• Mon, 09 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آلودہ پانی سے ملاڈ مالونی کے مکین پریشان

Updated: February 09, 2026, 3:39 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

گندے اور بدبودار پانی کے رساؤ کا پائپ لائن میں کیمرہ ڈال کر پتہ لگانے کی کوشش ۔کارپوریٹر نے مسئلے کا اعتراف کیا۔

Preparations are underway to install a camera in the pipeline to check it. Photo: INN
پائپ لائن میں کیمرہ ڈال کر چیک کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ تصویر: آئی این این

مسلسل گندہ پانی آنے کے سبب سیکڑوں مکین کافی دن سے پریشان ہیں مگر اس کا کوئی حل نہیں نکل رہا ہے۔ یہ صورتحال چھیڈا کمپلیکس کے پیچھے، گاؤں دیوی مندر جانے والے روڈ کے پاس مالونی گیٹ نمبر۶؍ کی ہے۔ مکینوں کی پریشانی کا سبب یہ بھی ہے کہ پانی بظاہر بسااوقات صاف رہتا ہے مگر مکینوں کا کہنا ہے کہ بہت ہی گندی بدبو آتی ہے،اس کی وجہ سے پانی ضائع کرنا پڑتا ہے اور دیر تک موٹر چلاکر چھوڑنا پڑتا ہے تاکہ کسی حد تک بدبو دور ہوجائے، روزانہ یہی حالت رہتی ہے۔ اب بی ایم سی کی جانب سے یہ پتہ لگانے کے لئے کہ گندہ پانی پائپ لائن میں کہاں سے داخل ہورہا ہے؟ پائپ لائن میں کیمرہ ڈال کر چیک کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ سنیچر کی شب سے کام شروع کیا گیا ہے اور پائپ لائن کاٹ کر دو جگہ کیمرے ڈالے جاچکے ہیں جبکہ تھوڑے تھوڑے فاصلے پر مزید۴؍ جگہ اور ڈالے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: جی ایم مومن ویمنس کالج میں ’شخصیت سازی اور کردار سازی‘ کے عنوان پراجلاس

پانی کی پریشانی مکینوں کی زبانی 

آر ایس شندے نام کے نوجوان نے بتایا کہ ہم یہیں قریب میں رہتے ہیں مگر بدبودار پانی بڑا مسئلہ ہے۔ بار بار شکایت کی گئی مگر وہ پریشانی اب بھی برقرار ہے۔ اس وقت بی ایم سی والے کچھ کررہے ہیں، دیکھئے کیا ہوتا ہے؟

عبدالرحمٰن خان نے بتایا کہ جہاں گڑھے کھودے جارہے ہیں وہاں پورے حصے میں پانی میں بدبو کا مہینوں سے مسئلہ ہے، بی ایم سی میں شکایت کی گئی ہے مگر پریشانی ختم نہیں ہوئی ہے۔

پرگتی متر منڈل رہیواسی سنگھ میں مقیم ایکناتھ گائیکواڑ نے بتایا کہ ان کے چال والوں کی بھی یہی شکایت ہے۔ پانی سپلائی کئے جانے کے بعد آدھا وقت تو اس انتظار میں چلاجاتا ہے کہ صاف پانی آئے تو بھرا جائے۔ بی ایم سی میں شکایت کی گئی ہے اور اس وقت کام بھی شروع کیا گیا ہے مگر مسئلہ حل ہوجائے تب ہی اطمینان کیا جاسکتا ہے، حالانکہ ابھی بمشکل دو سال قبل ہی نئی پائپ لائن ڈالی گئی ہے۔ 

سینٹ زیویئرس کالونی میں مقیم عبدالعلیم شیخ بتایا کہ ان کے دوست بھی یہ شکایت کرتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ دو سال قبل بچھائی گئی نئی پائپ لائن میں یہ مسئلہ کیسے پیدا ہوا اور اب تک اسے درست نہیں کیا جاسکا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کلیان: بازار کمیٹی کے گودام میں این آئی ایف ٹی کے امتحانی مرکز سے طلبہ برہم

مسئلے کا اعتراف اور خرابی دور کرنے کی کوشش

مقامی کارپوریٹر قمر جہاں صدیقی کے شوہر معین صدیقی نے اس تعلق سے بتایا کہ بی ایم سی واٹر ڈپارٹمنٹ میں معلومات حاصل کرنے پر بتایا گیا کہ پانی میں بدبو بہت زیادہ رہتی ہے۔ اس لئے کیمرہ ڈال کر اس جگہ کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے جہاں سے گندہ پانی پائپ لائن میں داخل ہوتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بی ایم سی کی جانب سے یہ بھی اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ پائپ لائن کے قریب کیمیکل سبزی یا کام والا کارخانہ یا ساڑی پرنٹنگ یا دیگر اقسام کے کپڑوں کی دھلائی یا پرنٹنگ کی جارہی ہے، اس میں سے کیمیکل کی آمیزش والا پانی چھوڑے جانے سے بھی مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔ اس جانب بھی توجہ دی جائے گی اور اگر وہ مسئلے کا سبب ہوگا تو کارخانہ داروں کو نوٹس دے کر اسے بند کرایا جائے گا کیونکہ شہریوں کی صحت سے کھلواڑ نہیں کیا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھئے: نوجوانو!اپنی زندگی بدلیں اور نشے سے دور رہیں۔ ممبرا سنی اجتماع میں علماء کا خطاب

معین صدیقی کے مطابق ابھی اور۴؍ جگہ کیمرے ڈالے جائیں گے، دو جگہ کیمرے ڈالے گئے ہیں، ان دونوں جگہوں میں کچھ واضح نہیں ہوسکا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK