Inquilab Logo Happiest Places to Work

سنجو سیمسن کو ٹیم سے ڈراپ نہیں کیا گیا ہے

Updated: July 08, 2026, 12:00 PM IST | Agency | Mumbai

زمبابوے دورے کیلئے نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کےلئے وکٹ کیپر بلے باز کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

Sanju Samson.Photo:INN
سنجو سیمسن۔ تصویر:آئی این این
 ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے بہترین کھلاڑی سنجو سیمسن کو زمبابوے کے خلاف ۳؍ ٹی۔۲۰؍بین الاقوامی میچوں کی سیریز کیلئے ہندوستانی ٹیم میں شامل نہ کئے جانے پر جاری قیاس آرائیوں کے درمیان معلوم ہوا ہے کہ انہیں نہ تو ڈراپ کیا گیا ہے نہ آرام دیا گیا ہے اور نہ ہی وہ زخمی ہیں۔
 
 
بی سی سی آئی نے پیر کو ۱۵؍ رکنی ٹیم کا اعلان کرتے وقت اس فیصلے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی تھی، تاہم کرک انفو کے مطابق اجیت آگرکر کی سربراہی والی سلیکشن کمیٹی نے زمبابوے کے دورے کو نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کی سیریز قرار دیتے ہوئے سیمسن کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق چونکہ سنجو سیمسن کو ستمبر میں جاپان میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں کیلئے ہندوستانی اسکواڈ میں پہلے ہی شامل کیا جا چکا ہے، اس لئے سلیکٹروں نے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز پربھ سمرن سنگھ کو موقع دینے کا فیصلہ کیا، جنہوں نے خاص طور پر گزشتہ ۲؍ آئی پی ایل سیزن میں پنجاب کنگز کی جانب سے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔پربھ سمرن، جنہوں نے جون میں سری لنکا میں منعقدہ سہ فریقی سیریز میں انڈیا’ اے‘ کی نمائندگی کی تھی، زمبابوے کے خلاف ٹیم میں ایشان کشن کے بعد دوسرے وکٹ کیپر بلے باز ہیں۔
سیمسن کی عدم شمولیت پر اس لئے بھی بحث چھڑ گئی کیونکہ انہوں نے ٹی۔۲۰؍ ورلڈ کپ میں تیسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز کی حیثیت سے نمایاں کارکردگی دکھائی تھی۔ اس کے بعد آئی پی ایل ۲۰۲۶ءمیں وہ چنئی سپر کنگز کے سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز رہے اور ۲؍ سنچریاں بھی اسکور کیں۔اگرچہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں پر سیمسن صرف ۵؍، صفر اور ایک رن بنا سکے تھے، جس کے بعد مانچسٹر میں دوسرے ٹی۔۲۰؍ میچ سے انہیں باہر کر کے ۱۵؍ سالہ ویبھو سوریہ ونشی کو بین الاقوامی ڈیبیو کا موقع دیا گیا تاہم ذرائع کے مطابق یہی خراب فارم زمبابوے کے دورے سے ان کی عدم شمولیت کی وجہ نہیں بنی۔یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ سلیکٹروں نے فیصلے سے قبل سنجو سیمسن سے کوئی بات کی یا نہیں۔
یہ ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے بعد دوسرا موقع ہے جب ہندوستانی سلیکشن کمیٹی کے فیصلے پر سوالات اٹھے ہیں۔ اس سے قبل سوریہ کمار یادو کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کے لئے ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا، حالانکہ انہی کی قیادت میں ہندوستان نے  دوسری مرتبہ ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ جیتا تھا۔ ان کی جگہ شریاس ایر کو کپتان مقرر کیا گیا، جنہوں نے پنجاب کنگز کی قیادت کرتے ہوئے مسلسل ۲؍ آئی پی ایل سیزن میں متاثر کن کارکردگی پیش کی تھی۔
 
 
زمبابوے کے خلاف ۳؍ میچوں کی ٹی۲۰؍سیریز ۲۳؍، ۲۵؍ اور ۲۶؍ جولائی کو ہرارے میں کھیلی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق اس دورے اور ایشیائی کھیلوں کے دوران وی وی ایس لکشمن ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ ہندوستانی ٹیم کا مستقل کوچنگ اسٹاف اگست میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز اور ستمبر۔اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف وہائٹ بال سیریز کی تیاریوں میں مصروف رہے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK