شہرومضافات کے نجی اسکولوں کے انتظامیہ، ہیڈماسٹروں اور سیلف ہیلپ گروپ کے نمائندوں سےایف ڈی اے کی میٹنگ۔
ایف ڈی اے اب پابندی سے اسکولوں کی کینٹین کا بھی معائنہ کرےگا۔ تصویر: آئی این این
ملا وٹی دودھ، پنیر اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء کے علاوہ ہوٹل اور ریسٹورنٹ پر کی جانے والی کارروائیوں کے بعد فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ( ایف ڈی اے) نے اسکول کینٹینوں کا معائنہ کرنے کی مہم شروع کی ہے۔ اس کے تحت شہرومضافات کے پرائیویٹ اسکولوں کے انتظامیہ، ہیڈماسٹروں اور سیلف ہیلپ گروپ کے نمائندوں سےمیٹنگ کی جا رہی ہے تاکہ کینٹینوں سے سپلائی کی جانے والی کھانےپینے کی اشیاء کامعائنہ کیا جاسکے۔
اس دوران ایک نجی اسکول میں طلبہ کوپزا، برگر اور شکر کی زیادہ مقدار والی چیزوں کے سپلائی کئے جانے کی شکایت بھی سامنے آئی ہے جس کے تعلق سے محکمہ تعلیم کا کہناہے کہ ایسی اطلاع ہمارے پاس نہیں آئی ہے۔ اگر ایسی شکایت سامنے آتی ہے تومتعلقہ اسکول کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ایف ڈی اے اب اسکولوں کے کینٹینوں کا معائنہ کرنے کی جانب منتقل ہو گئی ہے۔ ایف ڈی اے ممبئی کے پرائیویٹ اسکولوں میں کینٹینوں اور کچن شیڈوں پر گہری نظر رکھے گا جو طلبہ کو مڈڈے میل فراہم کرتے ہیں ۔ اس سلسلے میں جمعہ کو ممبئی میں مختلف مقامات پر تعلیمی افسران، پرنسپل اور سیلف ہیلپ گروپ کے نمائندوں کے ہمراہ ایف ڈی اے کے افسران کی ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔
ذرائع کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کچھ والدین نے یہ بتایا کہ ممبئی کے مغربی مضافات کے ۲؍ نجی اسکولوں میں پزا، برگر اور چینی کی زیادہ مقدار والی کھانے کی چیزیں طلبہ کو سپلائی کی جاتی ہیں جو موٹاپے کو بڑھاتی ہیں۔ یہ کون سے اسکول ہیں ؟اس کا پتہ نہیں چل سکا ۔
مغربی مضافات کے ایجوکیشن انسپکٹر سنجے جاویر کے مطابق ’’ اگر ایسے اسکول ہیں جہا ں کی کینٹینوں میں اس طرح کی کھانے پینے کی اشیاء مہیا کرائی جا رہی ہیں ، ایسے اسکولوں کے پر ہمیں کارروائی کرنے کا اختیار ہے۔ ہم اسکولوں میں بھی ا س تعلق سے بیداری مہم چلائیں گے۔ ‘‘
واضح رہے کہ ایف ڈی اے نے فوڈ سیفٹی اسٹینڈرڈز ایکٹ ۲۰۲۰ء کے موثر نفاذ کیلئے ایک متحرک عمل شروع کیا ہے۔ ایف ڈی اے کے مطابق اسکول کی سطح پر طلبہ کیلئے خوراک کی حفاظت، حفظان صحت، صحت مند اور متوازن خوراک کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے۔ اس میٹنگ میں ایف ڈی اے کے اسسٹنٹ کمشنر پی آر سنگھرواد نے میٹنگ کے شرکاء کو متنبہ کیا ہےکہ اگر متعلقہ اسکول اور کینٹین والے کھانےپینے کی اشیاء سےمتعلق بنائے گئے ضابطوں پر عمل نہیں کرتے ہیں توان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ممبئی میں ایف ڈی اے کے کمشنر تکارام منڈے کی رہنمائی میں اس بارے میں ایک مہم بھی شروع کی گئی ہے۔
اس سلسلےمیں میونسپل کارپوریشن کے محکمہ پرائیویٹ ایجوکیشن کے ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر نثار خان نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ’’ مغربی مضافات کے ۲؍نجی اسکولوں میں پزا، برگر اور چینی کی زیادہ مقدار والی کھانے کی چیزوں کےسپلائی سے متعلق ایک بات سامنے آئی ہے لیکن ہمارے پاس اس کی باقاعدہ کوئی شکایت نہیں آئی ہے۔ قانونی طور پر اسکولوں میں طلبہ کو ایسی غذائیں نہیں دی جانی چاہئیں جن سے موٹاپا بڑھنے کاامکان ہے۔ اگر اس طرح کی کوئی شکایت موصول ہوتی ہے تو ہم قانونی طور پر اس اسکول کو نوٹس جاری کریں گے۔ ‘‘