Updated: August 25, 2026, 9:04 PM IST
| Paris
سعودی عرب اور فرانس نے فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیل سے لبنان کے تمام علاقوں سے انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے درمیان پیرس میں ہونے والے مذاکرات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں غزہ میں پائیدار جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی، ۱۹۶۷ء کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور لبنان سے متعلق اقوامِ متحدہ کی قرارداد ۱۷۰۱؍ پر مکمل عمل درآمد پر زور دیا گیا۔
ایمانوئیل میکرون اور محمد بن سلمان۔ تصویر: آئی این این
سعودی عرب اور فرانس نے فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لبنان کے تمام علاقوں سے انخلا کرے۔ یہ بات سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے فرانس کے سرکاری دورے کے اختتام پر جاری کئے گئے مشترکہ بیان میں کہی گئی۔ یہ بیان پیرس میں محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے درمیان مذاکرات کے بعد جاری کیا گیا۔ دونوں لیڈروں نے سعودی-فرانسیسی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کے پہلے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کی۔ دونوں لیڈروں نے علاقائی استحکام کے حوالے سے ایک مشترکہ نقطۂ نظر پر زور دیا، جس کی بنیاد ریاستی خودمختاری، بین الاقوامی قانون اور سفارتی حل پر ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کانگو : ایبولا کے متاثرین ساڑھے۵۰۰؍ سے متجاوز، پوپ لیو کا عالمی اقدامات پر زور
مشرقِ وسطیٰ میں سفارت کاری
فلسطین کے معاملے پر ریاض اور پیرس نے فلسطینی عوام کے ۱۹۶۷ء کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد ریاست قائم کرنے کے حق کو کمزور کرنے کی کوششوں کو سختی سے مسترد کردیا۔ دونوں ممالک نے اسرائیل کی غیر قانونی آبادکاری کی پالیسی اور آبادکاروں کے تشدد کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔ دونوں ممالک نے غزہ میں پائیدار جنگ بندی کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی پر بھی زور دیا، جبکہ فلسطینی اتھارٹی کی اصلاحات کی حمایت کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے: ایران پر امریکی پابندیوں سے کن ممالک پر اثر پڑیگا؟
لبنان کے حوالے سے سعودی عرب اور فرانس نے حتمی تصفیے کی جانب کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد ۱۷۰۱؍ پر مکمل عمل درآمد، ریاستی اختیار سے باہر مسلح گروہوں کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیل کے لبنان کے تمام علاقوں سے انخلا کا مطالبہ کیا۔ ایران کے معاملے پر دونوں فریقوں نے تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کے ذریعے حل کی ضرورت پر زور دیا اور ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے ساتھ تعاون دوبارہ شروع کرے۔ شام کے حوالے سے دونوں رہنماؤں نے ملک کے استحکام اور معاشی بحالی کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا اور سعودی-شامی-فرانسیسی مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کا خیرمقدم کیا۔