منیش تیواری نے بجلی بل میں ۴؍گنا اضافہ پر سوال اٹھایا،پوچھا کہ کیا وزارت توانائی نے اسمارٹ میٹر کی افادیت کا کوئی سروے کروایا ہے؟
EPAPER
Updated: April 03, 2026, 11:23 AM IST | Mumbai
منیش تیواری نے بجلی بل میں ۴؍گنا اضافہ پر سوال اٹھایا،پوچھا کہ کیا وزارت توانائی نے اسمارٹ میٹر کی افادیت کا کوئی سروے کروایا ہے؟
لوک سبھا میں جمعرات کو اسمارٹ میٹر کے مسئلہ پر اس وقت ماحول تھوڑا گرماتا ہوا دکھائی دیاجب کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ منیش تیواری نے الزام عائد کیا کہ جن علاقوں میں اسمارٹ میٹر نصب کئے گئے ہیں، وہاں بجلی کے بلوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ایوان زیریں سے خطاب کرتے ہوئے منیش تیواری نے کہا کہ خاص طور پر ان علاقوں یا شہروں میں جہاں بجلی کے شعبہ کی نجکاری کی گئی ہے، وہاں صارفین کے بل ۴؍گنا تک بڑھ گئے ہیں جس سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر اسمارٹ میٹر میں ایسا کون سا نظام نصب ہے جو بجلی کے بلوں میں اس قدر اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مالدہ میں۷؍ عدالتی افسران یرغمال، سپریم کورٹ شدید برہم
کانگریس رکن پارلیمنٹ نے اس بات پر شدید تشویش ظاہر کی کہ اسمارٹ میٹر نے بجلی بلوں کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ انہوںنے مودی حکومت سے براہ راست سوال کیا کہ ’’کیا وزارت توانائی یا دیگر کسی بھی متعلقہ وزارت نے اس بات کا کوئی مطالعہ کیا ہے یا کوئی سروے کروایا ہے کہ اسمارٹ میٹر لگنے سے پہلے اور بعد میں بجلی کے بلوں میں کتنا فرق آیا ہے؟‘‘ ان کا کہنا تھا کہ اگر واقعی بلوں میں اس قدر اضافہ ہوا ہے تو اس کے اسباب کا پتہ لگانا نہایت ضروری ہے تاکہ عوام کو راحت فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’آسام میں نفرت کا ماحول، جبکہ اس کی شناخت بھائی چارہ اور یکجہتی سے رہی ہے‘‘
اس معاملہ میں کانگریس کا کہنا ہے کہ اسمارٹ میٹر کا مقصد بجلی کے استعمال میں شفافیت لانا اور صارفین کو درست بل فراہم کرنا تھا، لیکن زمینی سطح پر اس کے برعکس نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ کئی علاقوں میں صارفین کو پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ بل ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔ ایوان میں یہ معاملہ اٹھائے جانے کے بعد حکومت کی جانب سے اس پر کیا ردعمل آتا ہے، اس پر سبھی کی نظریں مرکوز ہیں۔ اس معاملے میں فی الحال حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ ماہرین کا بھی ماننا ہے کہ اسمارٹ میٹر کی کارکردگی اور اس کے اثرات پر ایک جامع تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ حقیقت سامنے آ سکے۔ واضح رہے کہ کئی شہروں میں بجلی کی نجکاری کی وجہ سے سپلائی بہت بہتر ہو گئی ہے اور اب بجلی کی لوڈ شیڈنگ یا بجلی منقطع ہونے کے واقعات شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں لیکن اسمارٹ میٹر لگنے کے بعد بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافہ ہونے کے الزامات بھی لگ رہے ہیں۔ یہ کئی شہروں کا معاملہ ہے۔ اسی لئے کانگریس پارٹی نے یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے واضح طور پر مطالبہ کیا کہ اسمارٹ میٹروں پر اسٹڈی یا سروے کروایا جائے۔