پیر کی صبح ہونے والی بارش سے شہریوں کو گرمی سے جزوی طورپرراحت ملی۔ کئی علاقوں میں سڑک پر پانی جمع ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے پیر کو آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ممبئی میں موسم باراں کی باقاعدہ آمد کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران پیر کی صبح ممبئی میں بارش سے شہریوں کو گرمی سے جزوی طور پر راحت ملی۔ دن کے ابتدائی حصہ میں محکمہ موسمیات نے ۳؍ گھنٹوں کیلئے اورینج الرٹ بھی جاری کیا تھا لیکن اس وقفہ میں زیادہ بارش نہیں ہوئی۔محکمہ موسمیات کی قلابہ میں واقع مشاہدہ گاہ میں پیر کو صبح ساڑھے ۸؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۲ء۸؍ ملی میٹر جبکہ سانتاکروز میں ۱۸ء۸؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ ماہرین کے مطابق پیر کی صبح جو بارش ہوئی تھی، وہ ’پری مانسون‘ (بارش کا موسم باقاعدہ شروع ہونے سے پہلے کی برسات) تھی۔ اس روز سانتا کروز میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۴ء۶؍ جبکہ قلابہ میں ۳۳ء۶؍ ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
بی ایم سی کے مطابق صبح ۶؍ بجے سے ۷؍ بجے کے درمیان ممبئی کے مختلف علاقوں میں شہری انتظامیہ کے ذریعہ نصب شدہ ویدر گیج پر جو بارش ریکارڈ کی گئی، وہ اس طرح ہے : ورلی ناکہ پر واقع ساوتری بائی پھلے بی ایم سی اسکول ۶۱؍ ملی میٹر، جی/ایس وارڈ ۵۸، ورلی آدرش نگر اسکول ۴۴، ورلی فائر اسٹیشن ۴۲، ملبار ہل ۴۴، ایف / ایس وارڈ ۴۱، ورلی سی فیس ۳۷، ڈی وارڈ آفس ۳۰، ایف / این وارڈ ۱۹؍ ملی میٹر ۔ مغربی مضافات کے باندرہ کی چمبائی اسکول میں ۷۰؍ ایم ایم، باندرہ سپاری ٹینک بی ایم سی اسکول ۷۰، ایچ ویسٹ وارڈ آفس ۳۰، باندرہ فائر اسٹیشن ۲۸، بنانا لیف اینڈ جوہو ڈسپینسری ۲۵؍ ایم ایم ۔ بی ایم سی کے مطابق مشرقی مضافات میں بارش ریکارڈ نہیں کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے صبح ۷؍ بجے سے ۳؍ گھنٹوں کیلئے ممبئی میں بارش کا اورینج الرٹ جاری کیا تھا جس میں بہت زیادہ بارش نہیں ہوئی۔ اس کے بعد صبح پونے ۱۰؍ بجے سے ۳؍ گھنٹوں کیلئے ممبئی اور پال گھرکے لئے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا تھا لیکن یہ وارننگ بھی صحیح ثابت نہیں ہوئی۔صبح کی بارش کے دوران مہالکشمی مندر کے قریب، باندرہ، ورلی کے کوسٹل روڈ تک جانے کیلئے زیر زمین راستے اور دیگر چند مقامات پر پانی جمع ہوگیا تھا۔