روس نے رات بھر ۹۰؍ڈرون اور ۷؍ میزائل داغے ۔ یوکرینی وزیرخارجہ کے مطابق کیف پر سب سے بڑا بیلسٹک میزائل حملہ کیا گیا۔
EPAPER
Updated: July 20, 2026, 10:58 AM IST | Kyiv
روس نے رات بھر ۹۰؍ڈرون اور ۷؍ میزائل داغے ۔ یوکرینی وزیرخارجہ کے مطابق کیف پر سب سے بڑا بیلسٹک میزائل حملہ کیا گیا۔
روس-یوکرین جنگ کے دوران یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے روس کے وسطی علاقوں میں رات بھر بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کرتے ہوئے ماسکو اور تامبوف علاقوں کے۲؍ اہم لاجسٹک مراکز اور تیل کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب روسی حکام کے مطابق ان حملوں میں کم از کم ۸؍ افراد ہلاک اور۶۲؍ زخمی ہوئے ہیں۔روسی فضائی دفاعی نظام نے بھی دعویٰ کیا کہ اس نے رات بھر میں۱۴۰؍ یوکرینی ڈرون مار گرائے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ یوکرینی فوج نے اپنی ’لانگ رینج سینکشنز‘ حکمت عملی کے تحت ان لاجسٹک مراکز پر حملہ کیا جنہیں روس ڈرون کی تیاری کیلئے پابندیوں کے دائرے میں آنے والے پرزوں اور نیوی گیشن آلات کی فراہمی کیلئے استعمال کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک تیل کے مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: چیک جمہوریہ: اسکولوں میں موبائل فون پر پابندی زیر غور
روسی آن لائن ریٹیل کمپنی وائلڈ بیریز کی بانی تاتیانا کِم کے مطابق حملوں میں کمپنی کے ۲؍ گودام متاثر ہوئے ہیں۔تامبوف علاقے کے سربراہ یووگینی پیرویشوف نے بتایا کہ رات کی شفٹ میں کام کرنے والے ۷؍ ملازمین موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ۲۵؍ دیگر زخمی ہوئے۔ ماسکو کے علاقے الیکٹروستال میں واقع وائلڈ بیریز کے ایک لاجسٹک مرکز پر ڈرون حملے میں ایک شخص ہلاک اور۳۷؍ زخمی ہوئے۔
یوکرینی فضائیہ نے کہا کہ روس نے رات بھر یوکرین پر۹۰؍ ڈرون اور۷؍ میزائلوں سے حملہ کیا، جن کا بنیادی ہدف اوڈیسا کا علاقہ تھا۔ یوکرین کا دعویٰ ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایک میزائل اور۶۹؍ ڈرون تباہ کر دیئے۔
دریں اثناء روسی فضائی دفاعی فورسیز نے رات بھر کی کارروائیوں کے دوران یوکرین کے۱۴۰؍ ڈرونز کو فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا۔ روس کی وزارتِ دفاع نے اتوار کے روز یہ معلومات فراہم کی ہیں۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کی رات ۸؍ بجے سے اتوار کی صبح ۸؍ بجے تک فضائی دفاعی نظام نے یوکرین کے۱۴۰؍ بغیر پائلٹ والے طیاروں (فکسڈ ونگ یو اے وی) کو فضا میں ناکارہ بناتے ہوئے تباہ کیا۔ بیان میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان ڈرونز کو بیلگوروڈ، بریانسک، ورونیش، کلوگا، کورسک اور روستوف کے علاقوں کے علاوہ ماسکو ریجن، کراسنودار کرائی، کریمیا، اور بحیرہ ازوف و بحیرہ اسود کے اوپر مار گرایا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: بیلجیم : مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے سامان کی درآمد پر پابندی کی منظوری
دریں اثناء روس نے جنگ کے آغاز کے بعد کیف پر سب سے بڑا بیلسٹک میزائل حملہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ روس- یوکرین جنگ فروری ۲۰۱۴ء میں شروع ہوئی تھی۔