Inquilab Logo Happiest Places to Work

سڑک کی تعمیر میں سنگین غفلت، انفلوئنسرپریم بھاٹی کی موت

Updated: June 17, 2026, 4:03 PM IST | Ejaz Abduilghani | Kalyan

تعمیراتی کام کیلئے بکھرے پتھرجان لیوا ثابت ہوئے، پولیس نےٹھیکیداروں کے خلاف کیس درج کرلیا۔

Social Media Influencer Prem Bhati.Photo;INN
سوشل میڈیا انفلوئنسر پریم بھاٹی - تصویر:آئی این این
امبیولی کے موہنے علاقے میں سڑک کی تعمیر میں سنگین غفلت ایک نوجوان ریٖل اسٹار کی موت کا باعث بن گئی۔ معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر پریم بھاٹی کی موٹر سائیکل سڑک پر بلا وجہ بکھری ہوئی بجری (کھڑی/چھوٹے پتھر) سے پھسل گئی جس کے نتیجے میں وہ المناک حادثے کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن گئے۔ پولیس نے جائے وقوع پر حفاظتی اقدامات نہ کرنے اور لاپروائی برتنے کے الزام میں ذمہ دار ٹھیکیداروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
 
 
تفصیلات کے مطابق پریم بھاٹی جو اپنے ویڈیوز کی وجہ سے سوشل میڈیا پر کافی مقبول تھے، حادثے کے دن گھر جارہے تھے۔موہنے کے قریب ان کی  بائیک سڑک پر پڑی بجری سے پھسل کر دور جا گری اس حادثہ میں ان کی جائے وقوع پر ہی موت واقع ہوگئی۔مقامی لوگوں کے مطابق متعلقہ ٹھیکیدار کی جانب سے سڑک پر تعمیراتی کام کے دوران نہ تو انتباہی بورڈ لگائے گئے تھے اور نہ ہی سڑک کو محفوظ بنایا گیا تھا۔ تعمیراتی مواد خاص طور پر بجری کو سڑک پر بکھرا چھوڑ دیا گیا تھا جس کی وجہ سے پریم کی موٹر سائیکل کا توازن بگڑ گیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا گیا اور شہریوں نے سڑکوں کی خستہ حالی اور ٹھیکیداروں کی من مانی کے خلاف آواز اٹھائی۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کھڑک پاڑہ پولیس نے فوری کارروائی کی۔
 
 
پولیس نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد سڑک کی تعمیر کے ٹھیکیدار مہیش بھوئیر اور گنیش پاٹل کے خلاف غفلت برتنے اور انسانی جان کو خطرے میں ڈالنے کی دفعات کے تحت کیس درج کر لیا ہے۔ کھڑک پاڑہ پولیس کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر کے دوران کسی بھی قسم کے حفاظتی اقدمات نہ کرنا، مجرمانہ لاپروائی کے زمرے میں آتا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK