• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میٹا کیخلاف یوتھ کانگریس کا احتجاج ، ۷؍ دنوں کا الٹی میٹم

Updated: November 22, 2026, 11:20 AM IST | Mumbai

فیس بک اور انسٹا گرام پر اکاؤنٹس بلاک کئے جانے پر میٹا کو’بی جےپی کا بیٹا ‘کہہ کرمخاطب کیا، ممبئی ،حیدرآباد اور گروگرام میں امریکی کمپنی کے دفاتر میں توڑ پھوڑ ، مزید احتجاج کی دھمکی۔

Youth Congress workers protest outside Meta`s office in Mumbai. Photo: INN
ممبئی میں میٹاکے دفتر کے باہر یوتھ کانگریس کے کارکنوں کا احتجاج۔ تصویر: آئی این این

ممبئی(آئی این این ): تنگ آمد بہ جنگ آمد، کے مصداق   سوشل میڈیا پر سینسرشپ کے خلاف یوتھ کانگریس نے جمعہ کو  ممبئی، حیدرآباد اور گروگرام میں فیس بک اور انسٹا گرام کی مالک کمپنی ’میٹا‘ کے دفاتر پر گھس کر توڑ پھوڑ کی اورسدھر جانے کا مطالبہ کیا۔ سنیچر کو اسے  ۷؍ دنوں کا الٹی میٹم دیا  اور کہا کہ اگر تمام اکاؤنٹس بحال نہ کئے گئے اور حکومت کے اشاروں پر انہیں بلاک کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو ملک بھر میں کمپنی کے خلاف ایسا احتجاج ہوگا کہ اس کیلئے ہندوستان میں کاروبار کرنا مشکل ہوجائےگا۔   میٹا کے دفاتر پر حملہ کرنےوالے کانگریس کارکنوں  نے اسے  ’’ بی جےپی اور آر ایس ایس کابیٹا‘‘ کہہ کر پکارا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’وہ لوگ ملک کو بھی تاریکی میں ڈال دینا چاہتے ہیں‘‘

۷؍ دنوں کا الٹی میٹم  میں کیا مطالبہ کیاگیا

انڈین یوتھ کانگریس نے ’’میٹا‘‘کو  سے مطالبہ کیا ہے کہ گزشتہ ۶؍ ماہ کے دوران حکومت کی ہدایت پر ہندوستان  میں  بلاک کئے  گئے  تمام اکاؤنٹس کی تفصیلات اور اب بھی بلاک اکاؤنٹس کی تعداد بتائی جائے۔ تنظیم نے راہل گاندھی کا ذکر کرنے یا وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی پر تنقید کرنے والی پوسٹوں کو مبینہ طور پر خودکار نظام کے ذریعے بلاک کئے  جانے کی بھی وضاحت طلب کی۔ اس نے میٹا سے اپوزیشن لیڈروں ، صحافیوں اور کنٹینٹ بنانے والوںکی آوازوں پر عائد پابندیاں ختم کرنے اور بی جے پی کی سیاسی ہدایات پر عمل کرنے کے بجائے آئین کی پاسداری کرنے کا مطالبہ کیا۔

’’میٹا حکومت کے آگے جھکنا بند کرے‘‘

ایکس پر ایک پوسٹ میں یوتھ کانگریس نے کہا ہےکہ ’’اگر میٹا  بین الاقوامی کمپنی ہے تو اسے بھی ریڑھ کی ہڈی دکھانی چاہیے۔ اگر میٹا ہندوستان میں کاروبار کرنا چاہتی ہے تو اسے بی جے پی حکومت کے من مانے احکامات کے آگے جھکنے کے بجائے  آئین کا احترام کرنا ہوگا۔ ‘‘انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب نے الزام لگایا کہ بی جے پی میٹا کے ساتھ ملی بھگت کرکے تنقیدکی آن لائن آوازوں کو خاموش کرنے کیلئے’’غنڈہ گردی‘‘ کا مظاہرہ کررہی ہے۔

ایک اور پوسٹ میں، جس کا عنوان ’’بی جے پی کا بیٹا۔ میٹا‘‘  ہے، یوتھ کانگریس نے کہا  ہےکہ’’ ہندوستان جمہوریت ہے، مودی کی ذاتی جاگیر نہیں۔‘‘ تنظیم نے خبردار کیا کہ کمپنی سات دن کے اندر پابندیوں کا شکار اکاؤنٹس اور پوسٹ بحال کرے ورنہ   کمپنی کے خلاف مزید ملک گیر احتجاج کیا جائےگا۔  یوتھ کانگریس نے میٹا سے مطالبہ کیا کہ وہ ’’ریڑھ کی ہڈی دکھائے‘‘ اور بی جے پی کی ذیلی تنظیم کی طرح کام کرنے کے بجائے غیر جانب دار پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے۔مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں عدالتوں، سڑکوں اور کمپنی کے دفاتر میں احتجاج تیز کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ ممبئی میں مظاہرین نے آئی ٹی اور اطلاعات و نشریات کے وزیر اشوینی ویشنو کا پوسٹر بھی جلایا۔

یہ بھی پڑھئے: سندھو درگ میں ملک کا پہلا زیر آب عجائب گھر بنانے کا منصوبہ، تکمیل ۲۰۲۸ء تک متوقع

یوتھ کانگریس نے احتجاج کیوں کیا؟

یوتھ کانگریس کا الزام ہے کہ اِدھر کچھ مہینوں سے راہل گاندھی کے ذکر یا وزیر اعظم مودی اور بی جے پی پر تنقید کرنے والی پوسٹس  انسٹا گرام اور فیس بک پر مبینہ طور پر خود کار نظام کے تحت بلاک کی جارہی ہیں۔  اس کی زد میں یوتھ کانگریس کے کئی لیڈروں کے اکاؤنٹس بھی آئے۔  میٹا نے انسٹاگرام پر تنظیم  کے  قومی صدر ادے بھانو چِب اور قومی انچارج منیش شرما  کے اکاؤنٹس بھی معطل یا محدود کردیئے   اور ان کی متعدد پوسٹیں  ہٹادیں ۔ جمعہ کے احتجاج کے بعد ۲؍ اکاؤنٹ بحال کئےگئے ۔ 

صحافتی مشمولات پر بھی روک میں اضافہ

صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم نے بھی کہا ہے کہ امسال  ہندوستان میں صحافی مشمولات کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کے معاملات میں اضافہ ہوا ہے۔ آزادی ٔ اظہار رائے کی وکالت کرنےوالوں کا الزام ہے کہ مودی سرکار نے سوشل میڈیا پوسٹ ہٹانے کے تعلق سے جو نئے قوانین بنائے ہیں ان میں وقت اتنا کم ہے کہ مذکورہ پلیٹ فارمس کو بلاک کرنے کی درخواست پر فیصلہ کرنے کیلئے غوروخوض کا موقع بھی نہیں ملتا۔ پہلے کوئی مواد ہٹانے کیلئے پلیٹ فارم کو ۳۶؍ گھنٹوں کو وقت ملتا تھا مگر اب ۳؍گھنٹوں کا ہی وقت دیا جاتا ہےجس میں کارروائی نہ ہونے پر کیس درج ہوسکتاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK