Updated: July 21, 2025, 8:01 PM IST
| Washington
وہائٹ ہاؤس کے سینئر عہدیداروں نے اس ہفتے شام پر اسرائیلی فضائی حملوں کے سلسلے کے بعد خطے میں اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو کی’’حرکات‘‘ پر اپنی بڑھتی ہوئی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وہائٹ ہاؤس کے ذرائع نے نیتن یاہو کے طرز عمل کو ’’بے قابو‘‘ اور ’’پاگل پن‘‘ قرار دیا۔
نیتن یاہو۔ تصویر: آئی این این۔
وہائٹ ہاؤس کے سینئر عہدیداروں نے اس ہفتے شام پر اسرائیلی فضائی حملوں کے سلسلے کے بعد خطے میں اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو کی’’حرکات‘‘ پر اپنی بڑھتی ہوئی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان حملوں سے واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ وہائٹ ہاؤس کے ذرائع نے نیتن یاہو کے طرز عمل کو ’’بے قابو‘‘ اور ’’پاگل پن‘‘ قرار دیا اور کہا کہ اس سے صدر ٹرمپ کی علاقائی استحکام کے حصول کی کوششوں کے کمزور ہونے کا خطرہ ہے۔ منگل کو اس وقت کشیدگی میں اضافہ ہوا جب اسرائیل نے شامی فوج کے ٹینکوں کے اس قافلے پر بمباری کی جو سویداء شہر کی طرف جا رہا تھا تاکہ دروز ملیشیا اور مسلح بدوی قبائل کے درمیان شدید جھڑپوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔ شام کے انسانی حقوق کے مبصر کے مطابق سنیچر تک جھڑپوں کے نتیجے میں ۷۰۰؍ سے زیادہ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ قافلہ جنوبی شام میں غیر فوجی علاقے میں داخل ہو گیا تھا اور شامی فوج دروز اقلیت کے خلاف حملوں میں ملوث تھی۔ اس کی دمشق نے تردید کی ہے۔ اگرچہ امریکی ایلچی تھامس براک نے اپنے اسرائیلی ہم منصبوں سے سفارتی حل کے لیے پیچھے ہٹنے کی درخواست کی اور اسرائیلیوں نے ابتدائی طور پر اس پر عمل کرنے کا عہد کیا لیکن اسرائیل نے بعد میں اپنے حملوں کو تیز کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق بدھ کو اسرائیلی نے شامی فوجی نے ہیڈکوارٹر اور صدارتی محل کے قریب بم گرائے گئے۔
یہ بھی پڑھئے: جاپان ہاؤس الیکشن: وزیراعظم اشیبا کی پارٹی کے اتحاد کو ایوان بالا میں شکست
ٹرمپ اور عہدیداروں کا غصہ
ان حملوں نے صدر ٹرمپ اور وہائٹ ہاؤس کو حیران کر دیا۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق صدر ٹیلی ویژن پر کسی ایسے ملک میں بم گرتے دیکھنا پسند نہیں کرتے جہاں وہ امن کی تلاش میں ہیں۔ انہوں نے تعمیر نو میں مددکیلئے ایک اہم اعلان جاری کیا ہے۔ بات اس حد تک پہنچ گئی ہے کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کو نیتن یاہو اور ان کی ٹیم کو بتایا کہ انہیں رک جانا چاہئے۔ وہائٹ ہاؤس کے متعدد ذرائع جن میں ۶؍ امریکی عہدیدار شامل ہیں، نے ایکسیوس ویب سائٹ سے بات کی اور کہا کہ شام میں امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود نیتن یاہو کی علاقائی پالیسیوں پر امریکہ کی تشویش بڑھ رہی ہے۔ ایک عہدیدار نے نیتن یاہو کے طرز عمل کو ہر وقت ہر چیز پر بمباری کرنا قرار دیا۔ دوسرے نے کہا کہ عام احساس یہ ہے کہ ہر روز کچھ نیا ہوتا ہے۔ یہ کیا جہنم ہے؟ تیسرے امریکی عہدیدار نے نیتن یاہو کے بارے میں انتظامیہ کے اندر بڑھتے ہوئے شکوک کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کا انگلی ٹریگر پر ہونا بہت پریشان کن ہے۔ انہوں نے نیتن یاہو کو بعض اوقات ایک ایسے بچے کی طرح قرار دیا جو صحیح سلوک نہیں کرتا۔
وہائٹ ہاؤس کو ترکی جیسے ملکوں کی جانب سے اسرائیل کی کارروائیوں کے بارے میں غصے والے پیغامات موصول ہوئے اور متعدد سینئر امریکی عہدیداروں نے براہ راست ٹرمپ سے نیتن یاہو کی شکایت کی۔ ان عہدیداروں میں براک اور وہائٹ ہاؤس کے ایلچی اسٹیو وٹکوف شامل تھے جو دونوں ٹرمپ کے قریبی دوست ہیں۔ وہائٹ ہاؤس کے عہدیداروں کا خیال ہے کہ نیتن یاہو نے اسرائیل میں دروز اقلیت کے اندرونی دباؤ اور دیگر سیاسی تحفظات کے تحت یہ حملے کیے۔ ایک امریکی عہدیدار نے کہا کہ بی بی کا سیاسی ایجنڈا ان کے فیصلے پر حاوی ہے۔ یہ طویل مدت میں ان کی طرف سے ایک بہت بڑی غلطی ثابت ہوگا۔ ایک اور عہدیدار نے اسرائیلی موقف کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے اسرائیلیوں نے وہائٹ ہاؤس میں اپنی ساکھ کو جو نقصان پہنچایا ہے اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑا۔
یہ بھی پڑھئے: بھوک کی شدت سےگزشتہ ۲۴؍ گھنٹے میں ۱۹؍فلسطینی جاں بحق، یواین نمائندہ فرانسسکا البانیز اسرائیل پر برہم
شام پر یہ کشیدگی نیتن یاہو کے واشنگٹن کے دورے کے چند دن بعد پیدا ہوئی ہے جہاں انہوں نے ٹرمپ سے دو بار ملاقات کی اور ایران کے ساتھ جنگ کے بعد دونوں لیڈران پہلے سے کہیں زیادہ قریب نظر آئے۔ تاہم، کشیدگی کے دیگر ذرائع میں غزہ میں ایک چرچ پر حملہ بھی شامل ہے جس نے ٹرمپ کو نیتن یاہو سے وضاحت طلب کرنے پر مجبور کیا۔ گزشتہ ہفتے اسرائیلی آباد کاروں کے ایک ہجوم کے ہاتھوں فلسطینی امریکی شہری سیف المسلل کو بھی قتل کردیا گیا تھا جس نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے نیتن یاہو کی انتہائی آباد کاری پسند حکومت کے خلاف غصے والے ردعمل کو جنم دیا۔ اس کے بعد امریکی سفیر مائیک ہاکابی، جو طویل عرصے سے اسرائیل کے پرجوش حامی ہیں، نے بھی بیانات کا ایک سلسلہ جاری کیا جس میں انہوں نے المسلل پر حملے کو’’دہشت گردانہ ‘‘قرار دیا اور جوابات کا مطالبہ کیا۔ ہاکابی نے اس ہفتے اسرائیلی حکومت پر امریکی ایوینجلیکلز کو ویزا کے حصول میں رکاوٹ ڈالنے پر بھی تنقید کی۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل نے فلسطینی شہریوں کو غزہ سے نکالنے کیلئے امریکہ سے مدد مانگی ہے: رپورٹ
دوسری جانب ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے شام پر حملوں کی امریکی تردید پر حیرت کا اظہار کیا۔ عہدیدار نے بتایا کہ ٹرمپ نے اپنی مدت کے ابتدائی ہفتوں میں نیتن یاہو کو شام کے کچھ حصوں پر قابو پانے کی ترغیب دی تھی اور پہلے کبھی اسرائیل کی ملک میں مداخلت کے بارے میں کوئی تشویش ظاہر نہیں کی تھی۔ عہدیدار نے زور دیا کہ اسرائیل نے صرف اس وقت مداخلت کی جب اس کی خفیہ معلومات نے شامی حکومت کو دروز پر حملوں میں ملوث ہونے کی نشاندہی کی۔ اسرائیلی عہدیدار نے کہا کہ امریکہ نئی شامی حکومت کے استحکام کو برقرار رکھنا چاہتا ہے اور یہ نہیں سمجھتا کہ دروز پر حملوں کی وجہ سے ہم شام میں کیوں حملہ کر رہے ہیں۔ ہم نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی کہ یہ اسرائیل میں دروز کے تئیں ہماری ذمہ داری ہے۔ شام میں عدم استحکام ٹرمپ انتظامیہ کیلئے ایک بڑی تشویش ہے۔ ایک سینئر امریکی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ اسرائیلی پالیسی شام میں عدم استحکام کا باعث بنے گی۔ دروز اور اسرائیل دونوں کو ایسے منظر نامے میں نقصان ہوگا۔