’ووٹ چور گدی چھوڑ‘ اور’ گیانیش کمار ہٹاؤ دیش بچاؤ‘کے نعرے کے ساتھ احتجاج، گیٹ نمبر ۸؍ اور ملاڈ اسٹیشن پر کانگریس کا مظاہرہ۔
EPAPER
Updated: October 19, 2026, 4:02 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
’ووٹ چور گدی چھوڑ‘ اور’ گیانیش کمار ہٹاؤ دیش بچاؤ‘کے نعرے کے ساتھ احتجاج، گیٹ نمبر ۸؍ اور ملاڈ اسٹیشن پر کانگریس کا مظاہرہ۔
ایس آئی آر کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کا سلسلہ دراز ہوتا جارہا ہے۔ اسی سلسلے میں مالونی گیٹ نمبر۸؍ کارپوریٹر رفیق شیخ کے دفتر سے بس ڈپو تک اور ملاڈ اسٹیشن (مغرب) کے باہر کانگریس کی جانب سے احتجاج کرتے ہوئے ’ووٹ چور گدی چھوڑ‘ ،’ گیانیش کمار استعفیٰ دو‘ اور ’گیانیش ہٹاؤ دیش بچاؤ‘ کا نعرہ بلند کیا گیا۔ مظاہرین بڑا بینر اور پلے کارڈ لئے ہوئے تھے جس پر الگ الگ نعرے لکھے ہوئے تھے۔ اس دوران یہ اعلان کیا گیا کہ گیانیش کمار کے استعفے تک احتجاج جاری رہے گا ۔ اسی سلسلے میں آج پیر کے دن فائربریگیڈ کے سامنے کانگریس کی جانب سے احتجاج کیا جائے گا۔ کانگریس نے یہ طے کیا ہے کہ ہروارڈ میں یہ احتجاج کیا جائے گا۔ کانگریس کے ضلع صدر راج پت یادو نے کہا کہ گیانیش کمار نے ووٹ ہی نہیں چوری کیا ہے۔ انہوں نے عام آدمی کے سنویدھان میں دئیے گئے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے، یہ ناقابل معافی جرم ہے۔ ان کو اس کی سزا ملنی ہی چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ۱۳؍ کروڑ ووٹروں سے ان کے ووٹ کا حق چھین لینا کوئی مذاق نہیں ہے، اس لئے اب جنتا سمجھ گئی ہے اور گیانیش کمار کو جانا ہی ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: کارٹر روڈ میں ترنگا ریلی نکالنے والوں کو پولیس نے حراست میں لیا
اس کے علاوہ جب تک ان کو ہٹایا نہیں جاتا ہم سب آواز بلند کرتے رہیں گے۔ساوتری تائی نے کہا کہ ایس آئی آر کی آڑ میں گیانیش کمار نے مودی حکومت کے لئے ووٹ چوری کروائی، انہیں جیل میں ڈالا جائے اور ایک ایک ووٹر کے سنویدھان میں دیئے گئے حق اور ووٹ کی حفاظت کی جائے۔
سابق کارپوریٹر سراج شیخ نے کہا کہ گیانیش کمار کے کالے کارناموں سے پردہ اٹھ چکا ہے ، انہیں ہرحال میں جانا ہوگا۔ ہم سب ایک ایک ووٹر کے ووٹ کے حق کی حفاظت کے لئے میدان میں ہیں۔مقامی کارپوریٹر رفیق شیخ نے کہا کہ ایس آئی آر کا مقصد نئے ووٹروں کو شامل کرنا اور ان کو جمہوری نظام کا حصہ بنانا تھا مگر اس کی آڑ میں سازش رچی گئی جسے عوام نے سمجھ لیا ہے اور وہ اپنے حق کے لئے سڑکوں پر آرہے ہیں۔ ہم سب اسی لئے آواز بلند کررہے ہیں۔ جب تک عام آدمی کو انصاف نہیں مل جاتا ، کانگریس پارٹی کے ورکرز پوری شدت سے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ دونوں جگہوں پر احتجاج کے دوران پولیس کا زبردست بندوبست تھا۔