شرد پوار کے ٹویٹ کے بعد فرنویس کی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی۔
EPAPER
Updated: August 15, 2026, 11:55 AM IST | Agency | Pune
شرد پوار کے ٹویٹ کے بعد فرنویس کی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی۔
مرسڈیز، فاکس ویگن اور ہیونڈائی جیسی کمپنیاں کی اکائیاں جس علاقے میں ہوں وہاں لوگ یہی توقع رکھتے ہیں کہ بنیادی سہولیات اعلیٰ درجے کی ہوں گی مگر پونے کے چاکن علاقے میں ایسا نہیں ہے ۔ یہاں سڑک کی خستہ حالی اور ٹریفک کے مسئلے سے پریشان ۲۰؍ چھوٹی بڑی کمپنیوں نے اپنی اکائیاں ستارا ضلع کے کھنڈالہ علاقے میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد سے جہاں انتظامیہ میں کھلبلی مچی ہوئی ہے وہیں سیاسی حلقوں میں بھی اس پر آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ معمر لیڈر اور این سی پی کے بانی شرد پوار نے ٹویٹ کرکے اس معاملے پر تشویش ظاہر کی ہے اور حکومت سے ان کمپنیوں کے مسائل حل کرنے کی اپیل کی ہے۔ جواب میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ٹریفک اور سڑک کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ۳۱؍ اگست تک چاکن کی سڑکیں درست کرنے کا حکم
شرد پوار نے ٹویٹ کیا ہے ’’ چاکن سے ۲۰؍ کمپنیوں کے سڑک، ٹریفک، بجلی اور پانی جیسے مسائل کی وجہ سے کہیں اور منتقل ہونے کا معاملہ انتہائی سنگین ہے۔ ان کمپنیوں میں تقریباً ۲؍ ہزار افراد کام کرتے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے لکھا ہے’’ یہ کمپنیاں کہیں اور منتقل نہ ہوں ، روزگار کے مواقع چاکن میں قائم رہیں اور ریاست کی معیشت مضبوط رہے اس کیلئے حکومت کو چاہئے کہ وہ ان کمپنیوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کرے۔ ‘‘ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے فوری طور پر شرد پوار کے اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا’’چاکن ایم آئی ڈی سی میں کچھ کمپنیوں کا یقینی طور پر مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ وزیر صنعت اودئے سامنت کو اس معاملے پرتوجہ دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہماری کوشش یہی ہوگی کہ ایک بھی کمپنی کو وہاں سے جانے نہ دیا جائے۔ ‘‘ فرنویس نے لکھا ہے ’’ مہاراشٹر صنعتوں کی ہمدرد ریاست ہے ، اسی لئے لگاتار باہر کی کمپنیاں یہاں آ رہی ہیں اور ہم صنعت کے معاملے میں مسلسل نمبر ون کی پوزیشن پر ہیں۔ اور آگے بھی رہیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: اعظم خان کو اُترپردیش کا اگلا وزیر داخلہ بنایا جائیگا : شیو پال یادو
دیویندر فرنویس کے علاوہ نائب وزیر اعلیٰ اور پونے کی نگراں وزیر سونیترا پوار نے بھی اس معاملے میں ٹویٹ کیا اور یقین دلایا کہ چاکن کے صنعتکاروں کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے پونے ضلع کلکٹر، پونے شہرمیونسپل کمشنر اور دیگر حکام سے اس تعلق سے گفتگو ہوئی ہے اور فوری طور پر مسائل کو حل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور اس پر عمل شروع ہو گیا ہے۔