Inquilab Logo Happiest Places to Work

طیارہ حادثہ پر سماجوادی سربراہ نے وضاحت طلب کی

Updated: June 13, 2025, 1:35 PM IST | Inquilab News Network | Lucknow

اکھلیش یادو نے حکومت سے سبھی متاثرین کی مدد کرنےکی اپیل کی، وزیراعلیٰ یوگی، مایاوتی اور دیگر لیڈروں نے بھی غم کا اظہار کیا ہے۔

Akhilesh Yadav. Photo: INN
اکھلیش یادو۔ تصویر: آئی این این

طیارہ حادثے پر سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے حکومت سے وضاحت طلب کی ہے جبکہ اس المناک واقعے پر وزیراعلیٰ یوگی، مایاوتی اور دیگر لیڈروں نے بھی غم کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت پیش کی ہے۔ 
  جمعرات کو احمد آباد سے لندن جانے والےایئر انڈیا کے جہازکے گر کر تباہ ہونے پرسماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نےاظہار افسوس کرتے ہوئےمہلوکین کے ورثا ء کو تعزیت پیش کی ہے۔ انہوں نےاسے ایک بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئےاس سلسلے میں حکومت سے وضاحت بھی طلب کی ہےتاکہ تمام شک وشبہات دور ہو سکیں۔ انہوں نےسوشل میڈیا سائٹ ’ایکس ‘ پر لکھا ہے کہ حادثہ کی فوری وضاحت ہونی چاہئے تاکہ تمام شکوک و شبہات کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نےکہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ جب کوئی ہوائی جہاز کریش ہوتا ہے تو یہ ایک بڑا واقعہ ہوتا ہے۔ انہوں نےحکومت سے سبھی متاثرین کی مدد کرنےکی اپیل بھی کی ہے۔ حادثہ کی خبر موصول ہونے کے فوراً بعد سماجوادی پارٹی کے صدر نے تمام مہلوکین کے لئے دعاکرنے کے ساتھ اعلیٰ سطحی بچاؤ، راحت اور علاج فراہم کرائے جانے کی اپیل کی۔ 

یہ بھی پڑھئے:احمد آباد طیارہ حادثے پر عالمی لیڈران کی جانب سے تعزیتی پیغامات

یوپی کےوزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ احمد آباد میں طیارے کے حادثے کی المناک خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ ریاستی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں کیلئے صبرکی دعا بھی کی۔ بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے ’ایکس‘پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ احمد آباد طیارہ حادثے میں کئی افراد کی موت کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔ متاثرہ خاندانوں سےان کی گہری تعزیت ہے اور ایشور ان کو یہ دکھ برداشت کرنے کی طاقت دے۔  عام آدمی پارٹی کے یوپی انچارج اور ایم پی سنجے سنگھ نے اپنی تعزیتی پیغام میں کہا کہ احمد آباد طیارہ حادثہ محض ایک حادثہ نہیں ہے بلکہ ایک بڑا انسانی المیہ ہے جس میں بہت سے خواب ادھورے رہ گئے اور بہت سی جانیں وقت سے پہلے ہی ختم ہوگئیں۔ اس دل دہلا دینے والے حادثے نے ملک کو شدید غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ ہر کھوئی ہوئی زندگی کے پیچھے ایک پوری دنیا تباہ ہو چکی ہے۔ اس ناقابل برداشت گھڑی میں ہم پوری ہمدردی اور یکجہتی کے ساتھ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 
 مذکورہ المناک حادثے پر اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور سابق وزیر اجے رائے نے کہا کہ اس دل دہلا دینے والے حادثے سے پورا ملک صدمے میں ہے۔ اجے رائے نے طیارہ حادثے میں جان گنوانےوالے مسافروں کی آتما کی سلامتی کے لئے دعا بھی کی۔ 

 بہار کے لیڈروں کا اظہار افسوس
بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار، اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو اور دیگر لیڈروں نے احمد آباد سے لندن جارہے ایئر انڈیا کے طیارہ کے حادثے کا شکار ہونے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ 
  بہار کے وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ احمدآباد میں رونما ہونے والا طیارہ حادثہ بہت تکلیف دہ ہے۔ اس سے میں گہرے صدمے میں ہوں۔ وزیراعلیٰ نے طیارہ حادثے کے سبھی متاثرین کے لیئے دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں سبھی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ احمدآباد میں ہوئے طیارہ حادثے پر اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارہ کے حادثے کا شکار ہونے کی خبر سن کر غمزدہ اور صدمے میں ہوں۔ اس حادثے پر نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری، وجے کمار سنہا، بہار اسمبلی کے اسپیکر نند کشور یادو، پارلیمانی امور کے وزیروجے کمار چودھری، جے ڈی یو کے ریاستی صدر امیش کشواہا اور دوسرے متعدد لیڈروں نے شدید رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK