آبنائے ہرمز اور اندرون ایران امریکہ نےکئی مقامات پر بمباری کی۔ ایران نے کویت، بحرین، اردن اور عراق میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا۔
EPAPER
Updated: September 03, 2026, 1:29 PM IST | Agency | Tehran/Washington
آبنائے ہرمز اور اندرون ایران امریکہ نےکئی مقامات پر بمباری کی۔ ایران نے کویت، بحرین، اردن اور عراق میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا۔
ایران کی مسلح افواج نے ملک کے مختلف مقامات پرکئے جانے والے امریکی حملوں کے جواب میں کویت، بحرین، اردن اور عراق میں موجود امریکی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔ آئی آر جی سی کے مطابق اس کی مسلح افواج نے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے کویت کے علی السالم ایئر بیس میں امریکی کمان کے ہیڈکوارٹر اور دیگر ٹھکانوں پر حملہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسکے علاوہ اردن، عراق کے اربیل اور بحرین میں موجود امریکی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ آئی آر جی سی نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں میں متعدد افراد ہلاک ہوئے۔
قبل ازیں نیم سرکاری تسنیم نیوز ایجنسی نے کوہستک کے علاوہ مزید کئی ساحلی شہروں میں بھی دھماکوں کی اطلاع دی جن میں کنارک، بندر عباس، جاسک، عسلویہ اور اہواز کے علاوہ جزیرہ قشم بھی شامل ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق منگل کو ہونے والے امریکی حملوں میں مجموعی طور پر ۱۹؍افراد شہید ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ۷۵؍ ممالک کے تارک وطن ویزا بحال، عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کی پابندی ختم کی
آئی آر جی سی نے ایک بیان میں کہا کہ ان جرائم کے جواب میں آئی آر جی سی فضائیہ کے بہادر جوانوں نے اردن میں میرین کے گیریژن کیمپ ٹٹن پر بھاری بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا۔ آئی آر جی سی کا دعویٰ ہے کہ اس حملے میں بڑی تعداد میں امریکی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ بنیادی ڈھانچے اور فوجی ہیلی کاپٹروں کو بھی نقصان پہنچا۔ اس دوران اردن کی مسلح افواج نے کہا کہ اردن کے فضائی دفاعی نظام نے ۱۰؍ بیلسٹک میزائلوں کو روکا جن میں سے ۳؍ ملک کی حدود کے اندر گرے۔ مسلح افواج نے ایک بیان میں کہا کہ اردن کے فضائی دفاعی نظام نے ملک کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ۱۳؍بیلسٹک میزائلوں کے حملے کو روک دیا۔
یہ بھی پڑھئے: سوڈان کی ریاست نیلِ ازرق میں لڑائی کے باعث ۲۲ ؍ہزار افراد بے گھر: اقوام متحدہ
دشمن کے پشیمان ہونے تک ہم کارروائی جاری رکھیں گے: ابراہیم ذوالفقاری
ایرانی فوج کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے امریکہ کے ایران پر حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کے پشیمان ہونے تک ایران اپنی کارروائی جاری رکھے گا۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا تھا کہ جنوبی ایران میں امریکی فضائی حملوں میں متعدد بے گناہ شہری شہید ہو گئے۔ ایرانی مسلح افواج نے خطے میں امریکی اڈوں کیخلاف میزائل اور ڈرون حملے کیے، حملوں سے دشمن کے بنیادی ڈھانچے، تنصیبات اور اسلحے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی حملوں کے جواب میں دندان شکن کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک دشمن پشیمان نہیں ہو جاتا۔
مذاکرات کیلئے کوشش نہیں: ٹرمپ
امریکی صدر ٹرمپ نے بدھ کے روز ایران کو فوری طور پر مذاکرات کی میز پر واپس لانے کی کسی بھی کوشش کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ کی موجودہ پوزیشن کو ترجیح دیتے ہیں، جہاں واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ اسے تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز پر تقریباً مکمل کنٹرول حاصل ہے جبکہ ایران کی معیشت مکمل طور پر تباہی کے قریب ہے۔ دونوں جانب سے فائرنگ کے دوبارہ تبادلے نے یہ امیدیں ختم کردی ہیں کہ حالیہ کشیدگی کو محدود رکھا جا سکے گا۔