• Mon, 16 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلم ’’دو دیوانے شہر میں‘‘کی روشنی مجھ سے کافی ملتی جلتی ہے: مرونال ٹھاکُر

Updated: February 15, 2026, 7:10 PM IST | Mumbai

اداکارہ مِرونال ٹھاکُر اپنی آنے والی رومانٹک فلم ’’دو دیوانے شہر میں‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ فلم میں وہ روشنی کے کردار میں نظر آئیں گی۔ مرونال نے بتایا کہ ان کی اصل زندگی اور کردار میں کافی مماثلتیں ہیں۔

Mrunal Thakur.Photo:INN
مرونال ٹھاکر۔ تصویر:آئی این این

اداکارہ مِرونال ٹھاکُر اپنی آنے والی رومانٹک فلم ’’دو دیوانے شہر میں‘‘ کی تشہیر  میں مصروف ہیں۔ فلم میں وہ روشنی کے کردار میں نظر آئیں گی۔ مرونال نے بتایا کہ ان کی اصل زندگی اور کردار میں کافی مماثلتیں ہیں۔مِرونال ٹھاکُر نے آئی اے این ایس سے بات چیت میں کہا کہ ان کا کردار روشنی ان کی زندگی سے بہت ملتا جلتا ہے، خاص طور پر کچھ خاص پہلوؤں میں۔
مِرونال ٹھاکُر نے کہاکہ ’’جب ڈائریکٹر روی اُدے وار سر نے کہانی سنائی تو انہوں نے بہت خوبصورت بات کہی، روشنی ہمیشہ پردے کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتی ہے۔ میری زندگی میں بھی ایسے کئی لمحات آئے ہیں، جہاں مجھے جواب معلوم ہونے کے باوجود میں خاموش رہ جاتی تھی۔ یہی بات مجھے روشنی سے سب سے زیادہ جوڑتی ہے۔ بہت سے لوگوں میں بیرونی طور پر جو اعتماد دکھائی دیتا ہے، وہ اندر سے نہیں ہوتا۔ وہ باہر سے مضبوط لگتے ہیں، لیکن اندر سے کمزور محسوس کرتے ہیں۔‘‘
 انہوں نے مزید بتایا کہ یہ فلم ان کے لیے بہت خاص ہے کیونکہ روشنی اور ششَانک (سدھانت چترویدی) جیسے بہت سے لوگ حقیقی زندگی میں اپنی ان سیکوریٹی   اور احساس کمتری سے جدوجہد کرتے ہیں۔ ان میں صلاحیت اور ٹیلنٹ موجود ہوتا ہے، لیکن وہ خود کو کم تر سمجھتے ہیں، دوسروں سے موازنہ کرتے ہیں یا خود کو اچھا نہیں سمجھتے۔ وہ ہمیشہ خود کو دوسروں سے پیچھے رکھتے ہیں۔ مِرونال ٹھاکُر نے اپنے اور سدھانت کے کردار کے بارے میں اشارتاً  کہا کہ ’’ ہم غلطیاں کرنے سے ڈرتے ہیں، بے عزتی ہونے سے شرماتے ہیں۔ لیکن اس فلم میں دونوں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں اور کئی رکاوٹوں کو توڑتے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:بارش کی وجہ سے ہند-پاکستان میچ نہ ہونے پر سب سے زیادہ نقصان کس کا ہوگا؟

فلم سیتا رامم  کی مشہور اداکارہ مِرونال ٹھاکُر نے خاص طور پر اپنے والد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہے، چاہے کوئی بھی مرحلہ ہو۔ بالکل اسی طرح جیسے فلم میں روشنی، ششَانک کے ساتھ اور ششَانک، روشنی کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ والد نے ہمیشہ یہی سکھایا کہ تم ہی وجہ ہو کہ تم آگے نہیں بڑھ پا رہی ہو، یعنی خود کی سب سے بڑی رکاوٹ تم خود ہو۔

یہ بھی پڑھئے:سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’لَو اینڈ وار‘‘ کی ریلیز کی تاریخ آگے بڑھی

آنے والی فلم دو ایسے نوجوانوں کی کہانی بیان کرتی ہے، جو ممبئی میں خود کو قبول کرنے اور محبت کی تلاش میں ہیں۔ یہ ایک نامکمل لیکن دل کو چھو لینے والی محبت کی کہانی ہے۔ ’’دو دیوانے شہر میں‘‘۲۰؍فروری ۲۰۲۶ءکو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK