• Thu, 01 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سنگاپور: مگرمچھ کی اے آئی سے بنی جعلی تصویر شیئر کرنے پر پر ایک شخص کو ۱۰ سال تک قید کا سامنا

Updated: October 01, 2026, 12:08 PM IST | Singapore

اے آئی سے بنی مگرمچھ کی تصویر شیئر پر میانمار کے ۳۰ سالہ شہری یہ لن (Ye Lin) پر ۲۹ ستمبر کو غلط پیغام کی ترسیل اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ اس تصویر کے سامنے آنے کے بعد حکام کو پانڈان ریزروائر میں آبی سرگرمیاں معطل کرنا پڑی تھی۔ لن نے ایک مترجم کے ذریعے عدالت کو بتایا کہ وہ وکیل کی خدمات حاصل کئے بغیر اپنے جرم کا اعتراف کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

سنگاپور میں ایک شخص کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے مگرمچھ کی جعلی تصویر بنانے کی پاداش میں ۱۰ سال کی قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔ اے آئی سے بنی مگرمچھ کی تصویر شیئر پر میانمار کے ۳۰ سالہ شہری یہ لن (Ye Lin) پر ۲۹ ستمبر کو غلط پیغام کی ترسیل اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ اس تصویر کے سامنے آنے کے بعد حکام کو پانڈان ریزروائر (Pandan Reservoir) میں آبی سرگرمیاں معطل کرنا پڑی تھی۔ لن نے ایک مترجم کے ذریعے عدالت کو بتایا کہ وہ وکیل کی خدمات حاصل کئے بغیر اپنے جرم کا اعتراف کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: اے آئی ایک ارب اموات کا سبب بننے والے واقعات کو جنم دے سکتی ہے: بل گیٹس

چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ لن نے ۲۰ اگست کو اپنے ایک ساتھی، من من او (Min Min Oo) کو مگرمچھ کی اے آئی سے تیار کردہ یہ تصویر بھیجی تھی۔ اسی دوپہر، قومی آبی ایجنسی پی یو بی (PUB) کو اس تصویر کے ہمراہ مگرمچھ دیکھے جانے کی اطلاع ملی، جس پر حکام نے یہ سمجھا کہ یہ کھارے پانی میں پائے جانے والے مگرمچھ (estuarine crocodile) کی تصویر ہے، جو سنگاپور کے پانیوں میں پائی جانے والی ایک قسم ہے۔ اس کے بعد آبی سرگرمیاں دو دن کیلئے معطل کر دی گئیں، اس دوران پی یو بی اور نیشنل پارکس بورڈ نے تلاشی کی کارروائیاں شروع کیں اور انتباہی بورڈ آویزاں کئے۔ یہ تاحال واضح نہیں ہو سکا کہ تصویر پی یو بی تک کیسے پہنچی، کیونکہ یہ لن نے اسے صرف اپنے ساتھی کو بھیجا تھا۔

۲۱ اگست کو پی یو بی نے تصدیق کی کہ تصویر جعلی تھی اور پولیس میں شکایت درج کرائی؛ جس کے بعد اگلے روز آبی سرگرمیاں دوبارہ بحال کر دی گئیں۔ پولیس نے بتایا کہ یہ لن نے اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے یہ تصویر بنائی تھی اور پھر ۲۱ اگست کو اسے اپنی جیمینائی (Gemini) ایپ کی ہسٹری کے ساتھ ڈیلیٹ کر دیا تھا، یہی حرکت انصاف کی راہ میں رکاوٹ کے الزام کی بنیاد بنی۔ عوامی وسائل کے ضیاع کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس فورس نے کہا کہ ”جھوٹ پھیلانے والے کسی بھی شخص کے خلاف کارروائی کرنے میں پولیس کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گی۔“

یہ بھی پڑھئے: سلامتی کونسل میں اے آئی لیڈران کا انتباہ: دنیا اے آئی پر کنٹرول کھو سکتی ہے

غلط پیغام بھیجنے کے الزام میں لن کو ۳ سال تک قید اور ۱۰۰۰۰ سنگاپوری ڈالر تک کا جرمانہ لگایا جاسکتا ہے جبکہ انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں ۷ سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ یہ لن کو ۵۰۰۰ سنگاپوری ڈالر کے مچلکے پر رہا کیا گیا ہے، ان کی اگلی عدالتی پیشی ۱۰ نومبر کو مقرر کی گئی ہے۔ ٹیک راڈار (TechRadar) نے نشاندہی کی کہ جیمنی سے تیار کردہ تصاویر میں عام طور پر ایک غیر مرئی واٹر مارک ہوتا ہے، اگرچہ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اسے ہٹایا گیا تھا یا اس کی جانچ کی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK