سی ایس ایم ٹی پر موبائل یوٹی ایس معاون کے ذریعےاَن ریزرو ٹکٹ دیا جارہا ہے ۔حسبِ ضرورت ۸؍ معاون کا اضافہ جو بغیراضافی چارج کے ٹکٹ فراہم کررہے ہیں۔
سی ایس ایم ٹی پر موبائل یوٹی ایس سہایک مسافروں کو ٹکٹ دیتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این
شدید گرمی میں طویل مسافتی ٹرینوں کے مسافروں کو طویل قطاروں سے بچانے کیلئے موبائل یو ٹی ایس سہایک(معاون) کے ذریعے ٹکٹ دیئے جارہے ہیں ۔ سینٹرل ریلوے میں یہ نظم چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی) میںکیا گیاہے ۔ گرمی کی چھٹیوں میں مسافروں کی کثر ت کے سبب حسبِ ضرورت ۸؍ معاون کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ معاون اَن ریزرو ٹکٹ بغیراضافی چارج لئے مسافروں کو مہیا کراتے ہیں،اس سے مسافروں کا وقت بچتا ہے ، قطاروں میں نہیںکھڑا ہونا پڑتا اورنہ ہی اضافی چارج دینا ہوتا ہے۔
ریلوے کی جانب سے ٹکٹ فراہم کرانے والے ان معاونین کو وردی ،ایک موبائل فون اور ایک چھوٹی ٹکٹ پرنٹنگ مشین فراہم کی گئی ہے۔اس کے علاوہ ان کی خدمات کے عوض کلو میٹر کے حساب سے کمیشن دیتی ہے۔
سینٹرل ریلوے کے سینئر پی آر اوپاٹل نے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر بتایا کہ ’’ دراصل مسافروں کو طویل قطاروں سے بچانے اور موبائل ایپ سے استفادہ نہ کرپانے والے اورچالو ٹکٹ نکالنے میںپریشان ہونے والے مسافروں کیلئے خاص طور پریہ انتظام کیا گیا ہے۔یہ معاون قطار میں کھڑے، ویٹنگ ایریا اور ’کونکورس‘ میں موجود مسافروں کو ٹکٹ مہیا کراتے ہیں۔ انہیں یہ بھی اختیار دیاگیا ہے کہ اگروہ طویل قطار دیکھیں تو مسافروں کوقطار سے ہٹاکر ٹکٹ دے سکتے ہیں اور انہیں کاؤنٹر کے اندر سے ٹکٹ جاری کرنے کی بھی اجازت ہے۔‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ اس سسٹم سے کتنی بڑی تعداد میں مسافر استفادہ کرتے ہیں اس کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ محض اپریل ۲۰۲۶ء میں ان ’سہایکوں‘ کے ذریعے ایک لاکھ ۷۲؍ ہزار مسافروں کو ٹکٹ مہیا کرایاگیااورریلوے کو ۲؍ کروڑ ۲۲؍ لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی۔ ‘‘سینئر پی آر او کے مطابق ’’مسافروں کو ڈیجیٹل یا نقد ادائیگی کا اختیار ہے۔ سینٹرل ریلوے کے اس اقدام سے نہ صرف فوری اور آسانی سے ٹکٹ فراہم کیا گیا ہے بلکہ بغیر ٹکٹ سفرکرنے والوں کو روکنے میں بھی مدد ملی ہے۔ موقع پر ٹکٹ کی آسان فراہمی نے طویل قطاروں اور مسافروں کے زبردست رَش کی وجہ سے بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے افراد کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ یہ نظام مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے سینٹرل ریلوے کا ایک اور مسافر دوست قدم ہے۔ مسافر موبائل یو ٹی ایس اسسٹنٹ کی خدمات حاصل کریں، یہ آسان اور وقت کی بچت کرتا ہے۔‘‘
ان ٹکٹ معاونین کوکتنا کمیشن دیا جاتاہے ؟
ایک سے ۱۵۰؍کلومیٹر تک ۳؍فیصد کمیشن ۔۱۵۰؍سے ۵۰۰؍ کلومیٹر تک ۲؍ فیصد اور ۵۰۰؍ سے ۷۰۰ یا ۸۰۰؍ کلومیٹر تک ایک فیصد کمیشن دیا جاتا ہے۔یہ ریلوے کے باضابطہ ملازمین نہیں ہیں بلکہ انہیںطویل مسافتی ٹرینوں کے اَن ریزرو ٹکٹ فراہم کرانے کے لئے رکھا گیا ہے۔