Inquilab Logo Happiest Places to Work

بائیکلہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پارکنگ لاٹ بند کئے جانے سے مکین پریشان

Updated: April 16, 2026, 12:04 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

بی ایم سی نے پارکنگ پوڈیم میں غیر قانونی گیراج چلائے جانے اور کار لفٹ کے بند ہونے کے سبب پارکنگ لاٹ کو بند کرنے کی اطلاع دی ۔

The Parking Lot Looks Deserted.Photo:INN
پارکنگ لاٹ سنسان نظر آرہا ہے۔تصویر:آئی این این
:غیر قانونی گیراج چلائے جانے ،اس پر کئے جانے والے اعتراضات اور شکایت کے بعد برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی)نے بائیکلہ مشرق میں واقع گراؤنڈ پلس ۴؍ منزلہ پارکنگ کو بند کر دیا ہے۔ بی ایم سی کے اس فیصلہ سے بائیکلہ اور اطراف کےمکین پریشان ہیں ۔
موصولہ اطلاع کے مطابق کار پارکنگ کی سہولت کو کئی وجوہات کی بنا ء پر بند کیا گیا ہے۔ بائیکلہ ریلوے اسٹیشن سے متصل گراؤنڈ پلس ۴؍منزلہ پارکنگ لاٹ کو بند کرنے کی ایک وجہ پہلے منزلہ پر غیر قانونی گاڑیوں کی رپیئرنگ کا گیراج چلایا جانا بتایا گیا ہے ۔ ایک طرف بی ایم سی نے موصولہ شکایتوں کے بعد گیراج کو وہاں سے ہٹا دیا تھا ۔ ساتھ ہی کار لفٹ کے خراب ہونے کے سبب پارکنگ لاٹ بند کرنے کا بھی جواز پیش کیا گیا ہے۔
 
 
واضح رہے کہ بی ایم سی نے مذکورہ پوڈیم پارکنگ کو چلانے کا ٹھیکہ ۳؍ تاجروں کو دیا تھا۔ مذکورہ بالا پارکنگ کو محض غیر قانونی گیراج چلائے جانے سے بند کئے جانے پر تاجروں نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل تک جب گراؤنڈ پلس ۴؍ منزلہ پوڈیم کو پارکنگ کے لئے اس عمارت کو مختص نہیں کیا گیا تھا اس وقت بھی اس میں یہ گیراج موجود تھا ۔موصولہ اطلاع کے مطابق اس پارکنگ لاٹ میں ایک ہزار سے زائد ۴؍ پہیہ گاڑیاں پارک کی جاتی تھیں جبکہ ۲۵۰؍ سے زیا دہ بائیک پارکنگ کی بھی سہولت دی گئی تھی ۔ گیراج چلائے جانے کی شکایتوں کے بعد بی ایم سی نے پارکنگ کی سہولت کو بند تو کر دیا ہے لیکن اس سے بائیکلہ اور اطراف کے مکین جو اس میں اپنی گاڑیاں پارک کرتے تھے اور ۳؍ ہزار سے ساڑھے۳؍ ہزار روپے ماہانہ کرایہ ادا کرتے تھے ، اسے بند کئے جانے سے نہ صرف ناراض ہیں بلکہ آس پاس پارکنگ کی سہولت نہ ہونے سے پریشان بھی ہیں۔پارکنگ لاٹ میں گاڑیوں کی مرمت کا گیراج چلائے جانے پر سب سے پہلے اعتراض سوچھ بھارت ابھیان ممبئی کے جنرل سیکریٹری اتل جنگھم نے کیا تھا ۔ ۶؍ ماہ قبل انہوںنے پہلے اگری پاڑہ پولیس میں شکایت کی تھی لیکن پولیس نے مذکورہ شکایت لینے سے انکار کرتے ہوئے بی ایم سی سے رجوع ہونے کو کہاتھا جس کے بعد جنگھم نے ای وارڈ میں شکایت کی تھی۔
 
 
وہیں دوسری جانب بی ایم سی سے پارکنگ کو بند کئے جانے اور دوبارہ شروع کئے جانے کے امکانات سے متعلق استفسار کرنے پر کار لفٹ کے درست ہونے تک اسے بند رکھے جانے کی اطلاع دی ہے ،تاہم کار لفٹ کے درست کرنے کے بعد ہی اس میں دوبارہ پارکنگ کی سہولت کو بحال کرنے پر فیصلہ کیا جائے گا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK