰ نے ایم آئی ڈی سی کو منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی، ممبئی اور پونےکی پانی کی ضرورت کی تکمیل کیلئے متبادل ذرائع اور ری سائکلنگ پر زور دیا۔

Devendra Fadnavis. Photo: INN
دیوندر فرنویس۔ تصویر: آئی این این

وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے امسال کم بارش کی بنا پر پانی کی قلت کے پیش نظر   ریاست کے۲؍سب سے بڑے شہری مراکزممبئی میٹروپولیٹن ریجن( ایم ایم آر)اور پونے میٹرو پولیٹن  ریجن( پی ایم آر)میں  پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے جامع   اور طویل مدتی منصوبہ بندی کی ہدایت دی ہے۔ ان الزامات کے بیچ کہ ڈیٹا سینٹرس  بھاری مقدار میں پانی استعمال کریں گے،  فرنویس نے   ایم آئی ڈی سی  کو ہدایت دی ہے کہ وہ صنعتوں اور ڈیٹا سینٹرس کو پانی فراہم کرنے کیلئے  اپنی مکمل ملکیت  والی  الگ ذیلی کمپنی قائم کرنے کی تجویز تیار کرے۔

نئے ڈیم اورپانی کی ری سائکلنگ

وزیراعلیٰ  نےہدایت دی کہ نئے ڈیموں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ استعمال شدہ پانی کو صاف کر کے دوبارہ قابل  استعمال بنانے، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے اور متبادل ذرائع تلاش کرنے کو   ترجیح دی جائے۔ یہ جائزہ میٹنگ  وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ ’ورشا‘ پر منعقد ہوئی جس  میں وزراء منگل پربھات لودھا، گریش مہاجن، آشیش شیلار، گنیش نائک اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

یہ بھی پڑھئے: سندھو درگ میں ملک کا پہلا زیر آب عجائب گھر بنانے کا منصوبہ، تکمیل ۲۰۲۸ء تک متوقع

 طویل مدتی اہداف کا تعین

وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ تیزی سے پھیلتی اور بڑھتی شہری آبادی، صنعتوں اور ڈیٹا سینٹرس کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ممبئی میٹرو پولیٹن خطے کیلئے  ۲۰۵۱ءتک اور پونے میٹرو پولیٹن خطے کیلئے ۲۰۴۷ءتک پانی کی فراہمی کا ایک مربوط اور مالی طور پر قابلِ عمل منصوبہ تیار کیا جائے جو وقت پر تکمیل کو پہنچے۔  انہوں نے ممبئی اور پونے میں جاری آبی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی تاکید بھی کی۔ نئے مجوزہ منصوبوں کیلئے جنگلات اور ماحولیاتی منظوری، زمین کے حصول اور متاثرین کی بازآبادکاری کا عمل متوازی طور پر آگے بڑھانے کی ہدایت دی ۔

پانی کے ضیااع  پر قابو اور واٹر آڈٹ

پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے فرنویس  نے میونسپل کارپوریشنوں اور میونسپل کونسلوں کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدہ واٹر آڈٹ کریں تاکہ پانی کی آمد، تقسیم اور بلنگ میں توازن برقرار ر ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ممبئی ریجن کی پانی کی طلب ۲۰۵۱ء تک بڑھ کر روزانہ ۱۶ ہزار ۱۳۹ ملین لیٹر ہوسکتی ہے، جبکہ پونے ریجن کی آبادی ۲۰۴۷ء تک بڑھ کر ۴.۱۲ کروڑ ہونے کا اندازہ ہے۔ اس دوران پونے کی پانی کی ضرورت تقریباً ۱۰۰ ٹی ایم سی تک پہنچ سکتی ہے۔پونے کی مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ملسھی ڈیم سے تقریباً ۸ ٹی ایم سی پانی پائپ لائن کے ذریعے کھڑک واسلہ لانے کی تجویز کی تکنیکی اور مالیاتی جانچ کرنے اور کونکن کے ساوتری ندی طاس کو بھیما سمیت دیگر ندی طاسوں سے جوڑنے کے منصوبے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’وہ لوگ ملک کو بھی تاریکی میں ڈال دینا چاہتے ہیں‘‘

صنعتی صارفین کیلئے  علاحدہ نظم

میٹنگ میں تجارتی اور صنعتی صارفین کیلئے اسمارٹ واٹر میٹر کے استعمال کو وسعت دینے کا  فیصلہ کیا گیا تاکہ پانی کے استعمال کی درست نگرانی ممکن ہو سکے۔انہوں نے صنعتی صارفین کو پانی سپلائی کرنے کیلئے جو علاحدہ کمپنی قائم کرنے کی تجویز دی وہ میونسپل کارپوریشنوں کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس سے صاف کئے گئے پانی کے ساتھ روایتی ذرائع سے حاصل ہونے والے پانی کی فراہمی بھی کرے گی۔ اس کا مقصد صنعتی پانی کی فراہمی اور موجودہ ٹریٹمنٹ پلانٹس کے انتظام کو ایک مربوط نظام کے تحت لانا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK