فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے والے نے اپنی پوسٹ میںسپراسٹار کے پورے خاندان کو ختم کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ان کے ساتھ کام کرنے والی تمام فلمی ہستیوں کو مارنے کی بھی وارننگ۔
EPAPER
Updated: October 20, 2026, 3:37 PM IST | Shahab Ansari/Iqbal Ansari | Mumbai
فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے والے نے اپنی پوسٹ میںسپراسٹار کے پورے خاندان کو ختم کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ان کے ساتھ کام کرنے والی تمام فلمی ہستیوں کو مارنے کی بھی وارننگ۔
مشہور اداکارٹائیگر شراف پر فائرنگ اور بشنوئی گینگ کی دھمکی کے بعد سلمان خان کی رہائش گاہ کی سیکوریٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اتوار کو ٹائیگر شراف پر فائرنگ کی واردات کے بعد خود کو گینگسٹر لارینس بشنوئی کا بھائی بتانے والے انل پنڈت نے سوشل میڈیا پر اور پھر آڈیو ریکارڈنگ جاری کرکے نہ صرف اس فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی بلکہ یہ دھمکی بھی دی تھی کہ اگر سلمان خان لارینس اور بشنوئی سماج سے معافی نہیں مانگیں گے تو ان کے پورے خاندان کو ختم کردیا جائے گا۔ اس میں مزید دھمکی دی گئی ہے کہ جو بھی فلمی ہستیاں سلمان خان کے ساتھ کام کریں گی ، انہیں بھی جان سے مار دیا جائے گا۔
اس دھمکی کے بعد باندرہ مغرب میں واقع سلمان خان کی رہائشی عمارت ’گلیکسی اپارٹمنٹ‘ کے باہر ’بُلٹ پروف جیکٹ‘ پہنے ہوئے مسلح پولیس اہلکار کو تعینات کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مزید ایک باوردی پولیس افسر اور سادہ لباس پولیس کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اپریل ۲۰۲۴ء میں سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کی گئی تھی۔ اس کے بعد سے یہاں پولیس اہلکار تعینات رہتے ہیں لیکن عام طور پر وہ عمارت کے گیٹ کے اندر موجود ہوتے ہیں۔ اب عمارت کے باہر بھی مسلح اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:میکسیکو: گدھوں کی انوکھی بستی، ’زاکاتیکاس مارچ‘ سنتے ہی کھانے کیلئے جمع ہوتے ہیں
زخمی کے جسم سے گولی بدھ کو نکالی جائے گی
ٹائیگر شراف پر فائرنگ کے وقت ان کی کار کے پاس موجود اداکار کے مداح اُمیش چوہان کا کے ای ایم اسپتال میں ڈاکٹر اُدئے جادھو اور کارڈیووسکولر اینڈ تھوراسس سرجری (سی وی ٹی ایس) کی ٹیم کے ذریعہ علاج جاری ہے۔ پیر کی شام اسپتال کے ذریعہ جاری کی گئی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ گولی اس کے سینے میں لگی ہے لیکن اس کا دل اور پھیپھڑے محفوظ ہیں اور اس کے اعضائے رئیسہ بخوبی کام کررہے ہیں۔ اس دوران اس کے پیٹ اور کمر کے حصے کی ’اینجیو گرافی‘ کی گئی ہے۔ اس کی طبی حالت کو دیکھتے ہوئے گولی نکالنے کیلئے عارضی طور پر بدھ (کل) کا دن طے کیا گیا ہے۔ اس روز اس کی طبی حالت کا جائزہ لینے کے بعد گولی نکالی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: جلگاؤں: میونسپل نوٹس پر بھنگار بازار کے دکانداروں کو اعتراض
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندےکا بیان
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اتوار کی رات ٹائیگر شراف کی رہائش گاہ پر ان کی عیادت کی اور انہیں مکمل تحفظ کا یقین دلایا۔ ملاقات کے بعد انہوں نے کہا کہ بشنوئی گینگ یا کسی بھی دوسرے جرائم پیشہ گروہ کی دہشت گردی کو مہاراشٹر میں ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ۹۰کی دہائی کے کریک ڈاؤن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی ہوگی۔ ان کے مطابق حکومت نے پولیس کو ہدایت دی ہےکہ بالی ووڈ کے تمام فنکاروں اور مشہور شخصیات کی سکیوریٹی کا ازسرنو جائزہ لے۔ انہوں نے فلمی ہستیوں کو خوفزدہ نہ ہونے اور کسی بھی قسم کے دھمکی آمیز کال یا پیغام موصول ہونے پر فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
ذیشان صدیقی کو بھی دھمکیاں
فائرنگ کی واردات کے بعد ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے این سی پی لیڈر ذیشان صدیقی نے کہا ہے کہ گزشتہ ۲؍ مہینوں کے دوران انہیں ۴؍ مرتبہ دھمکیاں مل چکی ہیں۔ اس تعلق سے انہوں نے پولیس کو اطلاع دی ہے، اس کے باوجود ان کی سیکوریٹی میں اضافہ نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا سرکار انہیں بھی گولی لگنے کا انتظار کررہی ہے اور اس کے بعد ان کی سیکوریٹی بڑھائی جائے گی؟
یاد رہے کہ ۱۲؍ اکتوبر ۲۰۲۴ء کو ذیشان کے والد اور این سی پی لیڈر بابا صدیقی (سابق وزیر)کو باندرہ مشرق میں گولی مار دی گئی تھی۔ اس قتل کی ذمہ داری بھی بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی اور اس حملے کی وجہ سلمان خان سے تعلقات بتائے تھے۔