Inquilab Logo Happiest Places to Work

پائیدھونی: ۲؍ سگے بھائی لاپتہ، والدین کا برا حال

Updated: April 26, 2026, 11:55 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

والدہ کے ڈانٹنے پر فرحان اور محبوب گھر چھوڑ کر چلے گئے۔

A poster of the two missing brothers is up. Photo: INN
دونوں لاپتہ بھائیوں کا پوسٹر لگا ہے۔ تصویر: آئی این این

یہاں کی دھوبی گلی کی حسن بلڈنگ میں رہنے والے ۲؍ سگے بھائی جمعہ کی دوپہر سے لاپتہ ہیں ۔ اطلاع کے مطابق والدہ نے انہیں کسی بات پر ڈانٹ دیا تھا ۔ دونوں بھائیوں کے نہ ملنے سے والدین اور عزیزوں کا برا حال ہے ۔ دونوں بھائی ہاشمیہ اُردو ہائی اسکول کے طالب علم ہیں۔پائیدھونی پولیس اور کرائم برانچ کے اہلکار معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں۔ پائیدھونی پولیس اسٹیشن میں درج شکایت کے مطابق ’’ فرحان رجب علی شیخ( ۱۴) اور محبوب رجب علی شیخ ( ۱۱)دونوں جمعہ سے لاپتہ ہیں ۔ انہیں تلاش کرنے کیلئے مقامی علاقوں کے سی سی ٹی وی کیمرے کی جانچ کرنے کے ساتھ پولیس اپنے طورپر ان کاپتہ لگانے میں مصروف ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’مراٹھی سیکھنے کی بجائے ہڑتال کی دھمکی ناقابل قبول‘‘

فرحان اور محبوب کی والدہ عائشہ شیخ نے انقلاب کو بتایاکہ’’ جمعہ کی صبح ساڑھے ۸؍بجے میں نے دونوں بیٹوں کوہاشمیہ اسکول پہنچایا تھا ۔ وہ اسکول سے تقریباً ۱۱؍بجے لوٹے تھے ، بعدازیں میںنے انہیں جمعہ کی نماز پڑھنے کی تیاری کرنے کیلئے کہاتھا۔ اس دوران ایک بجے میں اپنے کام پر چلی گئی ۔ شام ۷؍بجے لوٹنے پر فرحان اور محبوب گھر میں نہیں دکھائی دیئے، میں نے اپنے شوہر کو فون کر کے اطلاع دی ۔ہم دونوں نے انہیں گھر کے قریب اور اطراف کے علاقوں میں تلاش کیا، ان کے دوستوں سے دریافت کیا لیکن کہیں بھی ان کا پتہ نہیں چلا ۔ بعد میں پائیدھونی پولیس اسٹیشن میں ان کے گم ہو نے کی شکایت درج کرا ئی۔‘‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’’ مجھے مائیگرین کی شکایت ہے، جمعرات کو سر میں بہت درد ہو رہا تھا ،ایسے میں کسی بات پر میں نے فرحان کو ڈانٹا تھا،بس یہی ایک بات میری سمجھ میں آتی ہے ،شاید اس کی وجہ سے وہ اپنے چھوٹے بھائی کو لے کر فرار ہواہے ۔وہ اپنے ساتھ کچھ کپڑے اور آدھار کارڈ بھی لے گئے ہیں۔ میرے دونوں بچے بہت اچھے ہیں ۔ ان میں کسی طرح کی بری عادت نہیں ہے ۔ اچھی پڑھائی کرتے ہیں۔اگر انہیں میرا ڈانٹنا برا لگاہو تومیں معذرت چاہتی ہوں ۔ آئندہ میں انہیں نہیں ڈانٹوں گی۔ فرحان او ر محبوب جہاں بھی ہوں چلے آئیں ۔ ہم بہت پریشان ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’چھترپتی شیواجی کی توہین کرنا آر ایس ایس کی پرانی عادت ہے‘‘

ہاشمیہ ہائی اسکول کے پرنسپل خالد شیخ کے مطابق ’’ فرحان اور محبوب دونوں ذہین طالب علم ہیں ۔ پابندی سے اسکول آتے ہیں۔ پڑھائی میں بھی ان کی کارکردگی اچھی ہے ۔ اتوار ۲۶؍ اپریل کو ہونے والے اسکالرشپ امتحان میں شریک ہونے والے تھے۔ ان بچوں نے ایسا کیوںکیا ؟ سمجھ میں نہیں آرہاہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK