ہوسٹل میں کام کرنے والے نوجوان ہوٹل سے دوپہر کا کھانا کر لوٹ رہے تھے کہ کار حادثے کا شکار ہو گئی۔
EPAPER
Updated: July 25, 2026, 9:52 AM IST | Satara
ہوسٹل میں کام کرنے والے نوجوان ہوٹل سے دوپہر کا کھانا کر لوٹ رہے تھے کہ کار حادثے کا شکار ہو گئی۔
ستارا ضلع کے پلٹن علاقے میں ایک اندوہناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں ۳؍ لوگوں کی موقع ہی پر موت ہو گئی جبکہ ۳؍ شدید زخمی ہیں۔ یہ سارے لوگ ایک مقامی ہوسٹل میںملازمت کرتے تھے اور کھانا کھانے پلٹن علاقے کے ایک ہوٹل گئے تھے۔ وہاں سے لوٹتے وقت یہ حادثہ پیش آیا۔
اطلاع کے مطابق ستارا ضلع کے پلٹن علاقے میں ایک ہوسٹل میں کام کرنے والے ۶؍ نوجوان د دوپہر کا کھانا کھانے کیلئے اپنی سوئفٹ ڈیزائر گاڑی میں بیٹھ کر ایک ہوٹل میں گئے تھے۔ کھانا کھانے کے بعد ہوسٹل واپس آتے ہوئے پلٹن کے واٹھار نمبالکر علاقے میں گاڑی کے ڈرائیور کا کنٹرول اسٹیئرنگ پر سے چھوٹ گیا اور گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کنارے لگے ریلنگ سے جا ٹکرائی اور اسے توڑتے ہوئے نیچے گرگئی۔ گاڑی پوری طرح سے الٹ گئی تھی ۔ حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ ڈرائیور محمد حسین کے علاوہ انیل ہیبرم اور سدانند پورتی نامی نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ نین لونگانی، سوربھ کمار اور ایم ڈی میتارے نامی دیگر تین نوجوان بری طرح زخمی ہیں جنہیں علاج کیلئے قریب کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ مہلوک محمد حسین کا تعلق اترپردیش کے ایودھیا سے تھا جبکہ انل اور سدانند جھارکھنڈ کے جمشید پور کے رہنے والے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: پونے میں کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج، جم غفیر امڈ آیا
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی شہری اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو باہر نکالا۔ زخمی اس وقت پلٹن اور بارامتی کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ اس حادثہ کی وجہ سے علاقہ میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے، پلٹن دیہی پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ ریاست میں ان دنوں سڑک حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔ حالانکہ نئی سڑکوں کی تعمیر اور انہیں بہتر بنانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔