دھیریندر شاستری کے بیان پر کانگریس کا اظہار برہمی ،شاستری کیساتھ وزیر اعلیٰ سے بھی معافی مانگنے کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: April 26, 2026, 11:12 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
دھیریندر شاستری کے بیان پر کانگریس کا اظہار برہمی ،شاستری کیساتھ وزیر اعلیٰ سے بھی معافی مانگنے کا مطالبہ۔
چھتر پتی شیواجی کے تعلق سے دھیریندر کمار شاستری کی غلط بیانی پر مہاراشٹر کانگریس نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا ہے کہ ’’چھترپتی شیواجی مہاراج کی توہین کرنا بی جے پی اور آر ایس ایس کی قومی پالیسی ہے۔ وہ مہاراج کے خیالات اور نظریات کو قبول نہیں کرتے۔ مہاراج کی توہین کرنا ان کی پرانی عادت ہے۔‘‘ سپکال ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: سرکاری اسپتال سے ۵۶ء۱؍ کروڑ کی مالیت کی ایکسپائرڈ دوائیں برآمد
انہوں نے مطالبہ کیاکہ دھیریندر شاستری، دیویندر فرنویس، نتن گڈکری اور موہن بھاگوت کو چھترپتی شیواجی کی توہین پر سر عام معافی مانگنی چاہئے۔ ‘‘سپکال نے سوال کیا کہ’’ جب دھیریندر شاستری شیواجی مہاراج کی توہین کر رہا تھا تو وزیر اعلیٰ، گڈکری اور بھاگوت کیوں خاموش تھے؟ انہو ںنے کہا کہ ’’چھترپتی شیواجی اور رام داس سوامی کے حوالے شامل نہ کریں۔ دونوں کے دور مختلف ہیں۔ تاریخ کو سبوتاژ کرنے کا بی جے پی کا ناپاک منصوبہ ہے جسے ہم کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔مہاراشٹر کانگریس کے صدر نے کہا کہ شاستری کا چھترپتی شیواجی کے بارے میں بیان قابل اعتراض ہے اور اگرچہ اس ان پڑھ شخص نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، مرکزی وزیر نتن گڈکری اور آر ایس ایس صدر موہن بھاگوت کی موجودگی میں غلط تاریخ بیان کی لیکن ان تینوں لیڈروں نے اسے درست کرنے کی کوشش نہیں کی۔ انہوںنےکہاکہ مہاراشٹر چھترپتی شیواجی مہاراج کی توہین کبھی برداشت نہیں کرے گا۔ دھیریندر شاستری، دیویندر فرنویس ، نتن گڈکری اور موہن بھاگوت کو مہاراج کی توہین کیلئے عوامی طور پر معافی مانگنی چاہئے۔
یہ بھی پڑھئے: تھانے: گاؤں دیوی میدان میں یکم تا ۱۰؍ مئی مینگو فیسٹیول کا انعقاد
اس موقع پر ہرش وردھن سپکال نے بی جے پی لیڈرجے بھگوان گوئل کی کتاب ’آج کے شیواجی: نریندر مودی‘ کے سرورق کا عکس بھی دکھایا جس میں چھترپتی اور نریندر مودی کے چہروں کو ایک ساتھ دکھایا گیا ہے۔ شیواجی مہاراج اور مودی کا موازنہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ این سی پی (شرد) کے روہت پورا نے بھی دھیریندر شاستری پر ناراضگی ظاہر کی ہے اور کہا ہے اب اس شخص کو مہاراشٹر میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔