• Thu, 01 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’راجیہ سبھا الیکشن میں ایس پی تیسرا اُمیدوار بھی اتار سکتی ہے‘‘

Updated: October 01, 2026, 12:27 PM IST | Agency | Luckhnow

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کے بیان سے بی جے پی لیڈروں کی نیند حرام،صنعتکار دھن راج ناتھوانی کو راجیہ سبھا امیدوار بنائے جانے پر صفائی بھی پیش کی، کہا: اس سے ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

Samajwadi Party chief Akhilesh Yadav and his associates. Photo: INN
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور ان کے رفقا۔ تصویر: آئی این این

سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے بدھ کو کہا کہ راجیہ سبھا انتخابات میں پارٹی تیسرا امیدوار بھی اتار سکتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے کئی اراکین اسمبلی ان کے رابطے میں ہیں، تاہم پارٹی میں انہیں جگہ دینا مشکل ہوگا۔ پارٹی دفتر میں راجیہ سبھا کے دو سالہ انتخابات کیلئے پارٹی کے دو امیدواروں پروفیسر رام گوپال یادو اور صنعتکار دھن راج  ناتھ وانی کے کاغذات نامزدگی داخل کئے جانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں فیصلے عددی طاقت کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔ جس کے پاس  زیادہ ووٹ ہوں، اسے  زیادہ موقع ملنا چاہئے۔ تیسرے امیدوار کے بارے میں فیصلہ ووٹوں کی تعداد پوری ہونے کے بعد ظاہر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ۲۰۲۴ء کے راجیہ سبھا انتخابات میں پارٹی کے سرکاری امیدوار کو سماجوادی کے اراکین اسمبلی کی کراس ووٹنگ کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس بار انہوں نےاراکین اسمبلی سے اس کا بدلہ لینے کو کہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:سنگاپور: مگرمچھ کی اے آئی سے بنی جعلی تصویر شیئر کرنے پر پر ایک شخص کو ۱۰ سال تک قید کا سامنا

اکھلیش یادو نے دعویٰ کیا کہ اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ نہ ملنے کے خدشے کے باعث بی جے پی کے کئی اراکین اسمبلی ان کے رابطے میں ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ وہ انہیں لے کر زیادہ پُرجوش نہیں ہیں کیونکہ انہیں پارٹی میں جگہ دینا مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کسی سے جھوٹے وعدے کرکے بعد میں انہیں توڑنا نہیں چاہتی۔صنعت کار دھن راج ناتھوانی کو راجیہ سبھا امیدوار بنائے جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پارٹی کے پاس نئی نسل اور نئی سوچ رکھنے والے شخص کو راجیہ سبھا بھیجنے کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی جماعتوں میں صنعت سے وابستہ لوگ ہیں اور متعدد صنعتکار سماج کیلئے کام کرتے ہیں۔ ایس پی کے پاس بھی اب ایک صنعتکار ہے، جو پارٹی کے اقتدار میں آنے پر ریاست میں صنعتوں کی توسیع میں تعاون کرسکتا ہے۔ 

بی جے پی کے نئے دفتر اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے متعلق معاملات پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اتنا بڑا دفتر بنانے کی ضرورت کیوں پڑی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ۲۰۲۲ء کے انتخابات میں الیکشن کمیشن بھی ’ووٹ گھوٹالے‘ میں شامل تھا۔

سنبھل تشدد معاملے میں سپریم کورٹ کی جانب سے۱۰؍ لاکھ روپے جرمانہ عائد کئے جانے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گزشتہ۱۰؍ برسوں میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے اترپردیش پولیس پر بار بار سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے پولیس انکاؤنٹرز کو لے کر بھی الزامات عائد کیے اور کہا کہ ایک غلطی چھپانے کیلئے دوسرا فرضی انکاؤنٹر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ۱۰؍ برسوں میں حکومت کسانوں کو ایک بھی بجلی گھر فراہم نہیں کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار ریاست کے عوام’فرضی یوگی‘ کو اقتدار سے ہٹائیں گے۔  ایک ہزار ارب ڈالر کی معیشت کے ہدف پر انہوں نے کہا کہ ’چڑھاوے اور چوری‘ سے ایک ہزار ارب ڈالر کی معیشت نہیں بن سکتی، اس کیلئے ٹھوس ویژن ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھئے:اسرائیلی اپوزیشن لیڈر کا حکومت پر طیارہ واقعے پر سستی سیاست کا الزام

بی جے پی کے سابق رکن پارلیمان برج بھوشن شرن سنگھ کے اس بیان پر کہ اکھلیش کے ساتھ اترپردیش میں کانگریس کا کوئی مستقبل نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ برج بھوشن شرن سنگھ سے ان کے بہت اچھے تعلقات ہیں اور اترپردیش کی ترقی کے معاملے پر سب متحد ہیں۔سابق آئی اے ایس افسر دیویا متل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب انہیں بھی طے کرنا ہوگا کہ سبز یا سرخ دوپٹہ پہننا ہے۔ انہوں نے دوبارہ کہا کہ اس بار رائے بریلی میں’لودھی بمقابلہ یوگی‘ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ۲۰۲۷ء میں ایس پی کی حکومت بننے پر کسانوں کو مفت آبپاشی، گنے کی ادائیگی۲۴؍ سے۴۸؍ گھنٹے میں اور سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس بار مغربی اترپردیش میں ایس پی کی کارکردگی تاریخی ہوگی۔ انہوں نے چودھری چرن سنگھ اور مہندر سنگھ ٹکیت کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سبز رنگ کسان بھائیوں اور سرخ رنگ سماج وادیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ جب یہ دونوں رنگ ملتے ہیں تو پوری ریاست میں ایس پی کا رنگ دکھائی دے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK